طنز و مزاح:بیمار کی باتیں!

طنز و مزاح:بیمار کی باتیں!

اسپیشل فیچر

تحریر : ابراہیم جلیس


''تندرستی ہزار نعمت ہے‘‘۔یہ کہاوت پہلے محض کہاوت تھی لیکن اس میں ایک مصرعے کا اضافہ کر کے سالک نے اسے ایک مکمل شعر بنا دیا ہے۔
تنگدستی اگر نہ ہو سالک
تندرستی ہزار نعمت ہے
گویا پرانے زمانے کے لوگوں میں یہ خیال عام تھا لیکن سالک نے اپنے ذاتی تجربے اور دوسرے غریب مگر تنگ دست لوگوں کی حالت زار کا مشاہدہ کرکے یہ فیصلہ دیا کہ ''تندرستی تو ہزار نعمت ہے بشرطیکہ تندرست آدمی تنگدست نہ ہو‘‘۔
آدمی تندرست ہونے کے علاوہ تنگ دست بھی ہو تو وہ زیادہ عرصے تک تندرست نہیں رہ سکتا۔ تنگدستی کے باعث وہ خالص گھی اور خالص دودھ نہیں خرید سکتا، ایسی قیمتی غذائیں نہیں کھا سکتا جن میں وٹامن اور غذائیت کے دیگر ضروری اجزا ہوں۔ تنگدستی کے باعث روٹی کے بعد فروٹ نہیں کھا سکتا۔ جب فروٹ نہیں کھا سکتا تو خون بھی نہیں بنتا۔ جب خون نہیں بنتا تو تندرست کیسے رہ سکتا ہے۔
تندرست آدمی کو بھوک بہت لگتی ہے۔ ایک تندرست آدمی بیک وقت دو آدمیوں کی غذا کھا سکتاہے لیکن تنگدستی کے باعث وہ ایک آدمی کی بھی پیٹ بھرغذا نہیں کھاسکتا تو دُبلا ہونے لگتا ہے۔ ہڈے موترے نکالنے لگتا ہے۔
تنگ دست آدمی کو چوبیس گھنٹے روپے اور روٹی کی فکر لگی رہتی ہے یا لگا رہتا ہے۔فکر مذکر ہے یا مونث؟ فکر کو بعض لوگ مذکر کہتے ہیں اور بعض لوگ مونث۔ لیکن میری رائے میں اگر فکر زیادہ ہو تو ''فکر‘‘ مذکر ہے یعنی آدمی کو فکر لگا رہتاہے مگر اگر فکر کم ہے تو مونث ہے یعنی آدمی کو فکر لگی رہتی ہے۔
خیر بہرحال اگر آدمی کو پیٹ بھر روٹی بھی ملتی ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ فکر لگی ہوئی یا لگا ہوا ہے تو آدمی اسی طرح دبلا ہونے لگتا ہے جس طرح سائیکل کے ٹیوب یا فٹ بال کے بلیڈر میں بڑا ننھا سا پنکچر ہوجائے اور آہستہ آہستہ ہوا نکلنے لگے۔
تندرست آدمی فکرمند اور تنگدست ہوجائے تو دیکھتے ہی دیکھتے اس کا گوشت اندر اور ہڈیاں باہر نکل آتی ہیں اور لوگ مذاق اڑاتے ہیں۔وہ دیکھو مچھّر پہلوان،وہ دیکھو پّدی پہلوان۔
میرا ذاتی تجربہ تو کہتا ہے کہ تندرستی نہ ورزش میں ہے نہ آب و ہوا میں، تندرستی اگر ہے تو صرف پیسے میں ہے۔ صرف پیسہ ہو تو آدمی آب و ہوا خرید سکتاہے، یعنی کراچی کو چھوڑکر راولپنڈی میں آباد ہو سکتا ہے، سوئٹزر لینڈ میں رہ سکتا ہے۔ بھینس خرید سکتا ہے، خالص دودھ پی سکتا ہے، خالص گھی کھا سکتا ہے، مرغی کا سوپ پی سکتا ہے، انڈے کھا سکتا ہے، جب چاہے وٹامن کی گولیاں پھانک سکتا ہے، روٹی کے بعد فروٹ کھا سکتا ہے۔ بیمار ہو تو فوراً علاج کروا کر تندرست ہوسکتاہے، اِسی لئے تو سالک نے کہا:
