بلغاری پنک
اسپیشل فیچر
گلابی ہیروں کی دنیا کا '' مونا لیزا‘‘
قدرت نے زمین کی تہہ میں ایسے بیش قیمت خزانے چھپا رکھے ہیں جن کی نایابی اور غیر معمولی خوبصورتی انہیں دنیا بھر میں منفرد مقام عطا کرتی ہے۔ قیمتی ہیروں کی دنیا میں گلابی ہیرے اپنی دلکش رنگت، نایاب دستیابی اور حیرت انگیز قیمت کے باعث خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ حال ہی میں 24 قیراط وزنی گلابی ہیرا ''بلغاری پنک‘‘ ایک کروڑ 46 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تو اس نے جواہرات کی دنیا میں ایک بار پھر تہلکہ مچا دیا۔ ماہرین نے اسے گلابی ہیروں کی مونا لیزا قرار دیا ہے۔ یہ غیر معمولی فروخت نہ صرف اس ہیرے کی منفرد خوبصورتی اور نایابی کا اعتراف ہے بلکہ قدرت کے تخلیق کردہ ان نادر شاہکاروں کی قدروقیمت کا بھی مظہر ہے، جو صدیوں تک انسانی تجسس اور حیرت کا مرکز بنے رہتے ہیں۔
اس ہیرا کی نایابی اور غیر معمولی شفافیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے ''گلابی ہیروں کی مونا لیزا‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ 24قیراط وزنی کا یہ قیمتی ہیرا، جسے ''بلغاری پنک‘‘ کا نام دیا گیا ہے، نیلامی میں ایک کروڑ 8 لاکھ پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔
یہ ہیرا گزشتہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ایک ہی نجی خاندان کا حصہ رہا۔ اسے بھارت کی گولکنڈہ کانوں سے حاصل کیا گیا تھا۔ یہ کانیں تاریخ کے کئی مشہور ہیروں کا سرچشمہ رہی ہیں، جن میں کوہِ نور بھی شامل ہے۔
بلغاری پنک ''ٹائپ ٹو اے‘‘ ہیروں کی نایاب قسم سے تعلق رکھتا ہے۔ اس نوعیت کے ہیروں میں نائٹروجن یا بوران کی قابلِ پیمائش آمیزش موجود نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے ان کی خالص ساخت انہیں غیر معمولی بناتی ہے۔ گلابی ہیرے اپنی منفرد رنگت کے باعث بھی دنیا بھر میں انتہائی مطلوب ہیں۔
فروخت کنندہ کے پردادا اور پردادی نے 1950ء کی دہائی میں یہ ہیرا خریدا تھا۔ بعد ازاں اسے روم میں معروف زیورات ساز ادارے بلغاری کے پاس لے جایا گیا، جو اس وقت دنیا کے ممتاز زیورات ساز اداروں میں اپنی شناخت بنا رہا تھا۔ بلغاری نے اس ہیرے کو جواہرات کی ایک منفرد تخلیق میں ڈھالنے کیلئے تراشا اور جڑا۔
جنیوا میں کرسٹیز نیلام گھر کی نیلامی سے قبل ادارے کے عالمی سربراہ برائے جواہرات میکس فاوسٹ نے اس ہیرے کو ''گلابی ہیروں کی مونا لیزا‘‘ قرار دیا۔
امریکا کے جیمولوجیکل انسٹی ٹیوٹ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر وُوئی وانگ نے کہا کہ گلابی ہیرے اپنی ذات میں نایاب ہوتے ہیں، لیکن اس قدر بڑے حجم اور اعلیٰ معیار کا ہیرا جواہرات کی دنیا میں انتہائی غیر معمولی ہے۔ ان کے مطابق، ادارے نے قدرتی گلابی ہیروں کے جن نمونوں کا جائزہ لیا ہے، ان میں سے بیشتر کا وزن ایک قیراط سے بھی کم تھا۔ اس کے برعکس بلغاری پنک کا وزن پورے 24 قیراط ہے۔ اس کا رنگ ''فینسی انٹینس پنک‘‘ (انتہائی گہرا اور شوخ گلابی) جبکہ شفافیت کا معیار VVS2 ہے، جو ہیروں کی اعلیٰ ترین صفائی کے درجات میں شمار ہوتا ہے۔
کرسٹیز نیلام گھر کے مطابق یہ ہیرا اپنی خام شکل میں 1950ء کی دہائی میں بھارت کی مشہور گولکنڈہ کانوں سے حاصل کیا گیا تھا، جس کے بعد بلغاری نے اسے تراش خراش اور تزئین و آرائش کے ذریعے ایک نادر شاہکار میں تبدیل کر دیا۔ اس زمانے میں روم کا معروف زیورات ساز ادارہ بلغاری دنیا کے انتہائی نفیس ذوق رکھنے والے شائقین اور قیمتی جواہرات کے خریداروں کی توجہ کا مرکز بن رہا تھا۔ اس لیے اتنے نایاب ہیرے کیلئے بلغاری کا انتخاب ایک فطری فیصلہ تھا۔1950ء کی دہائی وہ دور تھا جب دوسری عالمی جنگ کے بعد روم عالمی فیشن، تہذیب اور پرتعیش طرزِ زندگی کے مرکز کے طور پر ابھر رہا تھا۔
بلغاری پنک کو ہیروں کی درجہ بندی میں ''فینسی انٹینس پنک‘‘ (Fancy Intense Pink) کا درجہ حاصل ہے، جو گلابی ہیروں کی انتہائی پسندیدہ اور قیمتی رنگتوں میں شمار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر وُوئی وانگ کے مطابق، اس ہیرے کی منفرد گلابی رنگت قدرتی ہیروں میں پائے جانے والے ''نائٹروجن ویکینسی سینٹرز‘‘ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ یہ ایک غیر معمولی خصوصیت ہے جو قدرتی گلابی ہیروں کو دیگر ہیروں سے ممتاز کرتی ہے۔ اس ہیرے کی تراش خراش کا انداز بھی اسے منفرد بناتا ہے۔ اسے زمردی تراش (ایمرلڈ کٹ) دی گئی ہے، جس کے چوڑے اور کھلے رخ ہیرے کی اندرونی خصوصیات کو چھپانے کے بجائے نمایاں کرتے ہیں۔
یہ قدرت کی اس غیر معمولی صلاحیت کا دلکش نمونہ ہے، جس کے ذریعے وہ حیرت انگیز تخلیقات وجود میں لاتی ہے۔توقع تھی کہ یہ ہیرا ایک کروڑ سے ڈیڑھ کروڑ سوئس فرانک (تقریباً 88 لاکھ سے ایک کروڑ 33 لاکھ پاؤنڈ) میں فروخت ہوگا۔ بالآخر اس کی فروخت متوقع قیمت کی حد کے عین وسط میں ہوئی۔
یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کچھ عرصہ قبل افریقی ملک بوٹسوانا میں ایک نایاب گلابی اور بے رنگ ہیرا دریافت ہوا، جس کا وزن 37.4 قیراط ہے۔ اس ہیرے کی لمبائی تقریباً ایک انچ ہے اور اس میں گہرے گلابی اور بے رنگ حصوں کے درمیان واضح اور تیز حدِ فاصل دکھائی دیتی ہے۔