جئی اور بادام کا دودھ صحت کیلئے کتنا مفید؟
اسپیشل فیچر
صحت کے حوالے سے بڑھتی ہوئی آگاہی اور متوازن غذا کے رجحان نے لوگوں کو روایتی دودھ کے متبادل تلاش کرنے کی طرف راغب کیا ہے۔ اسی وجہ سے جئی (اوٹس) اور بادام سے تیار کردہ نباتاتی دودھ تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ بہت سے افراد گائے یا بھینس کے دودھ کے بجائے انہیں زیادہ صحت بخش اور قدرتی انتخاب سمجھتے ہیں، لیکن غذائی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان مشروبات کے بعض اجزا اور تیاری کے طریقے صحت کیلئے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔ بظاہر بے ضرر اور مفید دکھائی دینے والے ان متبادل اشیاء کے دودھ میں شامل اضافی شکر، تیل اور دیگر اجزا کے ممکنہ اثرات نے ان کی افادیت پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دودھ سے بنی اشیاء کی جگہ نباتاتی متبادل، مثلاً جئی (اوٹس) یا بادام کا دودھ اور ناریل سے تیار کردہ دہی استعمال کرنے سے جسم میں کئی اہم غذائی اجزا کی شدید کمی پیدا ہو سکتی ہے۔یہاں تک کہ کافی میں گائے کے دودھ کی جگہ اوٹس ملک استعمال کرنے سے بھی آیوڈین کی کمی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں وزن میں اضافہ، یادداشت کے مسائل اور مسلسل تھکاوٹ جیسی شکایات پیدا ہو سکتی ہیں۔
محققین نے طبی جریدے 'دی لانسیٹ پلانیٹری ہیلتھ‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں خبردار کیا ہے کہ بچوں، نوعمر افراد اور حاملہ خواتین کو اس حوالے سے سب سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آیوڈین تھائیرائیڈ ہارمونز کی تیاری کیلئے نہایت ضروری ہے۔ یہ ہارمونز جسم کے میٹابولزم کو منظم کرنے کے ساتھ معمول کی نشوؤنما اور دماغی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔جسم میں آیوڈین کی مناسب مقدار نہ ہونے سے تھائیرائیڈ گلینڈ کی کارکردگی سست پڑ سکتی ہے، جس سے میٹابولزم متاثر ہوتا ہے اور وزن بڑھنے کا امکان پیدا ہو جاتا ہے۔
بعض مطالعات میں اس کیفیت کے باعث وزن میں پانچ کلوگرام تک اضافے کا تعلق بھی سامنے آیا ہے۔تحقیقی شواہد کے مطابق حمل کے دوران آیوڈین کی معمولی کمی بھی بچوں کی ذہنی و دماغی صلاحیتوں کو طویل مدت کیلئے متاثر کر سکتی ہے۔ اس کے باوجود بچے پیدا کرنے کی عمر کی تقریباً ایک تہائی خواتین میں اس اہم معدنی جزو کی کمی پائی جاتی ہے۔دودھ سے بنی اشیا کی جگہ نباتاتی دودھ، دہی اور پنیر استعمال کرنے سے کیلشیم، وٹامن بی 12 اور رائبوفلیون کی کمی کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ رائبوفلیون ایک اہم وٹامن ہے جو جلد، آنکھوں اور اعصابی نظام کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
یونیورسٹی آف سرے اور کوئنز یونیورسٹی بیلفاسٹ کے ماہرین نے اس تحقیق کیلئے نیشنل ڈائٹ اینڈ نیوٹریشن سروے میں شامل 3500 افراد کی غذائی عادات اور خوراک سے حاصل ہونے والے غذائی اجزا کا جائزہ لیا۔محققین نے دودھ کے متبادل کے طور پر استعمال ہونے والی 164 اقسام کی نباتاتی دودھ، 76 اقسام کے دہی اور پنیر کے 67 متبادل نمونوں میں غذائی اجزا کا تجزیہ کیا۔ اس جائزے میں معلوم ہوا کہ ان میں سے صرف 12 فیصد مصنوعات میں آیوڈین شامل کی گئی تھی۔ اگرچہ 61 فیصد مصنوعات میں اضافی کیلشیم موجود تھا، لیکن صرف ہر پانچ میں سے ایک میں رائبوفلیون شامل کیا گیا تھا، جبکہ 46 فیصد میں وٹامن بی 12 پایا گیا۔
تحقیق کے مطابق دودھ اور اس سے بنی اشیا کے استعمال میں معمولی کمی سے بھی ان چاروں اہم غذائی اجزا کی مقدار کم ہو جاتی ہے، تاہم آیوڈین کی سطح میں سب سے زیادہ نمایاں کمی دیکھی گئی۔محققین نے پایا کہ دودھ سے بنی 20 سے 35 فیصد اشیاء کی جگہ نباتاتی متبادل استعمال کرنے سے ان خواتین اور لڑکیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا جو مطلوبہ مقدار میں آیوڈین حاصل نہیں کر پا رہی تھیں۔