ناسا خلائی مشن وائجر 1

ناسا خلائی مشن وائجر 1

اسپیشل فیچر

تحریر : وقاص ریاض


مشتری کی دنیا بدل دینے والی تاریخی تصاویر

خلائی تحقیق کی تاریخ میں بعض مشن ایسے ہیں جو انسان کے کائنات کو دیکھنے اور سمجھنے کا انداز ہمیشہ کے لیے بدل دیتے ہیں۔ ناسا کا وائجر 1 (Voyager 1) بھی ایسا ہی ایک تاریخی مشن ہے جس نے نہ صرف نظامِ شمسی کے دور دراز سیاروں کے بارے میں حیران کن معلومات فراہم کیں بلکہ مشتری (Jupiter) کے متعلق سائنسدانوں کے کئی پرانے تصورات بھی تبدیل کر دئیے۔ 1977ء میں زمین سے روانہ ہونے والا یہ خلائی جہاز تقریباً نصف صدی گزرنے کے باوجود کائنات کے سفر پر رواں دواں ہے۔حال ہی میں معروف ویب سائٹ 'لائیو سائنس‘ نے وائجر 1 کی مشتری کے بارے میں حاصل کردہ تاریخی تصاویر اور دریافتوں کو اپنی خصوصی رپورٹ میں نمایاں کیا ہے۔ یہ تصاویر 1979ء میں حاصل کی گئی تھیں اور انہوں نے مشتری کو محض دور سے نظر آنے والے ایک بڑے سیارے کے بجائے ایک متحرک، پیچیدہ اور حیرت انگیز دنیا کے طور پر متعارف کرایا۔
وائجر 1 کا مشتری کی جانب تاریخی سفر
وائجر 1 کو ستمبر 1977ء میں خلا میں بھیجا گیا تھا۔ اس مشن کا بنیادی مقصد نظامِ شمسی کے بیرونی سیاروں کا قریب سے مشاہدہ کرنا اور ان کے ماحول، ساخت اور قدرتی خصوصیات کے بارے میں معلومات جمع کرنا تھا۔جنوری سے اپریل 1979ء کے دوران وائجر 1 نے مشتری اور اس کے بڑے چاندوں کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ مارچ 1979 میں یہ خلائی جہاز مشتری کے انتہائی قریب پہنچا اور سیارے سے اس کا کم ترین فاصلہ تقریباًدو لاکھ 80 ہزار کلومیٹر ریکارڈ کیا گیا۔مشتری کے قریب پہنچنے کے دوران وائجر 1 نے ہر 96 سیکنڈ بعد اس کی تصویر بنائی۔ ان تصاویر کو یکجا کرکے ایک حیرت انگیز ٹائم لیپس فلم تیار کی گئی جس میں مشتری کے بادلوں، طوفانوں اور فضائی گردش کو حرکت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ان مشاہدات نے واضح کیا کہ مشتری کا ماحول پہلے کے اندازوں سے کہیں زیادہ متحرک ہے۔ اس کے مختلف فضائی حصے مختلف رفتار اور بعض اوقات مختلف سمتوں میں حرکت کرتے ہیں۔ بادلوں کی تیز رفتار گردش اور بڑے طوفانوں نے سائنسدانوں کو یہ سمجھنے میں مدد دی کہ مشتری کا ماحول انتہائی پیچیدہ نظام کا حامل ہے۔
سرخ دھبے اور پراسرار حلقے
وائجر 1 کی سب سے اہم کامیابیوں میں مشتری کے مشہور سرخ دھبے کی تفصیلی تصاویر شامل ہیں۔ ان تصاویر سے معلوم ہوا کہ مشتری کا ماحول مسلسل تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔ اس کے بادلوں کی تہیں، تیز ہوائیں اور وسیع طوفانی نظام ایک دوسرے سے پیچیدہ انداز میں جڑے ہوئے ہیں۔اس مشن کی ایک اور غیر معمولی دریافت مشتری کے گرد موجود باریک اور مدھم حلقے تھے۔ اس سے پہلے سائنسدانوں کو مشتری کے حلقوں کا علم نہیں تھا۔ وائجر 1 نے سورج کی روشنی کے پس منظر میں ان حلقوں کی تصاویر حاصل کیں جس سے ان کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔یہ حلقے بنیادی طور پر گردوغبار کے باریک ذرات پر مشتمل ہیں۔ بعد میں زمینی دوربینوں نے بھی ان کی موجودگی کی تصدیق کی جبکہ جولائی 1979ء میں مشتری کے قریب پہنچنے والے وائجر 2 نے ان حلقوں کی مزید واضح تصاویر حاصل کیں۔آج سائنسدان جانتے ہیں کہ نظامِ شمسی کے چار بڑے بیرونی سیاروں یعنی مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون، سب کے گرد حلقے موجود ہیں۔
ایک حیران کن انکشاف
وائجر 1 کی دریافتوں میں سب سے حیرت انگیز مشاہدات میں سے ایک مشتری کے چاند IOپر فعال آتش فشاں کی موجودگی تھی۔1979ء میں جب خلائی جہاز نے آئی او کا قریب سے مشاہدہ کیا تو اسے وہاں ایک آتش فشاں پھٹتا ہوا نظر آیا۔ یہ تاریخ میں زمین کے علاوہ کسی دوسرے فلکیاتی باڈی پر آتش فشانی سرگرمی کا پہلا براہِ راست مشاہدہ تھا۔اس دریافت نے سائنس کی دنیا میں ایک نیا باب کھولا۔ اس سے پہلے عام طور پر یہ خیال کیا جاتا تھا کہ آتش فشانی سرگرمیاں بنیادی طور پر زمین جیسے سیاروں تک محدود ہیں ۔آئی او پر موجود لوکی پیٹیرا (Loki Patera) نامی آتش فشاں کا اندازاً قطر 200 کلومیٹر ہے اور اسے اس چاند کے سب سے بڑے آتش فشانی علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
نصف صدی بعد بھی سفر جاری
وائجر 1 کی اہمیت صرف مشتری تک محدود نہیں رہی، اس خلائی جہاز نے بعد کے برسوں میں نظامِ شمسی کے دیگر حصوں کے بارے میں بھی قیمتی معلومات فراہم کیں۔ 1990ء میں اس نے زمین کی تاریخی تصویر پیل بلیو ڈاٹ (Pale Blue Dot) بھی حاصل کی تھی، جس میں ہمارا سیارہ خلا کی وسعت میں روشنی کے ایک انتہائی چھوٹے نقطے کی صورت میں دکھائی دیتا ہے۔اس تصویر کے فوراً بعد سائنسدانوں نے وائجر 1 کا کیمرہ بند کر دیا تاکہ باقی توانائی کو دیگر سائنسی آلات کے لیے محفوظ رکھا جا سکے۔2012ء میں وائجر 1 نے ہیلیوسفیئر (Heliosphere) کی حدود عبور کرکے بین النجمی خلا (Interstellar Space) میں داخل ہونے کا اہم سنگ میل عبور کیا۔ اس وقت یہ خلا میں مقناطیسی میدان، پلازما اور کائناتی شعاعوں سے متعلق معلومات جمع کر رہا ہے۔ اس کے دس سائنسی آلات میں سے اب صرف دو فعال ہیں۔ناسا کے مطابق اس خلائی جہاز کو توانائی فراہم کرنے والے جوہری نظام کی طاقت وقت کے ساتھ کم ہو رہی ہے۔ سائنسدانوں کو توقع ہے کہ 2030ء کی دہائی میں اس کی توانائی مکمل طور پر ختم ہو سکتی ہے تاہم اس کے باوجود یہ انسان کی بنائی ہوئی ان چند غیر معمولی مشینوں میں شامل رہے گا جنہوں نے زمین سے اربوں کلومیٹر دور تک سفر کیا۔رپورٹ کے مطابق 18 نومبر 2026ء کو وائجر 1 زمین سے تقریباً 25.89 ارب کلومیٹر دور پہنچ کر ایک نیا سنگ میل عبور کرنے والا ہے۔ اس فاصلے کو طے کرنے میں روشنی کو بھی تقریباً 24 گھنٹے درکار ہوں گے۔ اسے ایک لائٹ ڈے کہا جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
انٹرنیشنل اسلامک آرٹ ڈے

