روبوٹک سائیکل

روبوٹک سائیکل

اسپیشل فیچر

تحریر : اسد بخاری


حیران کن کرتب دکھانے والی

ٹیکنالوجی کی دنیا میں روبوٹس اب محض انسانوں کے معاون نہیں رہے بلکہ ایسے حیران کن کرتب بھی دکھانے لگے ہیں جن کا تصور کبھی صرف سائنس فکشن فلموں تک محدود تھا۔ ایک جدید روبوٹک سائیکل نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے سب کو حیران کر دیا ہے، جو نہ صرف اگلا یا پچھلا پہیہ اٹھا کر اسٹنٹ کرتی ہے بلکہ بلند چھلانگیں لگانے اور ہوا میں آگے کی جانب قلابازی کھانے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔
اگر بیٹ مین کو اپنی نئی بیٹ پوڈ (Batpod) کی ضرورت پڑ جائے تو ممکن ہے انجینئرز نے اس کا متبادل تیار کر لیا ہو۔محققین نے مصنوعی ذہانت سے لیس ایک ایسی روبوٹک سائیکل تیار کی ہے جو پچھلا پہیہ اٹھا کر چلنے، رکاوٹوں کے اوپر سے چھلانگ لگانے اور یہاں تک کہ ہوا میں آگے کی جانب قلابازی کھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ کرتب معروف فلموں میں دکھائے جانے والے کردار ''ڈارک نائٹ‘‘ کے حیرت انگیز اسٹنٹس سے مشابہت رکھتے ہیں۔
اس مشین کو الٹرا موبیلٹی وہیکل (UMV) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی تیاری کا خیال پہاڑی علاقوں میں سائیکل چلانے والے ماہر سائیکلسٹ اور دشوار گزار راستوں پر کرتب دکھانے والے رائیڈرز سے لیا گیا ہے۔ عام روبوٹس کے برعکس جو توازن برقرار رکھنے کیلئے متعدد پہیوں یا ٹانگوں کا سہارا لیتے ہیں، یہ روبوٹک سائیکل صرف دو پہیوں پر اپنا توازن قائم رکھتی ہے۔ اس کے ڈیزائن کا بنیادی حصہ ایک طاقتور متحرک وزن ہے، جو روبوٹ کو مختلف حرکات کے دوران اپنا وزن تبدیل کرنے اور اپنی رفتار و قوتِ حرکت کو قابو میں رکھنے کے قابل بناتا ہے۔یہ جدید نظام اسے مختلف حیران کن کرتب دکھانے کی صلاحیت دیتا ہے، جن میں ایک جگہ رک کر توازن برقرار رکھنا، پچھلے پہیے پر اچھلنا اور رکاوٹوں کے اوپر سے چھلانگ لگانا شامل ہیں۔اگرچہ اس کا موجودہ نمونہ اتنا چھوٹا ہے کہ اس پر کوئی انسان سوار نہیں ہو سکتا، تاہم توازن برقرار رکھنے اور رکاوٹوں کو عبور کرنے کی اس کی غیر معمولی صلاحیت مستقبل میں انتہائی پھرتیلی ذاتی سواریوں کی تیاری میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ ایسی سواریاں ان راستوں پر بھی سفر کر سکیں گی جہاں عام سائیکلوں اور اسکوٹروں کا پہنچنا ممکن نہیں ہوتا۔
23.5 کلوگرام وزنی اس روبوٹک سائیکل کو امریکی ریاست میساچوسٹس میں قائم ادارے روبوٹکس اینڈ اے آئی انسٹی ٹیوٹ کی ایک ٹیم نے تیار کیا ہے۔یہ روبوٹ فی سیکنڈ آٹھ میٹر کی رفتار سے حرکت کر سکتا ہے اور اپنے قد سے 130 فیصد زیادہ اونچی رکاوٹوں کو پھلانگنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔محققین نے اس کی تیاری اور ڈیزائن سے متعلق تحقیق سائنسی جریدے سائنس روبوٹکس میں شائع کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہاڑی راستوں پر سائیکل چلانے والے ماہر رائیڈرز اچھلنے، چھلانگ لگانے، توازن برقرار رکھنے اور ایک یا دونوں پہیوں پر سائیکل چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔یہی ہمہ جہت صلاحیت انہیں ہموار راستوں پر تیز رفتاری اور توانائی کی بچت کے ساتھ سفر کرنے جبکہ ناہموار راستوں پر غیر معمولی پھرتی دکھانے کے قابل بناتی ہے۔
محققین کے مطابق، انہی ماہر سائیکلسٹس سے متاثر ہو کر انہوں نے الٹرا موبیلٹی وہیکل نامی روبوٹک پلیٹ فارم کا ڈیزائن اور کنٹرول سسٹم تیار کیا ہے، جو سائیکل کے ڈھانچے اور ایک متحرک وزنی نظام کو یکجا کرتا ہے۔ اس کی بدولت روبوٹ کم سے کم موٹرائزڈ حرکتی نظام کے ساتھ متحرک انداز میں مختلف کرتب دکھا سکتا ہے۔اس مشین کی تیاری کیلئے تحقیقی ٹیم نے کمپیوٹر سیمولیشنز کے ذریعے درجنوں مختلف ڈیزائن آزمائے اور ان کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد سائیکل سے مشابہ حتمی ساخت کا انتخاب کیا۔محققین نے بالخصوص روبوٹ کی دو اہم صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی۔ پہلی یہ کہ وہ زیادہ سے زیادہ بلندی تک چھلانگ لگا سکے اور دوسری یہ کہ صرف ایک پہیے پر چلتے ہوئے بھی اپنا توازن برقرار رکھ سکے۔
عام سائیکلوں کے برعکس، جنہیں کھڑا رکھنے کیلئے اسٹینڈ، اضافی پہیوں یا بھاری وزنی نظام کی ضرورت ہوتی ہے، الٹرا موبیلٹی وہیکل اپنا توازن برقرار رکھتی ہے۔ اس روبوٹ کا زیادہ تر وزن ایک متحرک حصے میں مرکوز ہے، جسے سائیکل کے فریم کے اوپر نصب کیا گیا ہے۔ یہ حصہ روبوٹ کو اپنا جسم اسی طرح مختلف سمتوں میں حرکت دینے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جیسے کوئی ماہر سائیکلسٹ کرتب دکھاتے ہوئے اپنے جسم کا وزن تبدیل کرتا ہے۔
اس کے بعد انجینئرز نے مصنوعی ذہانت کی ایک تکنیک ری انفورسمنٹ لرننگ کے ذریعے اسے ورچوئل ماحول میں تربیت دی۔ اس طریقہ کار میں سافٹ ویئر بار بار کوشش اور غلطی کے ذریعے خود سیکھتا ہے اور اپنی کارکردگی بہتر بناتا ہے۔ روبوٹ نے حقیقی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے سے پہلے ہزاروں مرتبہ مختلف حرکات کی مشق کی۔ اس دوران اس نے آگے اور پیچھے چلنے، ایک جگہ رک کر سائیکل کا توازن برقرار رکھنے، صرف ایک پہیے پر پہلو کی جانب اچھلنے اور اپنی جگہ پر گھومنے جیسے کئی کرتب سیکھے۔
محققین کے مطابق، اس کی سب سے حیران کن صلاحیتوں میں سے ایک شمّی ٹرن (Shimmy Turn) ہے، جس میں روبوٹ مخصوص انداز سے تیزی کے ساتھ اپنی سمت تبدیل کرتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ حرکت انجینئرز نے اسے باقاعدہ پروگرام کرکے نہیں سکھائی بلکہ مصنوعی ذہانت کے نظام نے تربیت کے دوران خود ہی دریافت کرلی۔یہ روبوٹ خودکار طور پر اپنے راستے میں آنے والی رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے ان کے قریب پہنچ سکتا ہے اور ایک میٹر بلند پلیٹ فارم پر چھلانگ لگا کر چڑھنے، اس پر سفر کرنے اور دوسری جانب نیچے اترنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
الیکٹرانک سگریٹ  بھی پھیپھڑوں کیلئے نقصان دہ