تنگدستی اگر نہ ہو سالک
تندرستی ہزار نعمت ہے
لیکن اس کے برعکس آدمی تنگدست ہو اور وہ تندرست ہونے کیلئے خوب ڈنڈ پیلے اور بیٹھکیں نکالے تو اس کا جسم کچھ عرصے کیلئے بن جائے گا لیکن ڈنڈ بیٹھکوں کی وجہ سے اسے خوب کھُل کر بھوک لگے گی اور کھانے میں اسے سوکھی روٹی اور مسور کی دال ملے گی تو چند دنوں میں ڈنڈ پیلتے پیلتے یا بیٹھکیں نکالتے نکالتے بے ہوش ہو جائیگا۔
تنگدستی کے ساتھ ساتھ تندرستی کے اور بھی بڑے نقصانات ہیں۔ تندرست آدمی کو نیند بڑی گہری آتی ہے اور چور اس کی گہری نیند سے جائز ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں اور اس کا گھر لوٹ کر لے جاتے ہیں۔ چور تنگدست کے گھر اس لئے چوری کرتے ہیں کہ تنگدست کے گھر دولت مند آدمی کے گھر کی طرح پہرے پر نہ چوکیدار ہوتا ہے اور نہ کُتا۔
تنگدست تندرست جب کسی بس یا ٹرام یا ریل میں اپنی سیٹ پر آرام سے بیٹھتا ہے تو لوگ اسے ڈانٹتے ہیں ''کمبخت ہٹا کٹا آدمی اس طرح آرام سے بیٹھا ہے اور بوڑھے، ضعیف، دُبلے، بیمار یوں کھڑے ہیں، اٹھ اپنی سیٹ سے‘‘۔
تنگدست تندرست تنگدستی کے باعث اچھے کپڑے نہیں پہن سکتاتو پولیس یہ سمجھتی ہے ''تنگدستی میں یہ آدمی اتنا موٹا تازہ کیسے ہے؟ یہ ضرور کوئی غنڈہ ہے‘‘۔ چنانچہ پولیس تنگدست کو غنڈہ ایکٹ میں پکڑ لیتی ہے اور اگر شومئی قسمت سے بیچارے کی والدہ بیوہ ہو تو دنیا والے الگ انگلی اٹھاتے ہیں۔
تنگدست تندرست کا مالک اس کا جتنا کام لیتا ہے، اتنا دوسرے مریل ملازمین سے نہیں لیتا۔ وہ ہمیشہ تنگ دست تندرست سے یہی کہے گا : ''ماشاء اللہ اتنے ہٹّے کٹّے ہو، چلو تم ہی یہ کام کردو، وہ دوسرا تو مریل ٹٹّو ہے‘‘۔
سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ تندرست تنگدست بڑا کثیرالعیال ہوتا ہے۔غیرملکی باشندوں کو عام طورپر یہ شکایت ہے کہ پاکستان کے باشندے تندرست نہیں ہوتے۔ پاکستانی باشندے بھلا تندرست کیسے ہوسکتے ہیں؟
(1)۔ راشن کارڈ پر روٹی کھاتے ہیں۔
(2)۔ پانی ملا دودھ یا دودھ ملا پانی پیتے ہیں۔
(3)۔ پنجاب کا خالص گھی کھانے کے بجائے خالص پنجاب کا گھی کھاتے ہیں یعنی پنجاب کا نام تو خالص ہوتا ہے مگر گھی خالص نہیں ہوتا۔
(4)۔ کسی دعوت میں فروٹ کھائیں تو کھائیں لیکن اپنے پلّے سے کبھی فروٹ نہیں کھا سکتے۔
(5)۔ وہ چاہے پیٹ بھر کر بھی کھانا کھا لیں لیکن تفکّرات انہیں کھاتے رہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
بلغاری پنک