انٹرنیشنل اسلامک آرٹ ڈے

تہذیب، ثقافت اور فن کا عظیم سرمایہاسلامی فنون مسلم سماج کی پہچان ہیں اور مسلم ثقافتی زندگی کے عکاس ہیں ۔ یہ فنون خواہ خطاطی کی صورت میں ہوں یا مصوری، تعمیرات اورفنون کی دیگر صورتوں میں، یہ حسن، سادگی، توازن، تخلیقی صلاحیت اور روحانیت کا حسین امتزاج ہیں۔ اس عظیم ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سال 18 نومبر کو عالمی یومِ اسلامی فن (International Day of Islamic Art) منایا جاتا ہے۔اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو نے 2019ء میں اپنے 40ویں جنرل کانفرنس کے اجلاس میں 18 نومبر کو عالمی یومِ اسلامی فنون قرار دیا۔ اس دن کے انعقاد کا مقصد اسلامی فنون کی تاریخی اور جدید شکلوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا، اسلامی تہذیب کے ثقافتی کردار کو تسلیم کرنا اور مختلف قوموں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ اس دن کی تجویز مملکت بحرین کی جانب سے پیش کی گئی تھی جسے یونیسکو نے منظور کیا۔ اسلامی فن کا مفہوم اور اہمیتاسلامی فن سے مراد وہ فنون اور تخلیقی سرگرمیاں ہیں جو اسلامی تہذیب، معاشرت، تاریخ اور ثقافتی روایات کے زیرِ اثر پروان چڑھے۔ اس میں خطاطی، فنِ تعمیر، مصوری، ظروف سازی، قالین بافی، دھاتی نقش و نگار، لکڑی کا کام، سنگ تراشی اور جیومیٹریکل ڈیزائن سمیت بے شمار شعبے شامل ہیں۔اسلامی فن کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا حسن اور توازن ہے۔ اس میں قدرتی اشکال، پھولوں، بیل بوٹوں، ستاروں، دائروں اور مختلف جیومیٹری کے نمونوں کو نہایت خوبصورتی سے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان ڈیزائنوں میں ترتیب، تسلسل اور ہم آہنگی نمایاں ہوتی ہے۔ اسلامی فن کا ایک اہم مقصد انسانی ذہن کو حسن، غوروفکر اور تخلیقی صلاحیتوں کی طرف متوجہ کرنا بھی ہے۔خطاطی: اسلامی فن کا روشن باباسلامی فنون میں خطاطی کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ خطِ کوفی، خطِ نسخ، خطِ ثلث، خطِ نستعلیق اور خطِ دیوانی اسلامی خطاطی کی مشہور اقسام ہیں۔مساجد، تاریخی عمارتوں، کتب خانوں اور مخطوطات میں خطاطی کے خوبصورت نمونے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ برصغیر پاک و ہند میں خطِ نستعلیق نے اردو زبان کی خوبصورتی اور ادبی شناخت کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اسلامی فنِ تعمیر: عظمت اور خوبصورتی کی علامتاسلامی فنِ تعمیر دنیا بھر میں اپنی انفرادیت کے باعث مشہور ہے۔ مساجد کے بلند مینار، خوبصورت گنبد، وسیع صحن، محرابیں، نقش و نگار اور رنگین ٹائلوں کا استعمال اسلامی تعمیرات کی نمایاں خصوصیات ہیں۔دنیا میں مسجد الحرام، مسجد نبوی، مسجدِ قرطبہ، تاج محل، مسجدِ شیخ لطف اللہ اور استنبول کی نیلی مسجد اسلامی فنِ تعمیر کے شاندار نمونے ہیں۔اس طرح لاہور کی بادشاہی مسجد، مسجد وزیر خاں، شاہی قلعہ، مقبرہ جہانگیر اور فیصل مسجد اسلام آباد اسلامی فنِ تعمیر سے وابستہ عظیم روایات کی نمائندگی کرتے ہیں۔ جیومیٹری اور آرائشی نمونےاسلامی فن کی ایک منفرد پہچان جیومیٹریکل ڈیزائن ہیں۔ دائرے، مربع، ستارے، کثیرالاضلاع اور پیچیدہ نمونوں کو اس انداز سے ترتیب دیا جاتا ہے کہ ایک خوبصورت اور متوازن منظر سامنے آتا ہے۔ان نمونوں میں ریاضی اور فن کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔ اسلامی فنکاروں نے محدود اشکال کے ذریعے بے شمار نئے ڈیزائن تخلیق کیے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی آرٹ آج بھی دنیا کے آرکیٹیکٹس، ڈیزائنرز اور فنکاروں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔پاکستان اور اسلامی فن کا ورثہپاکستان اسلامی فنون اور ثقافت کے حوالے سے نہایت زرخیز سرزمین ہے۔ یہاں مغلیہ دور کی عمارتیں، صوفیاکے مزارات، تاریخی مساجد، خطاطی کے نمونے اور روایتی فنون اسلامی تہذیب کی خوبصورت عکاسی کرتے ہیں۔لاہور کو اس حوالے سے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ بادشاہی مسجد اور مسجد وزیر خان کے علاوہ لاہور کے تاریخی مقامات پر موجود نقش و نگار، خطاطی اور ٹائلوں کا کام فنکاروں کی غیر معمولی مہارت کا ثبوت ہے۔اسی طرح ملتان کے مزارات پر نیلی اور فیروزی ٹائلوں کا کام ہمارے وسیع ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔جدید دور میں اسلامی فن کے تقاضےآج کے ڈیجیٹل دور میں اسلامی فنون کو فروغ دینے کے لیے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ ڈیجیٹل خطاطی، گرافک ڈیزائن، جدید فنِ تعمیر، آن لائن نمائشوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے اسلامی فن کو دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے۔تاہم اس عظیم ورثے کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تاریخی عمارتوں، قدیم مخطوطات، روایتی دستکاری اور فنکاروں کی مہارت کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔ تعلیمی اداروں میں اسلامی فنون سے متعلق سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے اور نوجوان نسل کو اس شعبے میں تخلیقی کام کرنے کی ترغیب دی جائے۔پاکستان میں متعلقہ سرکاری اداروں، جامعات، عجائب گھروں اور ثقافتی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ اسلامی فن کے فروغ کے لیے نمائشوں، سیمینارز، ورکشاپس اور مقابلوں کا اہتمام کریں۔ اس سے نہ صرف نئی نسل اپنے تاریخی ورثے سے واقف ہوگی بلکہ مقامی فنکاروں کو بھی اپنی صلاحیتیں دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ عالمی یومِ اسلامی فن تاریخ، تہذیب اور ثقافتی شناخت کو سمجھنے اور محفوظ بنانے کا ایک اہم موقع ہے۔ اسلامی فن نے صدیوں تک دنیا کو حسن، تخلیق، علم اور فنِ تعمیر کے انمول نمونے عطا کیے ہیں۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس عظیم ورثے کی حفاظت کریں، اسے نئی نسل تک منتقل کریں اور جدید تقاضوں کے مطابق اس کی ترقی کے لیے کردار ادا کریں۔