الیکٹرانک سگریٹ بھی پھیپھڑوں کیلئے نقصان دہ

تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے متبادل سمجھی جانے والی ویپنگ (الیکٹرانک سگریٹ) بھی صحت کیلئے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔ حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ویپنگ نوجوانوں میں پھیپھڑوں کی ایک خطرناک اور طویل المدتی بیماری کرونک اوبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز (COPD) کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔ یہ بیماری سانس کی نالیوں کو متاثر کر کے پھیپھڑوں کی کارکردگی محدود کر دیتی ہے اور مریض کیلئے معمول کے مطابق سانس لینا بھی دشوار بنا سکتی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ نوجوان ویپنگ کے ممکنہ نقصانات کو معمولی نہ سمجھیں اور مسلسل کھانسی، سانس پھولنے اور سینے میں جکڑن جیسی ابتدائی علامات کو نظرانداز کرنے کے بجائے فوری طبی معائنہ کروائیں۔ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ویپنگ نوجوانوں کے پھیپھڑوں کو مستقل نقصان پہنچا سکتی ہے، جس کے نتیجے میں انہیں پھیپھڑوں کی جان لیوا بیماری کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔محققین نے دریافت کیا کہ ویپنگ کرنے والے نوجوانوں کی پھیپھڑوں کی کارکردگی محض 12 ماہ کے دوران ہی نمایاں طور پر کم ہو گئی، جبکہ زیادہ مقدار میں ویپنگ کرنے والوں کی حالت نسبتاً زیادہ متاثر ہونے کا رجحان سامنے آیا۔ ماہرین کو خدشہ ہے کہ یہ نقصان برسوں کے دوران بڑھ سکتا ہے اور کرونک اوبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز (COPD) کا خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔ یہ ایک لاعلاج بیماری ہے جس میں مریض کیلئے سانس لینا بتدریج مشکل ہوتا جاتا ہے۔ برطانیہ میں ہر سال تقریباً 30 ہزار افراد اس بیماری کے باعث موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔یہ بیماری عموماً کئی دہائیوں تک سگریٹ نوشی کرنے سے منسلک سمجھی جاتی ہے۔ اس میں پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث سانس باہر نکالنے میں دشواری پیش آتی ہے۔تاہم، اب امریکی ریاست فلوریڈا کی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سائنسدانوں کو ابتدائی شواہد ملے ہیں کہ ویپنگ بھی اسی نوعیت کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔تحقیق کے دوران 21 سے 35 سال کی عمر کے 22 ویپنگ کرنے والے افراد کے پھیپھڑوں کی کارکردگی جانچی گئی۔ اس مقصد کیلئے یہ پیمائش کی گئی کہ وہ ایک سیکنڈ میں کتنی ہوا پوری قوت سے اپنے پھیپھڑوں سے باہر نکال سکتے ہیں۔تقریباً ایک سال بعد جب ان افراد کا دوبارہ معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ خارج کی جانے والی ہوا کی مقدار میں نمایاں کمی واقع ہو چکی تھی۔تحقیق میں یہ رجحان بھی سامنے آیا کہ جو افراد زیادہ کثرت سے ویپنگ کرتے تھے، ان کے پھیپھڑوں کی کارکردگی میں سب سے زیادہ کمی دیکھی گئی۔ تاہم، محققین کا کہنا ہے کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ یہ فرق محض اتفاقی نہیں تھا۔تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے ٹوبیکو کنٹرول میں شائع کیے گئے ہیں، تاہم سائنس دانوں نے واضح کیا ہے کہ یہ ابتدائی نوعیت کے نتائج ہیں۔ ان کے مطابق اس بات کی تصدیق کیلئے بڑے پیمانے پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ آیا ویپنگ پھیپھڑوں کو مستقل نقصان پہنچاتی ہے یا اس سے سی او پی ڈی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔نئی تحقیق میں بھی سائنس دانوں نے دریافت کیا کہ ویپنگ کی شرح جتنی زیادہ تھی، پھیپھڑوں کی کارکردگی میں کمی بھی اتنی ہی زیادہ دیکھنے میں آئی۔ روزانہ 30 یا اس سے زیادہ مرتبہ ویپنگ کرنے والے افراد میں پھیپھڑوں کی کارکردگی سب سے زیادہ متاثر ہونے کا رجحان سامنے آیا، جس سے خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ اس کا کثرت سے استعمال خاص طور پر نقصان دہ ہو سکتا ہے۔