قاضی جاوید:فکر و فلسفے کا روشن چراغ
اسپیشل فیچر
نامور فلا سفرودانشورکی چھٹی برسی پر خصوصی تحریر
کسی معاشرے کی فکری و علمی ترقی میں دانشوروں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو اپنے علم، مطالعے اور غیر معمولی بصیرت سے نہ صرف اپنے عہد کے فکری سوالات کا جواب تلاش کرتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی سوچ و فکر کے نئے راستے متعین کرتے ہیں۔ قاضی جاوید بھی ایسی ہی نابغہ روزگار شخصیت تھے جنہوں نے فلسفے، تاریخ اور ادب کے میدان میں اپنی علمی و تحقیقی کاوشوں سے نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی زندگی علم و مطالعے، تحقیق اور فکری جستجو سے عبارت تھی۔ نامساعد حالات اور مشکلات بھی ان کے قلم کی روانی اور علمی سفر میں رکاوٹ نہ بن سکیں۔ انہوں نے اپنی تحریروں، کتابوں اور تراجم کے ذریعے فکر و دانش کی جو شمع روشن کی، اس کی روشنی آج بھی اہل علم اور نئی نسلوں کی رہنمائی کر رہی ہے۔ ان کا علمی سرمایہ اس حقیقت کا گواہ ہے کہ ایک سچا دانشور اپنے افکار اور تحریروں کے ذریعے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی زندہ رہتا ہے۔
قاضی جاوید 6سال قبل ہم سے جدا ہو گئے تھے۔ وہ ادارہ ثقافت اسلامیہ کے ڈائریکٹر تھے۔ ان کی مطالعاتی، فکری اور تخلیقی زندگی کا مرکز و محور فلسفہ تھا۔ اس حوالے سے ان کی متعدد کتابیں، مقالے، مضامین اور کالم آج بھی ہمارے لیے رہنمائی اور سوچوں کے دروازے کھولتے ہیں۔
قاضی جاوید نے سکول کی تعلیم مصری شاہ لاہور سے حاصل کی۔ انٹرمیڈیٹ اسلامیہ کالج (ریلوے روڈ) سے کیا۔ بی اے، ایم اے او کالج سے جبکہ ایم اے فلسفہ پنجاب یونیورسٹی سے کیا۔1973ء سے 1984ء تک پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ میں ریسرچ سکالر رہے۔ 1989ء سے 2009ء تک اکادمی ادبیات پاکستان کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر رہے۔ 2009ء تا مرگ ادارہ ثقافت اسلامیہ کے ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے چین بھارت، بنگلہ دیش، ملائیشیا اور انڈونیشیا میں فلسفے پر ہونے والی کانفرنسوں میں کلیدی مقالے پڑھے۔ حکومت پاکستان نے ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں انہیں ''تمغہ امتیاز‘‘ سے بھی نوازا۔
جنرل ضیا کا مارشل لا آیا تو بائیں بازو کے اساتذہ زیر عتا ب آ گئے۔قاضی صاحب کی لیکچرر شپ بھی جاری نہ رہ سکی۔ بڑا مشکل وقت تھا لیکن قاضی صاحب نے اپنی صلاحیتو ں کو بکھرنے سے یوں بچا لیا کہ تصنیف، تالیف اور تراجم کے کاموں میں مصروف ہو گئے۔ ایک انگریزی اخبار اور روزنامہ پاکستان میں ''خیالات‘‘ کے عنوان سے کالم لکھنے لگے۔پی ایچ ڈی کا مقالہ انہوں نے ''برصغیر میں مسلم فکر کا ارتقاء‘‘ کے عنوان سے کتابی شکل میں چھپوا یا۔ اس میں انہوں نے حضرت گنج بخش ؒ سے لے کر حضرت شاہ ولی اللہ ؒ تک مسلم افکار کا تجزیہ پیش کیا۔ قاضی صاحب کا علمی میدان فلسفہ تھا۔وہ دقیق سے دقیق موضوع پر بھی بڑی سلاست کے ساتھ لکھنے پر قادر تھے۔
قاضی جاوید کے دیرینہ دوست اور ساتھی ڈاکٹر مبارک علی لکھتے ہیں کہ قاضی صاحب نے فلسفے، تاریخ اور ادب کے حوالے سے بہت کام کیا ہے۔ اس کی قدر نہ صرف اہل علم میں ہے بلکہ خاص طور پر سندھ اور بلوچستان کے نوجوان ان کی کتابیں بہت شوق سے پڑھتے ہیں اور یہی ان کا سب سے بڑا علمی ورثہ ہے۔قاضی صاحب پاکستان ایسوسی ایشن برائے بین المذاہب مکالمہ کے صدر اور انسانی حقوق کمیشن سمیت کئی علمی و ثقافتی انجمنوں کے رکن رہے۔ اس کے علاوہ پنجابی کے صوفی شاعروں پر ان کی متعدد کتابیں اور تحریریں موجود ہیں۔ وہ فلسفہ اور اس سے جڑے موضوعات پر سند کی حیثیت رکھتے تھے۔