آج کا دن

آج کا دن

امریکہ اور کینیڈا میں معیاری وقت کا نظام18 نومبر 1883ء کو امریکہ اور کینیڈا کی ریلوے کمپنیوں نے وقت کے ایک نئے معیاری نظام کو نافذ کیا۔ اس سے پہلے مختلف شہروں میں طلوع آفتاب کے مطابق الگ الگ وقت مقرر ہوتا تھا۔ اس وجہ سے ریلوے گاڑیوں کے اوقات مرتب کرنے اور مسافروں کے سفر میں مشکلات پیش آتی تھیں۔اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ریلوے حکام نے خطے کو چار بڑے معیاری ٹائم زونز میں تقسیم کیا جنہیں ایسٹرن، سینٹرل، ماؤنٹین اور پیسیفک ٹائم زونز کہا گیا۔ 18 نومبر کو یہ نظام نافذ کیا گیا۔اس تبدیلی نے نہ صرف ریلوے کے نظام کو بہتر بنایا بلکہ روزمرہ زندگی، تجارت اور مواصلات میں بھی وقت کی یکسانیت پیدا کی۔ بعد میں یہی تصور دنیا بھر میں معیاری ٹائم زونز کے قیام میں مددگار ثابت ہوا۔ امریکہ پاناما اہم معاہدہ18 نومبر 1903ء کو امریکہ اور جمہوریہ پاناما کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا، جسے ''ہے بونو واریلا معاہدہ‘‘ (Hay-Bunau-Varilla Treaty) کہا جاتا ہے۔ اس معاہدے پر امریکہ کی جانب سے وزیر خارجہ جان ہے اور پاناما کی جانب سے فلپ بونو واریلا نے دستخط کیے۔اس معاہدے کا بنیادی مقصد بحرِ اوقیانوس اور بحرالکاہل کو ملانے والی پاناما نہر کی تعمیر اور انتظام کے لیے قانونی انتظامات کرنا تھا۔ اس معاہدے کے تحت پاناما نے امریکہ کو نہر کے اطراف دس میل چوڑا علاقہ استعمال اور انتظام کرنے کے لیے دیا۔ بعد میں اسی مسئلے نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی بھی پیدا کی۔ بالآخر 1977ء میں نئے معاہدے کیے گئے اور 1999ء میں پاناما نہر کا مکمل انتظام پاناما کے حوالے کر دیا گیا۔ مکی ماؤس کی پہلی بڑی فلمی نمائش18 نومبر 1928ء کو نیویارک میں والٹ ڈزنی کی مشہور مختصر اینیمیٹڈ فلم ''سٹیم بوٹ ولی‘‘ (Steamboat Willie) کی نمائش ہوئی۔ اس فلم میں مکی ماؤس نامی کردار کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔ یہ فلم اینیمیشن کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل سمجھی جاتی ہے کیونکہ اس میں کرداروں کی حرکات کے ساتھ آواز اور موسیقی کو ہم آہنگ کیا گیا تھا۔اس دور میں خاموش کارٹون فلمیں زیادہ عام تھیں۔ فلمی صنعت میں آواز کو متحرک تصاویر کے ساتھ شامل کرنا ایک بڑا تکنیکی چیلنج تھا۔ والٹ ڈزنی اور ان کی ٹیم نے اس چیلنج پر کام کیا اور ایک ایسی فلم پیش کی جس میں کرداروں کی حرکات، موسیقی اور صوتی اثرات ایک دوسرے کے ساتھ مربوط تھے۔اس فلم کی کامیابی نے اینیمیٹڈ فلموں کے مستقبل کو بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سوم کی جنگ کا اختتام18 نومبر 1916ء کو پہلی جنگِ عظیم کی مشہورBattle of the Somme کا اختتام ہوا۔ یہ جنگ یکم جولائی 916ء کو فرانس کے علاقے دریائے سوم کے قریب شروع ہوئی تھی۔ اس جنگ میں برطانوی اور فرانسیسی افواج نے جرمن فوج کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔اس جنگ کا بنیادی مقصد جرمن فوج پر دباؤ کم کرنا اور مغربی محاذ پر اتحادی افواج کی پوزیشن مضبوط بنانا تھا۔ یہ جنگ پہلی جنگِ عظیم کی سب سے خونریز لڑائیوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس میں لاکھوں فوجی ہلاک، زخمی یا لاپتا ہوئے۔ستمبر 1916ء میں برطانوی فوج نے پہلی مرتبہ ٹینکوں کو جنگ میں استعمال کیا جس نے عسکری تاریخ میں ایک نئی تبدیلی کی بنیاد رکھی۔18 نومبر کو موسم کی خرابی اور مسلسل نقصانات کے باعث یہ کارروائی روک دی گئی۔ جونز ٹاؤن میں المناک سانحہ18 نومبر 1978ء کو جنوبی امریکہ کے ملک گیانا میں جونز ٹاؤن کے مقام پر ایک انتہائی المناک واقعہ پیش آیا۔ اس واقعے میں پیپلز ٹیمپل نامی تنظیم کے 900 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔ اس تنظیم کا سربراہ جم جونز تھا جس نے اپنے پیروکاروں کو گیانا میں ایک علیحدہ بستی قائم کرنے پر آمادہ کیا تھا۔اس روز امریکی کانگریس کے رکن لیو جے ریان ایک تحقیقاتی دورے پر جونز ٹاؤن پہنچے تو تنظیم کے مسلح افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں ریان سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔اس کے بعد جونز ٹاؤن میں بڑے پیمانے پر اجتماعی قتل اور خودکشی کا المناک واقعہ پیش آیا۔ 900 سے زیادہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

