انٹرنیشنل اسلامک آرٹ ڈے
اسپیشل فیچر
تہذیب، ثقافت اور فن کا عظیم سرمایہ
اسلامی فنون مسلم سماج کی پہچان ہیں اور مسلم ثقافتی زندگی کے عکاس ہیں ۔ یہ فنون خواہ خطاطی کی صورت میں ہوں یا مصوری، تعمیرات اورفنون کی دیگر صورتوں میں، یہ حسن، سادگی، توازن، تخلیقی صلاحیت اور روحانیت کا حسین امتزاج ہیں۔ اس عظیم ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سال 18 نومبر کو عالمی یومِ اسلامی فن (International Day of Islamic Art) منایا جاتا ہے۔اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو نے 2019ء میں اپنے 40ویں جنرل کانفرنس کے اجلاس میں 18 نومبر کو عالمی یومِ اسلامی فنون قرار دیا۔ اس دن کے انعقاد کا مقصد اسلامی فنون کی تاریخی اور جدید شکلوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا، اسلامی تہذیب کے ثقافتی کردار کو تسلیم کرنا اور مختلف قوموں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ اس دن کی تجویز مملکت بحرین کی جانب سے پیش کی گئی تھی جسے یونیسکو نے منظور کیا۔
اسلامی فن کا مفہوم اور اہمیت
اسلامی فن سے مراد وہ فنون اور تخلیقی سرگرمیاں ہیں جو اسلامی تہذیب، معاشرت، تاریخ اور ثقافتی روایات کے زیرِ اثر پروان چڑھے۔ اس میں خطاطی، فنِ تعمیر، مصوری، ظروف سازی، قالین بافی، دھاتی نقش و نگار، لکڑی کا کام، سنگ تراشی اور جیومیٹریکل ڈیزائن سمیت بے شمار شعبے شامل ہیں۔اسلامی فن کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا حسن اور توازن ہے۔ اس میں قدرتی اشکال، پھولوں، بیل بوٹوں، ستاروں، دائروں اور مختلف جیومیٹری کے نمونوں کو نہایت خوبصورتی سے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان ڈیزائنوں میں ترتیب، تسلسل اور ہم آہنگی نمایاں ہوتی ہے۔ اسلامی فن کا ایک اہم مقصد انسانی ذہن کو حسن، غوروفکر اور تخلیقی صلاحیتوں کی طرف متوجہ کرنا بھی ہے۔
خطاطی: اسلامی فن کا روشن باب
اسلامی فنون میں خطاطی کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ خطِ کوفی، خطِ نسخ، خطِ ثلث، خطِ نستعلیق اور خطِ دیوانی اسلامی خطاطی کی مشہور اقسام ہیں۔مساجد، تاریخی عمارتوں، کتب خانوں اور مخطوطات میں خطاطی کے خوبصورت نمونے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ برصغیر پاک و ہند میں خطِ نستعلیق نے اردو زبان کی خوبصورتی اور ادبی شناخت کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسلامی فنِ تعمیر: عظمت اور خوبصورتی کی علامت
اسلامی فنِ تعمیر دنیا بھر میں اپنی انفرادیت کے باعث مشہور ہے۔ مساجد کے بلند مینار، خوبصورت گنبد، وسیع صحن، محرابیں، نقش و نگار اور رنگین ٹائلوں کا استعمال اسلامی تعمیرات کی نمایاں خصوصیات ہیں۔دنیا میں مسجد الحرام، مسجد نبوی، مسجدِ قرطبہ، تاج محل، مسجدِ شیخ لطف اللہ اور استنبول کی نیلی مسجد اسلامی فنِ تعمیر کے شاندار نمونے ہیں۔اس طرح لاہور کی بادشاہی مسجد، مسجد وزیر خاں، شاہی قلعہ، مقبرہ جہانگیر اور فیصل مسجد اسلام آباد اسلامی فنِ تعمیر سے وابستہ عظیم روایات کی نمائندگی کرتے ہیں۔
جیومیٹری اور آرائشی نمونے
اسلامی فن کی ایک منفرد پہچان جیومیٹریکل ڈیزائن ہیں۔ دائرے، مربع، ستارے، کثیرالاضلاع اور پیچیدہ نمونوں کو اس انداز سے ترتیب دیا جاتا ہے کہ ایک خوبصورت اور متوازن منظر سامنے آتا ہے۔ان نمونوں میں ریاضی اور فن کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔ اسلامی فنکاروں نے محدود اشکال کے ذریعے بے شمار نئے ڈیزائن تخلیق کیے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی آرٹ آج بھی دنیا کے آرکیٹیکٹس، ڈیزائنرز اور فنکاروں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔
پاکستان اور اسلامی فن کا ورثہ
پاکستان اسلامی فنون اور ثقافت کے حوالے سے نہایت زرخیز سرزمین ہے۔ یہاں مغلیہ دور کی عمارتیں، صوفیاکے مزارات، تاریخی مساجد، خطاطی کے نمونے اور روایتی فنون اسلامی تہذیب کی خوبصورت عکاسی کرتے ہیں۔لاہور کو اس حوالے سے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ بادشاہی مسجد اور مسجد وزیر خان کے علاوہ لاہور کے تاریخی مقامات پر موجود نقش و نگار، خطاطی اور ٹائلوں کا کام فنکاروں کی غیر معمولی مہارت کا ثبوت ہے۔اسی طرح ملتان کے مزارات پر نیلی اور فیروزی ٹائلوں کا کام ہمارے وسیع ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔
جدید دور میں اسلامی فن کے تقاضے
آج کے ڈیجیٹل دور میں اسلامی فنون کو فروغ دینے کے لیے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ ڈیجیٹل خطاطی، گرافک ڈیزائن، جدید فنِ تعمیر، آن لائن نمائشوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے اسلامی فن کو دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے۔تاہم اس عظیم ورثے کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تاریخی عمارتوں، قدیم مخطوطات، روایتی دستکاری اور فنکاروں کی مہارت کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔ تعلیمی اداروں میں اسلامی فنون سے متعلق سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے اور نوجوان نسل کو اس شعبے میں تخلیقی کام کرنے کی ترغیب دی جائے۔پاکستان میں متعلقہ سرکاری اداروں، جامعات، عجائب گھروں اور ثقافتی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ اسلامی فن کے فروغ کے لیے نمائشوں، سیمینارز، ورکشاپس اور مقابلوں کا اہتمام کریں۔ اس سے نہ صرف نئی نسل اپنے تاریخی ورثے سے واقف ہوگی بلکہ مقامی فنکاروں کو بھی اپنی صلاحیتیں دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ عالمی یومِ اسلامی فن تاریخ، تہذیب اور ثقافتی شناخت کو سمجھنے اور محفوظ بنانے کا ایک اہم موقع ہے۔ اسلامی فن نے صدیوں تک دنیا کو حسن، تخلیق، علم اور فنِ تعمیر کے انمول نمونے عطا کیے ہیں۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس عظیم ورثے کی حفاظت کریں، اسے نئی نسل تک منتقل کریں اور جدید تقاضوں کے مطابق اس کی ترقی کے لیے کردار ادا کریں۔