آج کا دن
اسپیشل فیچر
دنیا کی آبادی8ارب
اقوامِ متحدہ کے تخمینے کے مطابق 15نومبر 2022ء کو دنیا کی آبادی آٹھ ارب کی تاریخی حد تک پہنچ گئی۔ یہ انسانی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل تھا۔ آبادی میں اس غیر معمولی اضافے کے پیچھے طبی سہولتوں میں بہتری، شرحِ اموات میں کمی اور اوسط عمر میں اضافے جیسے عوامل شامل ہیں۔
الجزیرہ انگریزی کا آغاز
15نومبر2006ء کو الجزیرہ کی انگریزی ڈویژن کا آغاز ہوا۔ یہ 24گھنٹے انگریزی زبان میں خبریں نشر کرنے والا ادارہ تھا۔اس کا ہیڈ آفس قطر میں واقع ہے۔ یہ انگریزی زبان کا پہلا چینل ہے جس کا صدر دفتر مشرقی وسطیٰ میں ہے۔الجزیرہ کا شمار دنیا کے معتبر ترین نشریاتی اداروں میں کیا جاتا ہے۔
پہلا مائیکرو پروسیسر
15نومبر1971ء کو انٹیل کی جانب سے پہلا 4004مائیکرو پروسیسر لانچ کیا گیا۔یہ پروسیسر مختلف مائیکرو ٹیکنالوجیز کی بہترین مثال تھا۔اس میں MOS سلکان گیٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔کارکردگی میں مرحلہ وار اضافہ نے ملٹی چپ سی پی یو کی جگہ سنگل چپ سی پی یو کو ممکن بنایا۔
گویا کیل ہڑتال
1922ء جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کے شہر گوایاکل (Guayaquil) میں عام ہڑتال کے دوران پرتشدد واقعات پیش آئے، جن میں کم از کم 300 افراد ہلاک کر دیے گئے۔ یہ ہڑتال مزدوروں اور محنت کش طبقے کے مطالبات کے حق میں کی گئی تھی۔یہ واقعہ ایکواڈور کی تاریخ میں مزدور تحریکوں کے دوران پیش آنے والے المناک واقعات میں شمار ہوتا ہے۔
سینٹ پیٹرزبرگ میٹرو
'' سینٹ پیٹرزبرگ میٹرو‘‘ روس میں ایک تیز رفتار ٹرانزٹ سسٹم ہے۔ اس کی تعمیر 1941ء کے اوائل میں شروع ہوئی لیکن دوسری جنگ عظیم اور اس کے نتیجے میں لینن گراڈ کے محاصرے کی وجہ سے اسے روک دیا گیا۔اسے بالآخر 15 نومبر 1955ء کو عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ ''سینٹ پیٹرزبرگ میٹرو‘‘ دنیا کے سب سے گہرے میٹرو سسٹمز میں سے ایک ہے۔
برازیل: بادشاہت کا خاتمہ
15 نومبر 1889ء کو برازیل میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں سلطنت برازیل کا خاتمہ ہوا اور ملک کو جمہوریہ قرار دیا گیا۔یہ بغاوت برازیلی فوج کے مارشل ڈیودورو دا فونسیکاکی قیادت میں ہوئی، جنہوں نے بادشاہ ڈوم پیڈرو دوم کو اقتدار سے ہٹا کر ملک بدر کر دیا۔یہ تبدیلی کسی خونریزی کے بغیر عمل میں آئی۔
تھائی لینڈ میں پہلے انتخابات
1933ء میں آج کے روز جنوب مشرقی ایشیائی ملک تھائی لینڈ (اس وقت سیام کہلاتا تھا) میں پہلی مرتبہ عام انتخابات منعقد ہوئے۔ یہ ملک کی سیاسی اور جمہوری تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل تھا۔ ان انتخابات کا انعقاد 1932ء میں بادشاہت کے نظام میں تبدیلی اور آئینی حکومت کے قیام کے بعد عمل میں آیا۔
اس انتخاب کے ذریعے عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملا اور ملک میں پارلیمانی نظام کی بنیاد مضبوط ہوئی۔