بلغاری پنک

گلابی ہیروں کی دنیا کا '' مونا لیزا‘‘قدرت نے زمین کی تہہ میں ایسے بیش قیمت خزانے چھپا رکھے ہیں جن کی نایابی اور غیر معمولی خوبصورتی انہیں دنیا بھر میں منفرد مقام عطا کرتی ہے۔ قیمتی ہیروں کی دنیا میں گلابی ہیرے اپنی دلکش رنگت، نایاب دستیابی اور حیرت انگیز قیمت کے باعث خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ حال ہی میں 24 قیراط وزنی گلابی ہیرا ''بلغاری پنک‘‘ ایک کروڑ 46 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تو اس نے جواہرات کی دنیا میں ایک بار پھر تہلکہ مچا دیا۔ ماہرین نے اسے گلابی ہیروں کی مونا لیزا قرار دیا ہے۔ یہ غیر معمولی فروخت نہ صرف اس ہیرے کی منفرد خوبصورتی اور نایابی کا اعتراف ہے بلکہ قدرت کے تخلیق کردہ ان نادر شاہکاروں کی قدروقیمت کا بھی مظہر ہے، جو صدیوں تک انسانی تجسس اور حیرت کا مرکز بنے رہتے ہیں۔اس ہیرا کی نایابی اور غیر معمولی شفافیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے ''گلابی ہیروں کی مونا لیزا‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ 24قیراط وزنی کا یہ قیمتی ہیرا، جسے ''بلغاری پنک‘‘ کا نام دیا گیا ہے، نیلامی میں ایک کروڑ 8 لاکھ پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔یہ ہیرا گزشتہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ایک ہی نجی خاندان کا حصہ رہا۔ اسے بھارت کی گولکنڈہ کانوں سے حاصل کیا گیا تھا۔ یہ کانیں تاریخ کے کئی مشہور ہیروں کا سرچشمہ رہی ہیں، جن میں کوہِ نور بھی شامل ہے۔بلغاری پنک ''ٹائپ ٹو اے‘‘ ہیروں کی نایاب قسم سے تعلق رکھتا ہے۔ اس نوعیت کے ہیروں میں نائٹروجن یا بوران کی قابلِ پیمائش آمیزش موجود نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے ان کی خالص ساخت انہیں غیر معمولی بناتی ہے۔ گلابی ہیرے اپنی منفرد رنگت کے باعث بھی دنیا بھر میں انتہائی مطلوب ہیں۔فروخت کنندہ کے پردادا اور پردادی نے 1950ء کی دہائی میں یہ ہیرا خریدا تھا۔ بعد ازاں اسے روم میں معروف زیورات ساز ادارے بلغاری کے پاس لے جایا گیا، جو اس وقت دنیا کے ممتاز زیورات ساز اداروں میں اپنی شناخت بنا رہا تھا۔ بلغاری نے اس ہیرے کو جواہرات کی ایک منفرد تخلیق میں ڈھالنے کیلئے تراشا اور جڑا۔جنیوا میں کرسٹیز نیلام گھر کی نیلامی سے قبل ادارے کے عالمی سربراہ برائے جواہرات میکس فاوسٹ نے اس ہیرے کو ''گلابی ہیروں کی مونا لیزا‘‘ قرار دیا۔امریکا کے جیمولوجیکل انسٹی ٹیوٹ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر وُوئی وانگ نے کہا کہ گلابی ہیرے اپنی ذات میں نایاب ہوتے ہیں، لیکن اس قدر بڑے حجم اور اعلیٰ معیار کا ہیرا جواہرات کی دنیا میں انتہائی غیر معمولی ہے۔ ان کے مطابق، ادارے نے قدرتی گلابی ہیروں کے جن نمونوں کا جائزہ لیا ہے، ان میں سے بیشتر کا وزن ایک قیراط سے بھی کم تھا۔ اس کے برعکس بلغاری پنک کا وزن پورے 24 قیراط ہے۔ اس کا رنگ ''فینسی انٹینس پنک‘‘ (انتہائی گہرا اور شوخ گلابی) جبکہ شفافیت کا معیار VVS2 ہے، جو ہیروں کی اعلیٰ ترین صفائی کے درجات میں شمار ہوتا ہے۔کرسٹیز نیلام گھر کے مطابق یہ ہیرا اپنی خام شکل میں 1950ء کی دہائی میں بھارت کی مشہور گولکنڈہ کانوں سے حاصل کیا گیا تھا، جس کے بعد بلغاری نے اسے تراش خراش اور تزئین و آرائش کے ذریعے ایک نادر شاہکار میں تبدیل کر دیا۔ اس زمانے میں روم کا معروف زیورات ساز ادارہ بلغاری دنیا کے انتہائی نفیس ذوق رکھنے والے شائقین اور قیمتی جواہرات کے خریداروں کی توجہ کا مرکز بن رہا تھا۔ اس لیے اتنے نایاب ہیرے کیلئے بلغاری کا انتخاب ایک فطری فیصلہ تھا۔1950ء کی دہائی وہ دور تھا جب دوسری عالمی جنگ کے بعد روم عالمی فیشن، تہذیب اور پرتعیش طرزِ زندگی کے مرکز کے طور پر ابھر رہا تھا۔ بلغاری پنک کو ہیروں کی درجہ بندی میں ''فینسی انٹینس پنک‘‘ (Fancy Intense Pink) کا درجہ حاصل ہے، جو گلابی ہیروں کی انتہائی پسندیدہ اور قیمتی رنگتوں میں شمار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر وُوئی وانگ کے مطابق، اس ہیرے کی منفرد گلابی رنگت قدرتی ہیروں میں پائے جانے والے ''نائٹروجن ویکینسی سینٹرز‘‘ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ یہ ایک غیر معمولی خصوصیت ہے جو قدرتی گلابی ہیروں کو دیگر ہیروں سے ممتاز کرتی ہے۔ اس ہیرے کی تراش خراش کا انداز بھی اسے منفرد بناتا ہے۔ اسے زمردی تراش (ایمرلڈ کٹ) دی گئی ہے، جس کے چوڑے اور کھلے رخ ہیرے کی اندرونی خصوصیات کو چھپانے کے بجائے نمایاں کرتے ہیں۔ یہ قدرت کی اس غیر معمولی صلاحیت کا دلکش نمونہ ہے، جس کے ذریعے وہ حیرت انگیز تخلیقات وجود میں لاتی ہے۔توقع تھی کہ یہ ہیرا ایک کروڑ سے ڈیڑھ کروڑ سوئس فرانک (تقریباً 88 لاکھ سے ایک کروڑ 33 لاکھ پاؤنڈ) میں فروخت ہوگا۔ بالآخر اس کی فروخت متوقع قیمت کی حد کے عین وسط میں ہوئی۔یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کچھ عرصہ قبل افریقی ملک بوٹسوانا میں ایک نایاب گلابی اور بے رنگ ہیرا دریافت ہوا، جس کا وزن 37.4 قیراط ہے۔ اس ہیرے کی لمبائی تقریباً ایک انچ ہے اور اس میں گہرے گلابی اور بے رنگ حصوں کے درمیان واضح اور تیز حدِ فاصل دکھائی دیتی ہے۔