عالمی یوم طلبہ

عالمی یوم طلبہ

باشعورنوجوان۔۔۔روشن مستقبل،اور ترقی کا راستہہر سال 17 نومبر کو دنیا بھر میں عالمی یومِ طلبہ (International Students' Day) منایا جاتا ہے۔ یہ دن طلبہ کی جدوجہد، قربانیوں، حقوق، آزادیِ اظہار اور تعلیم کی اہمیت کو تسلیم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ طلبہ نے نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ سماجی، سیاسی، معاشی اور قومی تبدیلیوں میں بھی بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ کسی بھی قوم کی ترقی کا جائزہ لینا ہو تو اس کے تعلیمی اداروں، طلبہ کی صلاحیتوں اور نوجوان نسل کے کردار کو دیکھنا ضروری ہے۔ ہمارے ملک کے لیے اس دن کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے جہاں نوجوان آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیں اور ملک کا مستقبل بڑی حد تک ان کی تعلیم، تربیت، کردار اور صلاحیتوں سے وابستہ ہے۔ تاریخی پس منظرعالمی یومِ طلبہ کی تاریخ 17 نومبر 1939ء سے جڑی ہوئی ہے۔ اس زمانے میں چیکوسلواکیہ پر نازی جرمنی کا قبضہ تھا۔ 28 اکتوبر 1939ء کو طلبہ اور شہریوں نے جرمن قبضے کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران ایک طالب علم جان اوپلیٹل زخمی ہوا جو بعد ازاں انتقال کر گیا۔ اس کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور یہ اجتماع بھی احتجاج کی شکل اختیار کر گیا۔اس کے ردعمل میں 17 نومبر 1939ء کو نازی حکومت نے پراگ کی جامعات بند کر دیں، نو طلبہ رہنماؤں کو قتل کر دیا اور ایک ہزار سے زائد طلبہ کو گرفتار کرکے حراستی کیمپوں میں بھیج دیا۔طلبہ کی اس قربانی اور جدوجہد کی یاد میں 17 نومبر کو عالمی یومِ طلبہ کے طور پر منایا جانے لگا۔ پاکستان میں عالمی یومِ طلبہ کی اہمیتپاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوان نسل ملکی آبادی میں سب سے زیادہ ہیں۔ ہمارے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم لاکھوں طلبہ ملک کے مستقبل کے معمار ہیں۔ یہی طلبہ کل ڈاکٹر، انجینئر، اساتذہ، سائنسدان، کاروباری شخصیات، افسران، سیاستدان اور مختلف شعبوں کے رہنما بنیں گے۔پاکستان کے تناظر میں عالمی یومِ طلبہ ہمیں یہ سوچنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ کیا ہم اپنے طلبہ کو وہ تعلیمی ماحول، مواقع اور سہولیات فراہم کر رہے ہیں جن کے وہ مستحق ہیں؟ کیا ہمارا تعلیمی نظام انہیں صرف امتحانات پاس کرنے کے قابل بنا رہا ہے یا انہیں عملی زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی تیار کر رہا ہے؟ طلبہ کے حقوق اور تعلیمی ماحولطلبہ کسی بھی معاشرے کا اہم ترین اثاثہ ہوتے ہیں۔ ان کے حقوق کا تحفظ ریاست، تعلیمی اداروں، اساتذہ اور والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔طلبہ کو معیاری تعلیم، محفوظ تعلیمی ماحول، مساوی مواقع، اظہارِ خیال کی آزادی اور مثبت تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔بدقسمتی سے ہمارے ہاں بعض تعلیمی اداروں میں طلبہ کو ذہنی دباؤ، غیر ضروری تعلیمی مقابلے، رٹے کے نظام اور امتحانات میں نمبروں کی دوڑ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کئی مرتبہ بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور عملی مہارتوں کے بجائے صرف ان کے امتحانی نتائج کو کامیابی کا معیار سمجھ لیا جاتا ہے۔ جدید دور کے تقاضے اور پاکستانی طلبہآج دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔اے آئی، روبوٹکس، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور جدید سائنسی تحقیق نے تعلیم اور روزگار کے تقاضوں کو یکسر بدل دیا ہے۔ایسے دور میں پاکستانی طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ روایتی تعلیم کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور عملی مہارتوں پر بھی توجہ دیں۔ہمارے طلبہ میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، پاکستانی نوجوان دنیا کی معروف جامعات، سائنسی اداروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں،تاہم ان صلاحیتوں کو قومی ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں جدید لیبارٹریز، تحقیق کے مواقع، سکالرشپس، معیاری اساتذہ اور مناسب تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔ طلبہ اور قومی تعمیر و ترقیپاکستان کی ترقی صرف حکومتی پالیسیوں یا بڑے منصوبوں سے ممکن نہیں۔ اس کے لیے باشعور، تعلیم یافتہ، باکردار اور ذمہ دار شہریوں کی ضرورت ہے۔طلبہ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کی ذمہ داری صرف امتحانات میں اچھے نمبر حاصل کرنا نہیں بلکہ معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا بھی ہے۔انہیں قانون کی پاسداری، برداشت، رواداری، صفائی، ماحول کے تحفظ، سماجی خدمت اور قومی یکجہتی جیسے اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔پاکستان کے تعلیمی اداروں میں مباحثوں، سائنسی نمائشوں، کھیلوں، ادبی سرگرمیوں اور سماجی خدمت کے منصوبوں کو فروغ دینا بھی ضروری ہے تاکہ طلبہ میں قیادت، اعتماد اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا ہو۔ والدین، اساتذہ اور حکومت کا کردارطلبہ کی کامیابی میں والدین، اساتذہ اور حکومت تینوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کے بجائے ان کی دلچسپیوں اور صلاحیتوں کو سمجھیں۔ ہر بچے کی قابلیت مختلف ہوتی ہے، اس لیے کامیابی کو صرف نمبروں یا ڈگریوں تک محدود نہیں کرنا چاہیے۔اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو محض نصابی کتابیں پڑھانے کے بجائے ان کی شخصیت سازی، اخلاقی تربیت اور عملی صلاحیتوں کی نشوونما پر بھی توجہ دیں۔حکومت کو چاہیے کہ تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھائے، سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنائے، اساتذہ کی تربیت کو یقینی بنائے اور تمام بچوں، خصوصاً لڑکیوں اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرے۔