تاہم، اس تحقیق میں صرف 22 افراد شامل تھے، اس لیے محققین اس امکان کو رد نہیں کر سکے کہ زیادہ ویپنگ کرنے والوں میں پھیپھڑوں کو زیادہ نقصان پہنچنے کا تعلق محض اتفاق سے بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مزید بڑے مطالعات کی ضرورت ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ پھیپھڑوں کی کارکردگی میں آنے والی یہ تبدیلیاں برقرار رہتی ہیں یا مستقبل میں کسی سنگین بیماری کا سبب بن سکتی ہیں۔ سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ ای سگریٹ کے بخارات میں موجود کیمیائی مادوں سے بار بار واسطہ پڑنے کے نتیجے میں پھیپھڑوں کو پہنچنے والا نقصان وقت کے ساتھ جمع ہو سکتا ہے اورسی او پی ڈی کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔''کرونک اوبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز‘‘ ایک لاعلاج مرض'' کرونک اوبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز‘‘ ایک لاعلاج بیماری ہے، جس میں مریض کیلئے سانس لینا بتدریج مشکل ہوتا جاتا ہے۔ برطانیہ میں ہر سال تقریباً 30 ہزار افراد اس بیماری کے باعث موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔یہ بیماری عموماً کئی دہائیوں تک سگریٹ نوشی کرنے سے منسلک سمجھی جاتی ہے۔ اس میں پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث سانس باہر نکالنے میں دشواری پیش آتی ہے۔ 

آج تم یاد بے حساب آئے!اقبال کاشمیری پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز ہدایتکار (2020-1942ء)

آج تم یاد بے حساب آئے!اقبال کاشمیری پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز ہدایتکار (2020-1942ء)

٭...ہدایتکاراقبال کاشمیری فلمساز، کہانی، مکالمہ اور منظر نامہ نویس کے ساتھ اداکار بھی تھے۔٭... چھوٹی قدوقامت کے باعث انہیں فلمی دنیا میں ''نکو ‘‘ کے نام سے پکارا جاتا تھا۔٭...1942ء میں پیدا ہوئے، بطور اداکار فلمی دنیا میں قدم رکھا۔پنجابی فلم ''یکے والی‘‘ میں ہیروئن مسرت نذیر کے چھوٹے بھائی کا کردار نبھایا۔٭...16 فلموں میں کام کیا مگر اپنی جسامت اور بیٹھی ہوئی آواز کے باعث کامیابی حاصل نہ کر سکے۔٭...1959ء میں فلم '' بہروپیا‘‘ سے بطور معاون ہدایتکار منظر عام پر آئے۔٭...ان کا تیسرا تعارف بطور کہانی ، مکالمہ اور منظرنامہ نویس کے طور پر تھا۔ ''عشق نہ پچھے ذات‘‘ (1969ء) کہانی نویس کے طور پر ان کی پہلی بڑی فلم تھی۔بطور مصنف 14 فلمیں لکھیں۔٭...بطور ہدایتکارارسو اور پنجابی کی 86 فلمیں بنائیں، پہلی فلم ''ٹیکسی ڈرائیور‘‘ایک کامیاب فلم تھی جو 1970ء میں سینما گھروں کی زینت بنی۔ دوسری فلم ''بابل‘‘ بھی ایک سپر ہٹ فلم تھی ۔٭...ان کی فلم ''ضدی‘‘ کا ٹائٹل رول یوسف خان نے اداکیا ، جس نے انھیں طویل جدوجہد کے بعد سپر سٹار بنا دیا تھا۔٭...ان کی سپر ہٹ فلم ''بنارسی ٹھگ‘‘ نے منورظریف کو عام کامیڈین سے مرکزی کرداروں تک پہنچایا۔ یہ فلم اداکارہ ممتاز کیلئے بریک تھرو ثابت ہوئی، جن پر نورجہاں کا گیت ''اکھ لڑی بدو بدی‘‘ فلمایا گیا تھا۔٭... سلمیٰ آغا کی پہلی پنجابی فلم ''بھابھی دیاں چوڑیاں‘‘ (1986ء) اور ندیم کی پہلی پنجابی فلم ''مکھڑا‘‘ (1988ء) کے ہدایتکار بھی اقبال کاشمیری ہی تھے۔ان کی بطور ہدایتکار آخری فلم ''دیوداس ‘‘ تھی، جو 2015ء میں ریلیز ہوئی۔٭...بطور فلمساز ، اقبال کاشمیری نے چار فلمیں بنائیں، جن میں ''شاہین‘‘ (1977)،'' الہ دین‘‘ (1981ء) ،'' جن چاچا‘‘ (1983ء) اور ''ہتھاں وچ ہتھ‘‘ (1984ء)شامل ہیں۔٭...کئی برس گردوں کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد 15 نومبر 2020ء کو 78 برس کی عمر میں ان کا انتقال ہوا۔مقبول فلمیں ''جادو‘‘ (1974ء) ، '' شریف بدمعاش‘‘ (1975ء)، ''قسمت‘‘ (1985ء)، ''ہم ایک ہیں‘‘ (1986ء)، ''چوروں کی بارات‘‘ (1987ء) ، ''اللہ دتہ‘‘ (1988ء)، ''بختاور‘‘ (1991ء)، ''حسینوں کی بارات‘‘ (1992ء)، ''انٹرنیشنل لٹیرے‘‘ (1994ء) ، ''جوڈرگیا وہ مرگیا‘‘ (1995ء)، '' گھر کب آؤ گے‘‘ (2000ء) ۔