جنگفرو ریلوے : برف پوش دنیا کا عجوبہ

جنگفرو ریلوے : برف پوش دنیا کا عجوبہ

سوئٹزر لینڈ کا نام آتے ہی ذہن میں برف سے ڈھکے بلندوبالا پہاڑ، سبزہ زار وادیاں، چاکلیٹ اور دنیا کا بہترین ریلوے نظام گھومنے لگتا ہے۔ لیکن ان تمام دلکش مناظر کے درمیان ایک ایسا مقام بھی ہے جو اپنی ہیبت، خوبصورتی اور اس کی تعمیر کے پیچھے چھپی انسانی قربانیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ جنگفرو ریلوے تاریخ، انجینئرنگ کے کمال اور قدرت کے اٹل قوانین کے خلاف انسان کی عظیم فتح کا نام ہے۔ سطح سمندر سے 3454 میٹر یا 11,332 فٹ کی بلندی پر واقع جنگفرایوج یورپ کا بلند ترین ریلوے اسٹیشن ہے، جسے بجا طور پر یورپ کی چھت کہا جاتا ہے۔ یہ ایسے ہلاکت خیز اور خطرناک پہاڑ سے گزرتی ہے جہاں قدم رکھنا بھی صدیوں پہلے تک ناممکن سمجھا جاتا تھا۔انیسویں صدی کے آخر میں جب یورپ میں صنعتی انقلاب اپنے عروج پر تھا تو سوئٹزرلینڈ کے پرعزم تاجر اڈولف گائرر کے دل میں انوکھا خیال آیا۔ انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ سوئس الپس کے بلند ترین پہاڑوں جن میں آئگر، مونش اور جنگفراؤ شامل ہیں پر ایک ایسی ریلوے بنائی جائے جو عام سیاحوں کو بھی برفانی چوٹیوں کے قلب تک لے جائے۔اس وقت کے ماہرین تعمیرات نے اسے دیوانے کا خواب قرار دیا اور کہا کہ یہ پراجیکٹ ناممکن اور خودکشی کے مترادف ہے۔ پہاڑوں کی انتہائی سردی، تیز برفانی طوفان، آکسیجن کی کمی اور چٹانوں کے اندر کام کرنے کے خطرات اتنے بڑے تھے کہ عقل دنگ رہ جاتی تھی۔ اس کے باوجود گائرر نے ہمت نہ ہاری اور 1896ء میں اس ناممکن پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ جنگفرو ریلوے کی تعمیر کا عمل انسانی المیے سے کم نہیں تھا۔ اس ریلوے کی سب سے بڑی انفرادیت یہ ہے کہ اس کا بڑا حصہ کھلے آسمان کے نیچے نہیں بلکہ پہاڑوں کے اندر تراشی گئی سرنگوں سے ہو کر گزرتا ہے۔ اس خوفناک پہاڑی سلسلے میں آٹھ کلومیٹر طویل سرنگ بنانا اس دور کی ٹیکنالوجی کے لحاظ سے معجزہ تھا۔ کارکنوں کو منفی درجہ حرارت، شدید برف باری اور ہڈیوں کو جما دینے والی سردی میں کام کرنا پڑتا تھا۔ اتنی زیادہ بلندی پر آکسیجن کی سطح کم ہونے کی وجہ سے سانس لینا محال ہو جاتا تھا، جس سے جسمانی تھکن اور بیماریاں عام تھیں۔ چٹانوں کو اڑانے کیلئے ڈائنامائٹ کا استعمال کیا جاتا تھا۔ کئی بار اچانک چٹانیں گرنے، برفانی تودے کھسکنے اور دھماکوں کے دوران پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں درجنوں مزدور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔یہ پراجیکٹ 16سال میں مکمل ہوا۔ اس طویل عرصے میں بیسیوں مزدوروں نے اس راستے کی تعمیر میں اپنی جانیں قربان کیں۔ زیادہ تر مزدور اٹلی سے آئے غریب طبقے کے لوگ تھے، جن کی قربانیوں کی یاد میں آج بھی وہاں شواہد موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جنگفرو ریلوے کو ہلاکت خیز پہاڑ سے گزرنے والی تاریخ کا خونچکاں باب کہا جاتا ہے۔آج جب کوئی سیاح انٹرلاکن یا گرائنڈل والڈ سے اس سفر کا آغاز کرتا ہے تو وہ زمین کی جنت سے نکل کر آسمانوں کی وسعتوں میں داخل ہو رہا ہوتا ہے۔ ٹرین آہستہ آہستہ سرسبز وادیوں کو چھوڑ کر برف کی سفید چادر اوڑھے پہاڑوں کی طرف بڑھتی ہے۔ آئگر گلوبند اور آئگرسوانڈ اسٹیشن سے ٹرین جب پہاڑ کے اندر سرنگ سے گزرتی ہے تو راستے میں شیشے کی کھڑکیاں بنائی گئی ہیں جہاں ٹرین چند منٹ کیلئے رکتی ہے۔ مسافر یہاں باہر جھانک کر دیکھتے ہیں تو نیچے گہری کھائیاں، گلیشیئرز کا سمندر اور بادلوں کے ٹکڑے دکھائی دیتے ہیں۔ یہاں کھڑے ہو کر انسان کو قدرت کی ہیبت اور اپنی بے بسی کا اندازہ ہوتا ہے۔ پہاڑ کے اندر بنائی گئی یہ سرنگ اس دور کی انجینئرنگ کا شاہکار ہے۔ ٹرین برقی نظام پر چلتی ہے جو اس زمانے میں بھی ماحول دوست اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی ایک بہترین مثال تھی۔ جب ٹرین آخری منزل پر پہنچتی ہے تو مسافر ایسی دنیا میں قدم رکھتے ہیں جو سال کے بارہ مہینے برف سے ڈھکی رہتی ہے۔یہ ریلوے اسٹیشن اپنے آپ میں سیاحتی کمپلیکس ہے۔ یہاں پہنچنے والے سیاحوں کیلئے تین مقامات خصوصی کشش رکھتے ہیں۔ اسفنکس آبزرویٹری جو سائنسی رصد گاہ ہے جو بلند ترین چوٹی پر واقع ہے۔ یہاں ایک لفٹ کے ذریعے پہنچا جاتا ہے جہاں سے چاروں طرف الپس کے پہاڑوں اور دنیا کے سب سے بڑے الیش گلیشیئر کا 360 ڈگری نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ آئس محل گلیشیئر کے اندر برف کو تراش کر بنائے گئے یہ غار اور سرنگیں کسی جادوئی دنیا کا منظر پیش کرتے ہیں۔ یہاں برف کے تراشے ہوئے مجسمے رکھے گئے ہیں۔ الپائن سینسیشن ایک ٹنل ہے جو جنگفرو ریلوے کی تاریخ اور اس کی تعمیر میں جان دینے والے مزدوروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ آج کے دور میں ماحولیاتی تبدیلی پوری دنیا کیلئے سنگین مسئلہ بن چکی ہے، الپس کے گلیشیئرز بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں ہیں۔ یہ گلیشیئر ہر سال تیزی سے پگھل رہا ہے، جو کہ ماہرینِ ماحولیات کیلئے تشویش کا باعث ہے۔ جنگفرو ریلوے انتظامیہ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ سیاحت کی وجہ سے اس نازک ماحولیاتی نظام کو نقصان نہ پہنچے اور ٹرین کا نظام مکمل طور پر قابلِ تجدید توانائی پر چلایا جائے۔