نامور مصنف، کالم نگار اور دانشور سلمان عابد ان کے قریبی دوستوں میں سے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ قاضی جاوید کی پوری زندگی کا احاطہ کیا جائے تو علمی و فکری مطالعہ کی عادت یا کتاب دوستی ان میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ وہ علمی طور پر لاہور میں ایک مجلسی آدمی تھے، تنہا رہنا ان کو قبول نہیں تھا۔
قاضی جاوید سے میرا تعلق اس وقت سے رہا ہے جب میں نے ہوش سنبھالا اور قلم ہاتھ میں پکڑا۔ وہ میرے خالہ زاد بھی تھے اور بہنوئی بھی۔ ایک رشتہ ادبی اور تعلیمی بھی تھاکہ میں بچپن ہی سے قاضی جاوید اور اپنے والد مرحوم ناظم پانی پتی کی محفل میں بیٹھ کر علم و دانش کے موتی سمیٹتا تھا۔ اس کے علاوہ میرا تعلق ان کی ذاتی زندگی، عادات، رویوں اور مجلسی زندگی کے حوالے سے بھی تھا۔قریبی عزیز داری کی بنا پر ان سے متواتر ملاقاتیں ہوتی رہتی تھیں۔ انہوں نے اپنے بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت بھی اپنی نہج پر کی،بیٹا جعفر جاوید، بیٹیاں اقصیٰ جاوید اور ثنا جاوید بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ ایک نامور مفکر و ادیب ہونے کے ساتھ وہ ایک ذمہ دار والد اور شوہر بھی تھے۔
اپنی وفات سے چند روز قبل وہ اپنے کمرے میں گر پڑے اور کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ آپریشن ہوا اور بخیریت گھر آگئے۔ وہ صبح جلدی اٹھنے، ماڈل ٹاؤن پارک کی سیر کرنے، دوستوں کی محفل سجانے کے عادی تھے۔ یہ روش برسوں سے چل رہی تھی۔ اکثر ناشتہ بھی پارک میں اپنی مخصوص ''منڈلی‘‘ میں کرتے۔ قاضی جاوید اور مستنصر حسین تارڑ ان محفلوں کی جان اور رونق تھے۔ بستر سے لگ جانا ان کے مزاج، طبیعت اور معمول کے خلاف تھا۔ بمشکل دس بارہ دن یہ کیفیت رہی پھر 14 نومبر کی صبح خاموشی سے رخصت ہو گئے۔
قاضی جاوید کی تصانیف
قاضی جاوید وسیع المطالعہ شخص تھے۔ اسلامی فکر اور فلسفہ، وجودیت، جدیدیت، مغربی فلسفوں اور ان سے جڑے موضوعات کے علاوہ پنجاب کے صوفی شعراء کے تصورات، نظریات اور تصوف پر گہری نظر رکھتے تھے۔ ان موضوعات پر ان کی بہت ساری کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں۔ برصغیر میں مسلم فکر کا ارتقاء '' سرسید سے اقبال تک‘‘،''پنجاب کے صوفی دانشور‘‘، ''وجودیت‘‘، '' دکھتی رگیں ‘‘، ''ہندی مسلم تہذیب ‘‘، ''پاکستان میں فلسفیانہ رجحانات‘‘، ''افکار شاہ ولی اللہ‘‘،''روسو: یورپی روشن خیالی کا نمائندہ‘‘، '' سارک: مسائل اور ارتقاء‘‘، '' برٹر رسل: زندگی اور افکار‘‘،'' منڈلی‘‘،'' 20عظیم فلسفی‘‘، ''جینے کا سلیقہ‘‘، ''پنجاب دی صوفیانہ روایت (پنجابی)‘‘، ' ' تعلیم اور سماجی نظام(ترجمہ)‘‘،'' رسل کے مضامین (ترجمہ)‘‘،'' لوگوں کو سوچنے دو (ترجمہ)‘‘،'' صحت مند معاشرہ (ترجمہ) ‘‘،'' پاکستان میں امریکہ کا کردار (ترجمہ)‘‘،الجزائر اور بنگلہ دیشی ناولوں کے تراجم، ''وجودیت اور انسان دوستی‘‘ اس کے علاوہ ایک کتاب انگریزی میں بھی لکھی جس کا نام ''اے سٹڈی آف ماڈرن انڈیا‘‘ہے۔