آج کا دن

آج کا دن

دنیا کی آبادی8ارب اقوامِ متحدہ کے تخمینے کے مطابق 15نومبر 2022ء کو دنیا کی آبادی آٹھ ارب کی تاریخی حد تک پہنچ گئی۔ یہ انسانی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل تھا۔ آبادی میں اس غیر معمولی اضافے کے پیچھے طبی سہولتوں میں بہتری، شرحِ اموات میں کمی اور اوسط عمر میں اضافے جیسے عوامل شامل ہیں۔الجزیرہ انگریزی کا آغاز 15نومبر2006ء کو الجزیرہ کی انگریزی ڈویژن کا آغاز ہوا۔ یہ 24گھنٹے انگریزی زبان میں خبریں نشر کرنے والا ادارہ تھا۔اس کا ہیڈ آفس قطر میں واقع ہے۔ یہ انگریزی زبان کا پہلا چینل ہے جس کا صدر دفتر مشرقی وسطیٰ میں ہے۔الجزیرہ کا شمار دنیا کے معتبر ترین نشریاتی اداروں میں کیا جاتا ہے۔پہلا مائیکرو پروسیسر 15نومبر1971ء کو انٹیل کی جانب سے پہلا 4004مائیکرو پروسیسر لانچ کیا گیا۔یہ پروسیسر مختلف مائیکرو ٹیکنالوجیز کی بہترین مثال تھا۔اس میں MOS سلکان گیٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔کارکردگی میں مرحلہ وار اضافہ نے ملٹی چپ سی پی یو کی جگہ سنگل چپ سی پی یو کو ممکن بنایا۔گویا کیل ہڑتال1922ء جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کے شہر گوایاکل (Guayaquil) میں عام ہڑتال کے دوران پرتشدد واقعات پیش آئے، جن میں کم از کم 300 افراد ہلاک کر دیے گئے۔ یہ ہڑتال مزدوروں اور محنت کش طبقے کے مطالبات کے حق میں کی گئی تھی۔یہ واقعہ ایکواڈور کی تاریخ میں مزدور تحریکوں کے دوران پیش آنے والے المناک واقعات میں شمار ہوتا ہے۔سینٹ پیٹرزبرگ میٹرو'' سینٹ پیٹرزبرگ میٹرو‘‘ روس میں ایک تیز رفتار ٹرانزٹ سسٹم ہے۔ اس کی تعمیر 1941ء کے اوائل میں شروع ہوئی لیکن دوسری جنگ عظیم اور اس کے نتیجے میں لینن گراڈ کے محاصرے کی وجہ سے اسے روک دیا گیا۔اسے بالآخر 15 نومبر 1955ء کو عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ ''سینٹ پیٹرزبرگ میٹرو‘‘ دنیا کے سب سے گہرے میٹرو سسٹمز میں سے ایک ہے۔ برازیل: بادشاہت کا خاتمہ15 نومبر 1889ء کو برازیل میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں سلطنت برازیل کا خاتمہ ہوا اور ملک کو جمہوریہ قرار دیا گیا۔یہ بغاوت برازیلی فوج کے مارشل ڈیودورو دا فونسیکاکی قیادت میں ہوئی، جنہوں نے بادشاہ ڈوم پیڈرو دوم کو اقتدار سے ہٹا کر ملک بدر کر دیا۔یہ تبدیلی کسی خونریزی کے بغیر عمل میں آئی۔تھائی لینڈ میں پہلے انتخابات1933ء میں آج کے روز جنوب مشرقی ایشیائی ملک تھائی لینڈ (اس وقت سیام کہلاتا تھا) میں پہلی مرتبہ عام انتخابات منعقد ہوئے۔ یہ ملک کی سیاسی اور جمہوری تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل تھا۔ ان انتخابات کا انعقاد 1932ء میں بادشاہت کے نظام میں تبدیلی اور آئینی حکومت کے قیام کے بعد عمل میں آیا۔ اس انتخاب کے ذریعے عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملا اور ملک میں پارلیمانی نظام کی بنیاد مضبوط ہوئی۔