جئی اور بادام کا دودھ صحت کیلئے کتنا مفید؟

جئی اور بادام کا دودھ صحت کیلئے کتنا مفید؟

صحت کے حوالے سے بڑھتی ہوئی آگاہی اور متوازن غذا کے رجحان نے لوگوں کو روایتی دودھ کے متبادل تلاش کرنے کی طرف راغب کیا ہے۔ اسی وجہ سے جئی (اوٹس) اور بادام سے تیار کردہ نباتاتی دودھ تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ بہت سے افراد گائے یا بھینس کے دودھ کے بجائے انہیں زیادہ صحت بخش اور قدرتی انتخاب سمجھتے ہیں، لیکن غذائی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان مشروبات کے بعض اجزا اور تیاری کے طریقے صحت کیلئے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔ بظاہر بے ضرر اور مفید دکھائی دینے والے ان متبادل اشیاء کے دودھ میں شامل اضافی شکر، تیل اور دیگر اجزا کے ممکنہ اثرات نے ان کی افادیت پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دودھ سے بنی اشیاء کی جگہ نباتاتی متبادل، مثلاً جئی (اوٹس) یا بادام کا دودھ اور ناریل سے تیار کردہ دہی استعمال کرنے سے جسم میں کئی اہم غذائی اجزا کی شدید کمی پیدا ہو سکتی ہے۔یہاں تک کہ کافی میں گائے کے دودھ کی جگہ اوٹس ملک استعمال کرنے سے بھی آیوڈین کی کمی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں وزن میں اضافہ، یادداشت کے مسائل اور مسلسل تھکاوٹ جیسی شکایات پیدا ہو سکتی ہیں۔ محققین نے طبی جریدے 'دی لانسیٹ پلانیٹری ہیلتھ‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں خبردار کیا ہے کہ بچوں، نوعمر افراد اور حاملہ خواتین کو اس حوالے سے سب سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آیوڈین تھائیرائیڈ ہارمونز کی تیاری کیلئے نہایت ضروری ہے۔ یہ ہارمونز جسم کے میٹابولزم کو منظم کرنے کے ساتھ معمول کی نشوؤنما اور دماغی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔جسم میں آیوڈین کی مناسب مقدار نہ ہونے سے تھائیرائیڈ گلینڈ کی کارکردگی سست پڑ سکتی ہے، جس سے میٹابولزم متاثر ہوتا ہے اور وزن بڑھنے کا امکان پیدا ہو جاتا ہے۔ بعض مطالعات میں اس کیفیت کے باعث وزن میں پانچ کلوگرام تک اضافے کا تعلق بھی سامنے آیا ہے۔تحقیقی شواہد کے مطابق حمل کے دوران آیوڈین کی معمولی کمی بھی بچوں کی ذہنی و دماغی صلاحیتوں کو طویل مدت کیلئے متاثر کر سکتی ہے۔ اس کے باوجود بچے پیدا کرنے کی عمر کی تقریباً ایک تہائی خواتین میں اس اہم معدنی جزو کی کمی پائی جاتی ہے۔دودھ سے بنی اشیا کی جگہ نباتاتی دودھ، دہی اور پنیر استعمال کرنے سے کیلشیم، وٹامن بی 12 اور رائبوفلیون کی کمی کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ رائبوفلیون ایک اہم وٹامن ہے جو جلد، آنکھوں اور اعصابی نظام کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتا ہے۔یونیورسٹی آف سرے اور کوئنز یونیورسٹی بیلفاسٹ کے ماہرین نے اس تحقیق کیلئے نیشنل ڈائٹ اینڈ نیوٹریشن سروے میں شامل 3500 افراد کی غذائی عادات اور خوراک سے حاصل ہونے والے غذائی اجزا کا جائزہ لیا۔محققین نے دودھ کے متبادل کے طور پر استعمال ہونے والی 164 اقسام کی نباتاتی دودھ، 76 اقسام کے دہی اور پنیر کے 67 متبادل نمونوں میں غذائی اجزا کا تجزیہ کیا۔ اس جائزے میں معلوم ہوا کہ ان میں سے صرف 12 فیصد مصنوعات میں آیوڈین شامل کی گئی تھی۔ اگرچہ 61 فیصد مصنوعات میں اضافی کیلشیم موجود تھا، لیکن صرف ہر پانچ میں سے ایک میں رائبوفلیون شامل کیا گیا تھا، جبکہ 46 فیصد میں وٹامن بی 12 پایا گیا۔تحقیق کے مطابق دودھ اور اس سے بنی اشیا کے استعمال میں معمولی کمی سے بھی ان چاروں اہم غذائی اجزا کی مقدار کم ہو جاتی ہے، تاہم آیوڈین کی سطح میں سب سے زیادہ نمایاں کمی دیکھی گئی۔محققین نے پایا کہ دودھ سے بنی 20 سے 35 فیصد اشیاء کی جگہ نباتاتی متبادل استعمال کرنے سے ان خواتین اور لڑکیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا جو مطلوبہ مقدار میں آیوڈین حاصل نہیں کر پا رہی تھیں۔

