الیکٹرانک سگریٹ بھی پھیپھڑوں کیلئے نقصان دہ
اسپیشل فیچر
تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے متبادل سمجھی جانے والی ویپنگ (الیکٹرانک سگریٹ) بھی صحت کیلئے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔ حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ویپنگ نوجوانوں میں پھیپھڑوں کی ایک خطرناک اور طویل المدتی بیماری کرونک اوبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز (COPD) کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔ یہ بیماری سانس کی نالیوں کو متاثر کر کے پھیپھڑوں کی کارکردگی محدود کر دیتی ہے اور مریض کیلئے معمول کے مطابق سانس لینا بھی دشوار بنا سکتی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ نوجوان ویپنگ کے ممکنہ نقصانات کو معمولی نہ سمجھیں اور مسلسل کھانسی، سانس پھولنے اور سینے میں جکڑن جیسی ابتدائی علامات کو نظرانداز کرنے کے بجائے فوری طبی معائنہ کروائیں۔
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ویپنگ نوجوانوں کے پھیپھڑوں کو مستقل نقصان پہنچا سکتی ہے، جس کے نتیجے میں انہیں پھیپھڑوں کی جان لیوا بیماری کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔محققین نے دریافت کیا کہ ویپنگ کرنے والے نوجوانوں کی پھیپھڑوں کی کارکردگی محض 12 ماہ کے دوران ہی نمایاں طور پر کم ہو گئی، جبکہ زیادہ مقدار میں ویپنگ کرنے والوں کی حالت نسبتاً زیادہ متاثر ہونے کا رجحان سامنے آیا۔ ماہرین کو خدشہ ہے کہ یہ نقصان برسوں کے دوران بڑھ سکتا ہے اور کرونک اوبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز (COPD) کا خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔ یہ ایک لاعلاج بیماری ہے جس میں مریض کیلئے سانس لینا بتدریج مشکل ہوتا جاتا ہے۔ برطانیہ میں ہر سال تقریباً 30 ہزار افراد اس بیماری کے باعث موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔
یہ بیماری عموماً کئی دہائیوں تک سگریٹ نوشی کرنے سے منسلک سمجھی جاتی ہے۔ اس میں پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث سانس باہر نکالنے میں دشواری پیش آتی ہے۔تاہم، اب امریکی ریاست فلوریڈا کی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سائنسدانوں کو ابتدائی شواہد ملے ہیں کہ ویپنگ بھی اسی نوعیت کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔تحقیق کے دوران 21 سے 35 سال کی عمر کے 22 ویپنگ کرنے والے افراد کے پھیپھڑوں کی کارکردگی جانچی گئی۔ اس مقصد کیلئے یہ پیمائش کی گئی کہ وہ ایک سیکنڈ میں کتنی ہوا پوری قوت سے اپنے پھیپھڑوں سے باہر نکال سکتے ہیں۔تقریباً ایک سال بعد جب ان افراد کا دوبارہ معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ خارج کی جانے والی ہوا کی مقدار میں نمایاں کمی واقع ہو چکی تھی۔تحقیق میں یہ رجحان بھی سامنے آیا کہ جو افراد زیادہ کثرت سے ویپنگ کرتے تھے، ان کے پھیپھڑوں کی کارکردگی میں سب سے زیادہ کمی دیکھی گئی۔ تاہم، محققین کا کہنا ہے کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ یہ فرق محض اتفاقی نہیں تھا۔
تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے ٹوبیکو کنٹرول میں شائع کیے گئے ہیں، تاہم سائنس دانوں نے واضح کیا ہے کہ یہ ابتدائی نوعیت کے نتائج ہیں۔ ان کے مطابق اس بات کی تصدیق کیلئے بڑے پیمانے پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ آیا ویپنگ پھیپھڑوں کو مستقل نقصان پہنچاتی ہے یا اس سے سی او پی ڈی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
نئی تحقیق میں بھی سائنس دانوں نے دریافت کیا کہ ویپنگ کی شرح جتنی زیادہ تھی، پھیپھڑوں کی کارکردگی میں کمی بھی اتنی ہی زیادہ دیکھنے میں آئی۔ روزانہ 30 یا اس سے زیادہ مرتبہ ویپنگ کرنے والے افراد میں پھیپھڑوں کی کارکردگی سب سے زیادہ متاثر ہونے کا رجحان سامنے آیا، جس سے خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ اس کا کثرت سے استعمال خاص طور پر نقصان دہ ہو سکتا ہے۔تاہم، اس تحقیق میں صرف 22 افراد شامل تھے، اس لیے محققین اس امکان کو رد نہیں کر سکے کہ زیادہ ویپنگ کرنے والوں میں پھیپھڑوں کو زیادہ نقصان پہنچنے کا تعلق محض اتفاق سے بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مزید بڑے مطالعات کی ضرورت ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ پھیپھڑوں کی کارکردگی میں آنے والی یہ تبدیلیاں برقرار رہتی ہیں یا مستقبل میں کسی سنگین بیماری کا سبب بن سکتی ہیں۔ سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ ای سگریٹ کے بخارات میں موجود کیمیائی مادوں سے بار بار واسطہ پڑنے کے نتیجے میں پھیپھڑوں کو پہنچنے والا نقصان وقت کے ساتھ جمع ہو سکتا ہے اورسی او پی ڈی کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
''کرونک اوبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز‘‘ ایک لاعلاج مرض
'' کرونک اوبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز‘‘ ایک لاعلاج بیماری ہے، جس میں مریض کیلئے سانس لینا بتدریج مشکل ہوتا جاتا ہے۔ برطانیہ میں ہر سال تقریباً 30 ہزار افراد اس بیماری کے باعث موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔یہ بیماری عموماً کئی دہائیوں تک سگریٹ نوشی کرنے سے منسلک سمجھی جاتی ہے۔ اس میں پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث سانس باہر نکالنے میں دشواری پیش آتی ہے۔