ایمازون کی جدید سکیورٹی ڈیوائسز

ایمازون کی جدید سکیورٹی ڈیوائسز

گھر میں ڈرون، دفتر میں روبوٹ کریں گے چوکیداریگھروں، دفاتر اور کاروباری مراکز کی حفاظت کیلئے ٹیکنالوجی کی دنیا میں نت نئے خودکار نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ ماضی میں سکیورٹی کیمرے مخصوص مقامات پر نصب ہوکر نگرانی کرتے تھے، لیکن اب مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس نے اس تصور کو ایک نئی شکل دے دی ہے۔ ایمازون نے اسی سلسلے میں دو جدید سکیورٹی ڈیوائسز '' رنگ ڈرون کیم‘‘ اور ''رنگ روور کیم‘‘ متعارف کرائی ہیں۔ ان میں سے ایک اڑنے والا ڈرون ہے جو گھر کے کمروں میں گشت کرکے مشکوک سرگرمیوں کا سراغ لگاتا ہے، جبکہ دوسرا پہیوں پر چلنے والا روبوٹ ہے جو دفاتر، گوداموں اور دکانوں کی نگرانی کرسکتا ہے۔ یہ جدید آلات نہ صرف خودکار طور پر مشکوک مقامات کا جائزہ لیتے ہیں بلکہ سائرن، روشنی اور کیمروں کی مدد سے ممکنہ گھسنے والوں کو خبردار اور خوف زدہ بھی کرسکتے ہیں۔ ''رنگ ڈرون کیم‘‘ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ قبل دروازوں کی گھنٹیوں کو سکیورٹی کیمروں میں تبدیل کرکے مقبولیت حاصل کرنے کے بعد، ایمازون نے اب ایک ایسا اڑنے والا روبوٹ متعارف کرایا ہے جو گھر کے مالک کی ہدایت پر گھر کے اندر گشت کرسکتا ہے۔ 187 پاؤنڈ (تقریباً 70 ہزار پاکستانی روپے) مالیت کا یہ جدید آلہ ''رنگ ڈرون کیم‘‘ (Ring Drone Cam) کہلاتا ہے، جو ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی ایمازون کے ذیلی سکیورٹی برانڈ رنگ کی جانب سے متعارف کرائے گئے خودکار حفاظتی آلات کی نئی سیریز کا حصہ ہے۔ روایتی سکیورٹی کیمروں کے برعکس یہ ڈرون گھر یا عمارت کے مختلف حصوں میں پرواز کرتے ہوئے ان مقامات کا بھی جائزہ لے سکتا ہے جہاں مستقل طور پر نصب کیمرے نہیں پہنچ سکتے۔یہ اڑنے والا کیمرا پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق گھر میں گشت کر سکتا ہے، الارم بجنے پر خودکار طور پر حرکت میں آ سکتا ہے یا گھر کے مالکان کی ہدایت پر کسی بھی وقت نگرانی کیلئے بھیجا جاسکتا ہے۔ رنگ کمپنی کے مطابق اس ڈرون کی تیاری کا خیال اس وقت سامنے آیا جب صارفین نے ایسی جگہوں کی حفاظت کی ضرورت ظاہر کی جہاں وہ مستقل سکیورٹی کیمرے نصب نہیں کرنا چاہتے تھے۔ رنگ کے بانی اور چیف انوینٹر جیمی سیمی نوف کا کہنا ہے کہ صارفین کی اس ضرورت کا جواب مزید کیمرے نصب کرنا نہیں تھا بلکہ سکیورٹی آلات کے تصور کو نئے سرے سے تشکیل دینا تھا۔ اس نوعیت کی اختراع آسان نہیں ہوتی اور اس میں وقت لگتا ہے، تاہم کمپنی نے کوشش جاری رکھی، یہاں تک کہ اسے مطلوبہ کامیابی حاصل ہوگئی۔ یہ محض سکیورٹی کے ایک نئے شعبے کا آغاز نہیں بلکہ ایسے مستقبل کی بنیاد ہے جہاں فعال اور خودکار حفاظتی نظام ہر گھر اور کاروباری ادارے کی دسترس میں ہوگا۔''رنگ روور کیم‘‘''ڈرون کیم‘‘ کے علاوہ کاروباری اداروں کیلئے پہیوں پر چلنے والا ''رنگ روور کیم‘‘ (Ring Rover Cam)بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ ایک روبوٹک نگرانی کا نظام ہے، جسے دفاتر، گوداموں اور دکانوں کی سکیورٹی کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ ''روور کیم‘‘ میں ایک ایسا کیمرا نصب ہے جو ضرورت کے مطابق اونچائی کم یا زیادہ کرنے والے ستون پر لگا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ سائرن اور دو طرفہ آڈیو رابطے کی سہولت سے بھی لیس ہے، جس کے ذریعے نگرانی کرنے والا شخص دوسری جانب موجود افراد سے بات چیت کرسکتا ہے۔ ''رنگ روور کیم‘‘ بھی مصنوعی ذہانت پر مبنی نیویگیشن سسٹم ''اے آئی پائلٹ‘‘ (AI Pilot) کے ذریعے کام کرتا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں صارفین اسے اپنے گھریا دفتر کے مختلف حصوں میں لے کر گھومتے ہیں تاکہ یہ وہاں کا ایک ڈیجیٹل نقشہ تیار کر سکیں۔ اس کے بعد یہ نظام کمروں کی شناخت کرتا، نگرانی کیلئے موزوں مقامات تجویز کرتا اور فرنیچر سمیت دیگر رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پرواز کے راستے متعین کرتا ہے۔صارفین ڈیجیٹل نقشے پر محض کسی مقام کو چھو کر منتخب کرسکتے ہیں، جس کے بعد ڈرون خودکار طور پر راستہ طے کرتے ہوئے وہاں پہنچ جاتا ہے۔یہ مختصر جسامت کا ڈرون 2K کیمرے اور متعدد ایل ای ڈی لائٹس سے لیس ہے۔ اس کی بیٹری تقریباً 8 سے 10 منٹ تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس کے بعد یہ خودکار طور پر اپنے چارجنگ اسٹیشن پر واپس آجاتا ہے۔ رنگ کمپنی کے مطابق ڈرون کی حرکت کرتی ہوئی روشنیاں چوروں اور غیر متعلقہ افراد کو خوفزدہ کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہیں، کیونکہ ان سے ایسا تاثر پیدا ہوتا ہے جیسے کوئی سکیورٹی گارڈ ٹارچ لے کر عمارت کی تلاشی لے رہا ہو۔کمپنی کی جانب سے اس ڈیوائس کی تشہیر میں ایک مثال دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر آپ ہفتے کے آخر میں گھر سے باہر جارہے ہیں تو ڈرون کو آخری مرتبہ گھر کا جائزہ لینے کی ہدایت دے سکتے ہیں تاکہ تصدیق ہوسکے کہ تمام کھڑکیاں بند ہیں۔اسی طرح اگر گھر سے دوری کے دوران سکیورٹی الارم بجنے کی اطلاع موصول ہو تو ڈرون پہلے ہی پرواز کرکے اس مقام کا جائزہ لینا شروع کردیتا ہے جہاں سے الارم فعال ہوا ہو، اور آپ کو صورتحال سے آگاہ کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق رنگ ڈرون کیم صارفین کو گھر سے دور ہونے کے باوجود تحفظ اور اطمینان کا احساس فراہم کرتا ہے۔ایمازون کے مطابق دونوں آلات کو اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ وہ نہ صرف اپنی موجودگی کا احساس دلائیں بلکہ آواز اور روشنی کے ذریعے بھی توجہ حاصل کریں۔ رنگ ڈرون کے پروپیلرز کی آواز واضح طور پر سنائی دیتی ہے، جبکہ رنگ روور کا روشن لائٹ ٹاور دور سے بھی دکھائی دیتا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر کسی ایسی جگہ کوئی غیر متعلقہ شخص موجود ہو جہاں اس کی اجازت نہ ہو تو سر پر پرواز کرتا ڈرون یا سائرن بجاتا ہوا متحرک روبوٹ اسے فوری طور پر احساس دلاتا ہے کہ اس کی موجودگی کا پتا چل چکا ہے۔رنگ روور کیم کی امریکا میں ترسیل 16 دسمبر سے شروع ہونے کی توقع ہے، جس کی قیمت 999 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈرون کیم کی قیمت 249 ڈالر رکھی گئی ہے اور اس کی فروخت آئندہ سال 27 جنوری سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