حکایت سعدی:سکون

حکایت سعدی:سکون

ایک بادشاہ کی جب عمر ختم ہونے پر آئی تو اس وقت اس کا کوئی قائم مقام یا جانشین موجود نہیں تھا۔ بادشاہ نے وصیت کی کہ صبح کو شہر میں جو شخص پہلے داخل ہو، اسے بادشاہ بنا لینا۔اتفاقاً اس صبح سب سے پہلے ایک گداگر شہر میں وارد ہوا۔ اس نے تو عمر بھر ایک لقمہ بھی جمع نہیں کیا تھا۔ بہرصورت امرا اور حکومتی اہلکاروں نے وصیت کے مطابق عمل کیا اور خزانوں کی کنجیاں فقیر کے سپرد کر دیں۔ اس فقیر نے کچھ عرصہ بادشاہت کی لیکن امرا نے اس کی اطاعت سے منہ پھیر لیا۔ یہی نہیں کئی سلاطین اور حکمران لڑنے جھگڑنے لگے تھے۔ اس کے علاوہ فوج اور رعیت بغاوت پر اتر آئے تھے اور چند شہروں کے کچھ حصے بادشاہ کے قبضے سے نکل گئے تھے۔اس ساری صورتحال میں وہ فقیر بادشاہ بڑا متفکر تھا اور حالت تشویش میں بھی تھا کہ اس کا ایک پرانا دوست اس سے آ کر ملا۔ وہ کبھی فقیری کے دور میں اس کے ساتھ تھا۔ اس نے اب جو اپنے دوست کا یہ مرتبہ دیکھا تو کہا کہ خدائے عزوجل نے تجھے یہ درجہ عطا کیا ہے اور تیرا نصیب بلند کیا ہے کہ تیرا پھول کانٹے سے نکل چکا ہے اور تیرا کانٹا تیرے پاؤں سے نکل چکا ہے۔اس پر اس فقیر بادشاہ نے دوست سے کہا اے عزیز! یہ مبارک باد دینے کا وقت اور موقع نہیں بلکہ میرے ساتھ مقام تعزیت ہے کہ جب تو نے مجھے پہلے دیکھا تھا اس وقت مجھے صرف روٹی کی فکر تھی، آج پورے جہان کی فکر ہے۔اس حکایت کا مقصود یہ ہے کہ مال و دولت حقیقی سکون اور خوشی کا موجب نہیں ہو سکتے۔

