سوئٹزر لینڈ کا نام آتے ہی ذہن میں برف سے ڈھکے بلندوبالا پہاڑ، سبزہ زار وادیاں، چاکلیٹ اور دنیا کا بہترین ریلوے نظام گھومنے لگتا ہے۔ لیکن ان تمام دلکش مناظر کے درمیان ایک ایسا مقام بھی ہے جو اپنی ہیبت، خوبصورتی اور اس کی تعمیر کے پیچھے چھپی انسانی قربانیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ جنگفرو ریلوے تاریخ، انجینئرنگ کے کمال اور قدرت کے اٹل قوانین کے خلاف انسان کی عظیم فتح کا نام ہے۔ سطح سمندر سے 3454 میٹر یا 11,332 فٹ کی بلندی پر واقع جنگفرایوج یورپ کا بلند ترین ریلوے اسٹیشن ہے، جسے بجا طور پر یورپ کی چھت کہا جاتا ہے۔ یہ ایسے ہلاکت خیز اور خطرناک پہاڑ سے گزرتی ہے جہاں قدم رکھنا بھی صدیوں پہلے تک ناممکن سمجھا جاتا تھا۔انیسویں صدی کے آخر میں جب یورپ میں صنعتی انقلاب اپنے عروج پر تھا تو سوئٹزرلینڈ کے پرعزم تاجر اڈولف گائرر کے دل میں انوکھا خیال آیا۔ انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ سوئس الپس کے بلند ترین پہاڑوں جن میں آئگر، مونش اور جنگفراؤ شامل ہیں پر ایک ایسی ریلوے بنائی جائے جو عام سیاحوں کو بھی برفانی چوٹیوں کے قلب تک لے جائے۔اس وقت کے ماہرین تعمیرات نے اسے دیوانے کا خواب قرار دیا اور کہا کہ یہ پراجیکٹ ناممکن اور خودکشی کے مترادف ہے۔ پہاڑوں کی انتہائی سردی، تیز برفانی طوفان، آکسیجن کی کمی اور چٹانوں کے اندر کام کرنے کے خطرات اتنے بڑے تھے کہ عقل دنگ رہ جاتی تھی۔ اس کے باوجود گائرر نے ہمت نہ ہاری اور 1896ء میں اس ناممکن پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ جنگفرو ریلوے کی تعمیر کا عمل انسانی المیے سے کم نہیں تھا۔ اس ریلوے کی سب سے بڑی انفرادیت یہ ہے کہ اس کا بڑا حصہ کھلے آسمان کے نیچے نہیں بلکہ پہاڑوں کے اندر تراشی گئی سرنگوں سے ہو کر گزرتا ہے۔ اس خوفناک پہاڑی سلسلے میں آٹھ کلومیٹر طویل سرنگ بنانا اس دور کی ٹیکنالوجی کے لحاظ سے معجزہ تھا۔ کارکنوں کو منفی درجہ حرارت، شدید برف باری اور ہڈیوں کو جما دینے والی سردی میں کام کرنا پڑتا تھا۔ اتنی زیادہ بلندی پر آکسیجن کی سطح کم ہونے کی وجہ سے سانس لینا محال ہو جاتا تھا، جس سے جسمانی تھکن اور بیماریاں عام تھیں۔ چٹانوں کو اڑانے کیلئے ڈائنامائٹ کا استعمال کیا جاتا تھا۔ کئی بار اچانک چٹانیں گرنے، برفانی تودے کھسکنے اور دھماکوں کے دوران پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں درجنوں مزدور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔یہ پراجیکٹ 16سال میں مکمل ہوا۔ اس طویل عرصے میں بیسیوں مزدوروں نے اس راستے کی تعمیر میں اپنی جانیں قربان کیں۔ زیادہ تر مزدور اٹلی سے آئے غریب طبقے کے لوگ تھے، جن کی قربانیوں کی یاد میں آج بھی وہاں شواہد موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جنگفرو ریلوے کو ہلاکت خیز پہاڑ سے گزرنے والی تاریخ کا خونچکاں باب کہا جاتا ہے۔آج جب کوئی سیاح انٹرلاکن یا گرائنڈل والڈ سے اس سفر کا آغاز کرتا ہے تو وہ زمین کی جنت سے نکل کر آسمانوں کی وسعتوں میں داخل ہو رہا ہوتا ہے۔ ٹرین آہستہ آہستہ سرسبز وادیوں کو چھوڑ کر برف کی سفید چادر اوڑھے پہاڑوں کی طرف بڑھتی ہے۔ آئگر گلوبند اور آئگرسوانڈ اسٹیشن سے ٹرین جب پہاڑ کے اندر سرنگ سے گزرتی ہے تو راستے میں شیشے کی کھڑکیاں بنائی گئی ہیں جہاں ٹرین چند منٹ کیلئے رکتی ہے۔ مسافر یہاں باہر جھانک کر دیکھتے ہیں تو نیچے گہری کھائیاں، گلیشیئرز کا سمندر اور بادلوں کے ٹکڑے دکھائی دیتے ہیں۔ یہاں کھڑے ہو کر انسان کو قدرت کی ہیبت اور اپنی بے بسی کا اندازہ ہوتا ہے۔ پہاڑ کے اندر بنائی گئی یہ سرنگ اس دور کی انجینئرنگ کا شاہکار ہے۔ ٹرین برقی نظام پر چلتی ہے جو اس زمانے میں بھی ماحول دوست اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی ایک بہترین مثال تھی۔ جب ٹرین آخری منزل پر پہنچتی ہے تو مسافر ایسی دنیا میں قدم رکھتے ہیں جو سال کے بارہ مہینے برف سے ڈھکی رہتی ہے۔یہ ریلوے اسٹیشن اپنے آپ میں سیاحتی کمپلیکس ہے۔ یہاں پہنچنے والے سیاحوں کیلئے تین مقامات خصوصی کشش رکھتے ہیں۔ اسفنکس آبزرویٹری جو سائنسی رصد گاہ ہے جو بلند ترین چوٹی پر واقع ہے۔ یہاں ایک لفٹ کے ذریعے پہنچا جاتا ہے جہاں سے چاروں طرف الپس کے پہاڑوں اور دنیا کے سب سے بڑے الیش گلیشیئر کا 360 ڈگری نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ آئس محل گلیشیئر کے اندر برف کو تراش کر بنائے گئے یہ غار اور سرنگیں کسی جادوئی دنیا کا منظر پیش کرتے ہیں۔ یہاں برف کے تراشے ہوئے مجسمے رکھے گئے ہیں۔ الپائن سینسیشن ایک ٹنل ہے جو جنگفرو ریلوے کی تاریخ اور اس کی تعمیر میں جان دینے والے مزدوروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ آج کے دور میں ماحولیاتی تبدیلی پوری دنیا کیلئے سنگین مسئلہ بن چکی ہے، الپس کے گلیشیئرز بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں ہیں۔ یہ گلیشیئر ہر سال تیزی سے پگھل رہا ہے، جو کہ ماہرینِ ماحولیات کیلئے تشویش کا باعث ہے۔ جنگفرو ریلوے انتظامیہ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ سیاحت کی وجہ سے اس نازک ماحولیاتی نظام کو نقصان نہ پہنچے اور ٹرین کا نظام مکمل طور پر قابلِ تجدید توانائی پر چلایا جائے۔