قاضی جاوید:فکر و فلسفے کا روشن چراغ

قاضی جاوید:فکر و فلسفے کا روشن چراغ

نامور فلا سفرودانشورکی چھٹی برسی پر خصوصی تحریرکسی معاشرے کی فکری و علمی ترقی میں دانشوروں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو اپنے علم، مطالعے اور غیر معمولی بصیرت سے نہ صرف اپنے عہد کے فکری سوالات کا جواب تلاش کرتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی سوچ و فکر کے نئے راستے متعین کرتے ہیں۔ قاضی جاوید بھی ایسی ہی نابغہ روزگار شخصیت تھے جنہوں نے فلسفے، تاریخ اور ادب کے میدان میں اپنی علمی و تحقیقی کاوشوں سے نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی زندگی علم و مطالعے، تحقیق اور فکری جستجو سے عبارت تھی۔ نامساعد حالات اور مشکلات بھی ان کے قلم کی روانی اور علمی سفر میں رکاوٹ نہ بن سکیں۔ انہوں نے اپنی تحریروں، کتابوں اور تراجم کے ذریعے فکر و دانش کی جو شمع روشن کی، اس کی روشنی آج بھی اہل علم اور نئی نسلوں کی رہنمائی کر رہی ہے۔ ان کا علمی سرمایہ اس حقیقت کا گواہ ہے کہ ایک سچا دانشور اپنے افکار اور تحریروں کے ذریعے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی زندہ رہتا ہے۔ قاضی جاوید 6سال قبل ہم سے جدا ہو گئے تھے۔ وہ ادارہ ثقافت اسلامیہ کے ڈائریکٹر تھے۔ ان کی مطالعاتی، فکری اور تخلیقی زندگی کا مرکز و محور فلسفہ تھا۔ اس حوالے سے ان کی متعدد کتابیں، مقالے، مضامین اور کالم آج بھی ہمارے لیے رہنمائی اور سوچوں کے دروازے کھولتے ہیں۔قاضی جاوید نے سکول کی تعلیم مصری شاہ لاہور سے حاصل کی۔ انٹرمیڈیٹ اسلامیہ کالج (ریلوے روڈ) سے کیا۔ بی اے، ایم اے او کالج سے جبکہ ایم اے فلسفہ پنجاب یونیورسٹی سے کیا۔1973ء سے 1984ء تک پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ میں ریسرچ سکالر رہے۔ 1989ء سے 2009ء تک اکادمی ادبیات پاکستان کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر رہے۔ 2009ء تا مرگ ادارہ ثقافت اسلامیہ کے ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے چین بھارت، بنگلہ دیش، ملائیشیا اور انڈونیشیا میں فلسفے پر ہونے والی کانفرنسوں میں کلیدی مقالے پڑھے۔ حکومت پاکستان نے ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں انہیں ''تمغہ امتیاز‘‘ سے بھی نوازا۔ جنرل ضیا کا مارشل لا آیا تو بائیں بازو کے اساتذہ زیر عتا ب آ گئے۔قاضی صاحب کی لیکچرر شپ بھی جاری نہ رہ سکی۔ بڑا مشکل وقت تھا لیکن قاضی صاحب نے اپنی صلاحیتو ں کو بکھرنے سے یوں بچا لیا کہ تصنیف، تالیف اور تراجم کے کاموں میں مصروف ہو گئے۔ ایک انگریزی اخبار اور روزنامہ پاکستان میں ''خیالات‘‘ کے عنوان سے کالم لکھنے لگے۔پی ایچ ڈی کا مقالہ انہوں نے ''برصغیر میں مسلم فکر کا ارتقاء‘‘ کے عنوان سے کتابی شکل میں چھپوا یا۔ اس میں انہوں نے حضرت گنج بخش ؒ سے لے کر حضرت شاہ ولی اللہ ؒ تک مسلم افکار کا تجزیہ پیش کیا۔ قاضی صاحب کا علمی میدان فلسفہ تھا۔وہ دقیق سے دقیق موضوع پر بھی بڑی سلاست کے ساتھ لکھنے پر قادر تھے۔ قاضی جاوید کے دیرینہ دوست اور ساتھی ڈاکٹر مبارک علی لکھتے ہیں کہ قاضی صاحب نے فلسفے، تاریخ اور ادب کے حوالے سے بہت کام کیا ہے۔ اس کی قدر نہ صرف اہل علم میں ہے بلکہ خاص طور پر سندھ اور بلوچستان کے نوجوان ان کی کتابیں بہت شوق سے پڑھتے ہیں اور یہی ان کا سب سے بڑا علمی ورثہ ہے۔