آج کا دن

آج کا دن

چاند کی جانب تاریخی سفر16 نومبر 2022ء کو ناسا نے آرٹیمس مشن خلا میں روانہ کیا۔ یہ اسپیس لانچ سسٹم راکٹ کی پہلی پرواز تھی، جس نے مستقبل میں انسانوں کو دوبارہ چاند پر بھیجنے کے منصوبے کی بنیاد رکھی۔ اس مشن کا مقصد خلائی جہاز اور راکٹ کی صلاحیتوں کو جانچنا تھا، تاکہ مستقبل میں خلابازوں کو چاند تک پہنچانے اور وہاں تحقیق کے نئے دور کا آغاز کیا جا سکے۔''وینیرا۔3‘‘16 نومبر 1965ء کوسوویت یونین نے وینس کی سطح کو دریافت کرنے کیلئے ''وینیرا3‘‘ خلائی تحقیقاتی پروگرام لانچ کیا۔ لانچ کئے گئے اس مشن کا مقصد وینس کے ماحول کا مشاہدہ کرناتھا۔ خلائی جہاز میں کمیونی کیشن کیلئے آلات نسب کئے گئے تھے جس کے ذریعے وینس سے حاصل کردہ معلومات کو یہ کنٹرول سینٹر تک پہنچاتا تھا۔ لندن پروٹوکول 16نومبر1828ء کا لندن پروٹوکول دراصل برطانیہ، فرانس اور روس کے درمیان ایک معاہدہ تھا جس کے تحت عثمانی حاکمیت کے خاتمے خودمختار یونانی ریاست کی تشکیل کی گئی۔یونان کی جنگ آزادی اور لندن معاہدے کے بعد عالمی طاقتوں کی مداخلت نے جنوبی یونان میں ایک معاون یونانی ریاست کے قیام کو یقینی بنایا۔فیدور دوستوئیفسکی گرفتار16 نومبر 1849ء کو عظیم روسی ناول نگار فیدور دوستوئیفسکی کو زار شاہی کی سخت پالیسیوں پر تنقیدکرنے والے گروہ کے ساتھ وابستگی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔انہیں ریاست مخالف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے الزام پرسزائے موت سنائی گئی جو بعد ازاں قید بامشقت میں بدل دی گئی اور بعد ازاں فوجی خدمات میں بھیج دیا گیا۔ فورٹ واشنگٹن کی جنگ فورٹ واشنگٹن کی جنگ 16 نومبر 1776ء کو امریکہ اور برطانیہ کے درمیان امریکی انقلابی جنگ کے دوران لڑی گئی۔اس جنگ میں برطانیہ کو فتح حاصل ہوئی،جنگ کے دوران مین ہیٹن کے شمالی سرے کے قریب فورٹ واشنگٹن میں افواج نے ہتھیار ڈال دئیے۔فورٹ واشنگٹن کا ہاتھ سے نکل جانا بہت بڑی ناکامی تھی اور اسی وجہ سے برطانیہ کو جنگ میں برتری حاصل ہوئی۔المناک طیارہ حادثہ16 نومبر 1967ء کو سوویت یونین کی سرکاری فضائی کمپنی ایروفلوٹ کی پرواز 2230 روس کے شہر یکاترین برگ کے قریب واقع کولٹسوو ہوائی اڈے کے نزدیک حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس المناک فضائی حادثے میں طیارے میں سوار تمام 107 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ سوویت یونین کی تاریخ کے سنگین فضائی سانحات میں شمار ہوتا ہے۔جس نے فضائی سفر کی حفاظت اور طیاروں کے عملی نظام سے متعلق اہم سوالات کو جنم دیا۔سوویت یونین ،امریکہ تعلقات 16نومبر1933ء کو سوویت یونین اور امریکہ کے درمیان باہمی تعلقات کا آغاز ہوا۔روس اور امریکہ کے تعلقات ہمیشہ سے ہی الجھاؤ کا شکار رہے۔ عالمی جنگ کے اختتام کے فوراً بعد ہی روس اور امریکہ میں روایتی مخالفت نے دوبارہ زور پکڑا۔ دونوں ممالک کے درمیان کئی سال جاری رہنے والی سرد جنگ اس با ت کا ثبوت ہے کہ دونوں ہی ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

روبوٹک سائیکل

روبوٹک سائیکل

حیران کن کرتب دکھانے والیٹیکنالوجی کی دنیا میں روبوٹس اب محض انسانوں کے معاون نہیں رہے بلکہ ایسے حیران کن کرتب بھی دکھانے لگے ہیں جن کا تصور کبھی صرف سائنس فکشن فلموں تک محدود تھا۔ ایک جدید روبوٹک سائیکل نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے سب کو حیران کر دیا ہے، جو نہ صرف اگلا یا پچھلا پہیہ اٹھا کر اسٹنٹ کرتی ہے بلکہ بلند چھلانگیں لگانے اور ہوا میں آگے کی جانب قلابازی کھانے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔اگر بیٹ مین کو اپنی نئی بیٹ پوڈ (Batpod) کی ضرورت پڑ جائے تو ممکن ہے انجینئرز نے اس کا متبادل تیار کر لیا ہو۔محققین نے مصنوعی ذہانت سے لیس ایک ایسی روبوٹک سائیکل تیار کی ہے جو پچھلا پہیہ اٹھا کر چلنے، رکاوٹوں کے اوپر سے چھلانگ لگانے اور یہاں تک کہ ہوا میں آگے کی جانب قلابازی کھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ کرتب معروف فلموں میں دکھائے جانے والے کردار ''ڈارک نائٹ‘‘ کے حیرت انگیز اسٹنٹس سے مشابہت رکھتے ہیں۔ اس مشین کو الٹرا موبیلٹی وہیکل (UMV) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی تیاری کا خیال پہاڑی علاقوں میں سائیکل چلانے والے ماہر سائیکلسٹ اور دشوار گزار راستوں پر کرتب دکھانے والے رائیڈرز سے لیا گیا ہے۔ عام روبوٹس کے برعکس جو توازن برقرار رکھنے کیلئے متعدد پہیوں یا ٹانگوں کا سہارا لیتے ہیں، یہ روبوٹک سائیکل صرف دو پہیوں پر اپنا توازن قائم رکھتی ہے۔ اس کے ڈیزائن کا بنیادی حصہ ایک طاقتور متحرک وزن ہے، جو روبوٹ کو مختلف حرکات کے دوران اپنا وزن تبدیل کرنے اور اپنی رفتار و قوتِ حرکت کو قابو میں رکھنے کے قابل بناتا ہے۔یہ جدید نظام اسے مختلف حیران کن کرتب دکھانے کی صلاحیت دیتا ہے، جن میں ایک جگہ رک کر توازن برقرار رکھنا، پچھلے پہیے پر اچھلنا اور رکاوٹوں کے اوپر سے چھلانگ لگانا شامل ہیں۔اگرچہ اس کا موجودہ نمونہ اتنا چھوٹا ہے کہ اس پر کوئی انسان سوار نہیں ہو سکتا، تاہم توازن برقرار رکھنے اور رکاوٹوں کو عبور کرنے کی اس کی غیر معمولی صلاحیت مستقبل میں انتہائی پھرتیلی ذاتی سواریوں کی تیاری میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ ایسی سواریاں ان راستوں پر بھی سفر کر سکیں گی جہاں عام سائیکلوں اور اسکوٹروں کا پہنچنا ممکن نہیں ہوتا۔23.5 کلوگرام وزنی اس روبوٹک سائیکل کو امریکی ریاست میساچوسٹس میں قائم ادارے روبوٹکس اینڈ اے آئی انسٹی ٹیوٹ کی ایک ٹیم نے تیار کیا ہے۔یہ روبوٹ فی سیکنڈ آٹھ میٹر کی رفتار سے حرکت کر سکتا ہے اور اپنے قد سے 130 فیصد زیادہ اونچی رکاوٹوں کو پھلانگنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔محققین نے اس کی تیاری اور ڈیزائن سے متعلق تحقیق سائنسی جریدے سائنس روبوٹکس میں شائع کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہاڑی راستوں پر سائیکل چلانے والے ماہر رائیڈرز اچھلنے، چھلانگ لگانے، توازن برقرار رکھنے اور ایک یا دونوں پہیوں پر سائیکل چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔یہی ہمہ جہت صلاحیت انہیں ہموار راستوں پر تیز رفتاری اور توانائی کی بچت کے ساتھ سفر کرنے جبکہ ناہموار راستوں پر غیر معمولی پھرتی دکھانے کے قابل بناتی ہے۔محققین کے مطابق، انہی ماہر سائیکلسٹس سے متاثر ہو کر انہوں نے الٹرا موبیلٹی وہیکل نامی روبوٹک پلیٹ فارم کا ڈیزائن اور کنٹرول سسٹم تیار کیا ہے، جو سائیکل کے ڈھانچے اور ایک متحرک وزنی نظام کو یکجا کرتا ہے۔ اس کی بدولت روبوٹ کم سے کم موٹرائزڈ حرکتی نظام کے ساتھ متحرک انداز میں مختلف کرتب دکھا سکتا ہے۔اس مشین کی تیاری کیلئے تحقیقی ٹیم نے کمپیوٹر سیمولیشنز کے ذریعے درجنوں مختلف ڈیزائن آزمائے اور ان کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد سائیکل سے مشابہ حتمی ساخت کا انتخاب کیا۔محققین نے بالخصوص روبوٹ کی دو اہم صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی۔ پہلی یہ کہ وہ زیادہ سے زیادہ بلندی تک چھلانگ لگا سکے اور دوسری یہ کہ صرف ایک پہیے پر چلتے ہوئے بھی اپنا توازن برقرار رکھ سکے۔عام سائیکلوں کے برعکس، جنہیں کھڑا رکھنے کیلئے اسٹینڈ، اضافی پہیوں یا بھاری وزنی نظام کی ضرورت ہوتی ہے، الٹرا موبیلٹی وہیکل اپنا توازن برقرار رکھتی ہے۔ اس روبوٹ کا زیادہ تر وزن ایک متحرک حصے میں مرکوز ہے، جسے سائیکل کے فریم کے اوپر نصب کیا گیا ہے۔ یہ حصہ روبوٹ کو اپنا جسم اسی طرح مختلف سمتوں میں حرکت دینے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جیسے کوئی ماہر سائیکلسٹ کرتب دکھاتے ہوئے اپنے جسم کا وزن تبدیل کرتا ہے۔اس کے بعد انجینئرز نے مصنوعی ذہانت کی ایک تکنیک ری انفورسمنٹ لرننگ کے ذریعے اسے ورچوئل ماحول میں تربیت دی۔ اس طریقہ کار میں سافٹ ویئر بار بار کوشش اور غلطی کے ذریعے خود سیکھتا ہے اور اپنی کارکردگی بہتر بناتا ہے۔ روبوٹ نے حقیقی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے سے پہلے ہزاروں مرتبہ مختلف حرکات کی مشق کی۔ اس دوران اس نے آگے اور پیچھے چلنے، ایک جگہ رک کر سائیکل کا توازن برقرار رکھنے، صرف ایک پہیے پر پہلو کی جانب اچھلنے اور اپنی جگہ پر گھومنے جیسے کئی کرتب سیکھے۔محققین کے مطابق، اس کی سب سے حیران کن صلاحیتوں میں سے ایک شمّی ٹرن (Shimmy Turn) ہے، جس میں روبوٹ مخصوص انداز سے تیزی کے ساتھ اپنی سمت تبدیل کرتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ حرکت انجینئرز نے اسے باقاعدہ پروگرام کرکے نہیں سکھائی بلکہ مصنوعی ذہانت کے نظام نے تربیت کے دوران خود ہی دریافت کرلی۔یہ روبوٹ خودکار طور پر اپنے راستے میں آنے والی رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے ان کے قریب پہنچ سکتا ہے اور ایک میٹر بلند پلیٹ فارم پر چھلانگ لگا کر چڑھنے، اس پر سفر کرنے اور دوسری جانب نیچے اترنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