قاضی صاحب پاکستان ایسوسی ایشن برائے بین المذاہب مکالمہ کے صدر اور انسانی حقوق کمیشن سمیت کئی علمی و ثقافتی انجمنوں کے رکن رہے۔ اس کے علاوہ پنجابی کے صوفی شاعروں پر ان کی متعدد کتابیں اور تحریریں موجود ہیں۔ وہ فلسفہ اور اس سے جڑے موضوعات پر سند کی حیثیت رکھتے تھے۔ نامور مصنف، کالم نگار اور دانشور سلمان عابد ان کے قریبی دوستوں میں سے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ قاضی جاوید کی پوری زندگی کا احاطہ کیا جائے تو علمی و فکری مطالعہ کی عادت یا کتاب دوستی ان میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ وہ علمی طور پر لاہور میں ایک مجلسی آدمی تھے، تنہا رہنا ان کو قبول نہیں تھا۔قاضی جاوید سے میرا تعلق اس وقت سے رہا ہے جب میں نے ہوش سنبھالا اور قلم ہاتھ میں پکڑا۔ وہ میرے خالہ زاد بھی تھے اور بہنوئی بھی۔ ایک رشتہ ادبی اور تعلیمی بھی تھاکہ میں بچپن ہی سے قاضی جاوید اور اپنے والد مرحوم ناظم پانی پتی کی محفل میں بیٹھ کر علم و دانش کے موتی سمیٹتا تھا۔ اس کے علاوہ میرا تعلق ان کی ذاتی زندگی، عادات، رویوں اور مجلسی زندگی کے حوالے سے بھی تھا۔قریبی عزیز داری کی بنا پر ان سے متواتر ملاقاتیں ہوتی رہتی تھیں۔ انہوں نے اپنے بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت بھی اپنی نہج پر کی،بیٹا جعفر جاوید، بیٹیاں اقصیٰ جاوید اور ثنا جاوید بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ ایک نامور مفکر و ادیب ہونے کے ساتھ وہ ایک ذمہ دار والد اور شوہر بھی تھے۔اپنی وفات سے چند روز قبل وہ اپنے کمرے میں گر پڑے اور کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ آپریشن ہوا اور بخیریت گھر آگئے۔ وہ صبح جلدی اٹھنے، ماڈل ٹاؤن پارک کی سیر کرنے، دوستوں کی محفل سجانے کے عادی تھے۔ یہ روش برسوں سے چل رہی تھی۔ اکثر ناشتہ بھی پارک میں اپنی مخصوص ''منڈلی‘‘ میں کرتے۔ قاضی جاوید اور مستنصر حسین تارڑ ان محفلوں کی جان اور رونق تھے۔ بستر سے لگ جانا ان کے مزاج، طبیعت اور معمول کے خلاف تھا۔ بمشکل دس بارہ دن یہ کیفیت رہی پھر 14 نومبر کی صبح خاموشی سے رخصت ہو گئے۔قاضی جاوید کی تصانیفقاضی جاوید وسیع المطالعہ شخص تھے۔ اسلامی فکر اور فلسفہ، وجودیت، جدیدیت، مغربی فلسفوں اور ان سے جڑے موضوعات کے علاوہ پنجاب کے صوفی شعراء کے تصورات، نظریات اور تصوف پر گہری نظر رکھتے تھے۔ ان موضوعات پر ان کی بہت ساری کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں۔ برصغیر میں مسلم فکر کا ارتقاء '' سرسید سے اقبال تک‘‘،''پنجاب کے صوفی دانشور‘‘، ''وجودیت‘‘، '' دکھتی رگیں ‘‘، ''ہندی مسلم تہذیب ‘‘، ''پاکستان میں فلسفیانہ رجحانات‘‘، ''افکار شاہ ولی اللہ‘‘،''روسو: یورپی روشن خیالی کا نمائندہ‘‘، '' سارک: مسائل اور ارتقاء‘‘، '' برٹر رسل: زندگی اور افکار‘‘،'' منڈلی‘‘،'' 20عظیم فلسفی‘‘، ''جینے کا سلیقہ‘‘، ''پنجاب دی صوفیانہ روایت (پنجابی)‘‘، ' ' تعلیم اور سماجی نظام(ترجمہ)‘‘،'' رسل کے مضامین (ترجمہ)‘‘،'' لوگوں کو سوچنے دو (ترجمہ)‘‘،'' صحت مند معاشرہ (ترجمہ) ‘‘،'' پاکستان میں امریکہ کا کردار (ترجمہ)‘‘،الجزائر اور بنگلہ دیشی ناولوں کے تراجم، ''وجودیت اور انسان دوستی‘‘ اس کے علاوہ ایک کتاب انگریزی میں بھی لکھی جس کا نام ''اے سٹڈی آف ماڈرن انڈیا‘‘ہے۔

آج کا دن

آج کا دن

پہلا جی20اجلاسمالیاتی منڈیوں اور عالمی معیشت پر جی20 سربراہی اجلاس واشنگٹن میں 14نومبر 2008ء کو شروع ہوا۔ اس اجلاس میں جی20میں شریک ممالک کے درمیان ایک سمجھوتہ ہوا کہ کس طرح اہم شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا جا سکتا ہے تاکہ باہمی معاشی ترقی کو مضبوط کیا جا سکے۔فرانس کا جوہری تجربہ1978ء میں آج کے روز فرانس نے ''ایفرو دائٹ‘‘ (Aphrodite) کے نام سے جوہری تجربہ کیا۔ یہ 1975ء سے 1978ء کے دوران فرانس کی جانب سے کیے گئے 29 جوہری تجربات کے سلسلے کا 25واں تجربہ تھا۔ ان تجربات کا مقصد جوہری ہتھیاروں کی تیاری، ان کی صلاحیت اور کارکردگی کو جانچنا تھا۔''اپالو12‘‘کی لانچنگ14نومبر1969ء کوناسا نے ''اپالو 12‘‘ کو لانچ کیا۔ ناسا کا ''اپالو مشن 11‘‘ ناکام ہو گیا تھا، اس لئے ''اپالو12‘‘ کی تیاری اور کریو کی تربیت میں زیادہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔اس جہاز کی ساخت بھی ''اپالو11‘‘ سے ملتی جلتی تھی لیکن کریو کی سیفٹی اور آسائش کا زیادہ خیال رکھا گیا تھا۔جرمن ، پولش سرحدی معاہدہ1990ء میں جرمنی اور پولینڈ کے درمیان ایک سرحدی معاہدہ طے پایا۔ اس معاہدے پر14نومبر1990ء کو وارسا میں جرمنی اور پولینڈ کے وزرائے خارجہ کرزیزٹوف اسکوبیزوسکی اور ہانس نے دستخط کئے۔ 26نومبر1991ء کو پولش اور16دسمبر1991ء کو جرمنی نے اس معاہدے کی توثیق کی اور اس طرح یہ معاہدہ توثیق کے تبادلے کے بعد16جنوری1992ء کو نافذالعمل ہوا۔نیویارک رہائشی منصوبہ14نومبر1934ء کو نیویارک میں کچی آبادیوں کیخلاف ایک بڑا آپریشن کیا گیا۔ پبلک ورکس ایڈمنسٹریشن نیویارک سٹی نے ولیمز برگ میں20ایکٹر رقبے پرایک بلاک کی تعمیرکا منصوبہ بنایا،جس کے تحت کچی آبادیوں کو ختم کر کے اندرون شہر کے باشندوں کیلئے بہترین رہائشی سہولیات فراہم کی گئیں۔ عظیم دریا کا منبع دریافت1770ء میں اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے سیاح و مہم جو جیمز بروس نے دریائے نیل کا وہ مقام دریافت کیا جسے انہوں نے اس عظیم دریا کا منبع قرار دیا۔ وہ طویل عرصے سے دریائے نیل کے اصل سرچشمے کی تلاش میں تھے۔ ان کی اس مہم نے جغرافیائی تحقیق اور دریائے نیل کی تاریخ میں اہم مقام حاصل کیا۔ بی بی سی ریڈیو کا آغاز14نومبر1922ء کو برطانیہ میں برٹش براڈکاسٹنگ کمپنی (بی بی سی) نے ریڈیو نشریات کا باقاعدہ آغاز کیا۔ یہ برطانوی ذرائع ابلاغ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل تھا۔ اس ادارے کے قیام کا مقصد عوام تک خبریں، معلومات، تفریحی پروگرام اور دیگر نشریاتی مواد پہنچانا تھا۔