نظام شمسی کے کنارے پانی کے آثار

نظام شمسی کے کنارے پانی کے آثار

حیرت انگیز انکشافانسانی تاریخ میں پانی ہمیشہ زندگی، بقا اور کائنات میں زندگی کے امکانات کی تلاش کا بنیادی موضوع رہا ہے۔ زمین پر موجود پانی کے بارے میں تو سائنسدان طویل عرصے سے تحقیق کر رہے ہیں لیکن اب ایک نئی تحقیق نے نظامِ شمسی کے انتہائی دور دراز حصے میں اربوں سال قدیم پانی کے آثار دریافت کرکے ماہرینِ فلکیات کو حیران کر دیا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق یہ پانی تقریباً ساڑھے چار ارب سال قبل نظامِ شمسی کی تشکیل کے ابتدائی دور سے تعلق رکھتا ہے اور اس کی کیمیائی خصوصیات زمین اور نظامِ شمسی کے اندرونی حصوں میں پائے جانے والے پانی سے مختلف ہیں۔ ناسا کے سائنسدانوں کی قیادت میں ہونے والی اس تحقیق میں ایسے باریک کائناتی ذرات کا تجزیہ کیا گیا جو ممکنہ طور پر نیپچون سیارے سے آگے واقع کوائپر بیلٹ (Kuiper Belt) سے زمین تک پہنچے تھے۔ ان ذرات میں موجود معدنیات اور آکسیجن کے مخصوص آئسوٹوپس نے اس قدیم پانی کی موجودگی کے شواہد فراہم کیے ہیں۔ یہ دریافت نظامِ شمسی کی ابتدائی تاریخ سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے۔کوائپر بیلٹ: نظامِ شمسی کا پراسرار علاقہکوائپر بیلٹ نظامِ شمسی کا ایک وسیع اور سرد خطہ ہے جو نیپچون کے مدار سے آگے شروع ہوتا ہے۔ یہ سورج سے تقریباً 30AU(Astronomical unit)یا اس سے بھی زیادہ فاصلے پرہے۔ اس علاقے میں لاکھوں کروڑوں برفانی اور پتھریلے اجسام موجود ہیں جن میں بعض چھوٹے سیارچے بھی شامل ہیں۔ پلوٹو بھی انہی میں سے ایک ہے۔سورج سے انتہائی دوری کے باعث یہاں درجہ حرارت بہت کم رہتا ہے اور پانی سمیت مختلف مادے زیادہ تر برف کی شکل میں موجود ہوتے ہیں۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ کوائپر بیلٹ کے کئی اجسام نظامِ شمسی کی تشکیل کے ابتدائی زمانے کی ایسی باقیات ہیں جن میں اربوں سال پرانی کیمیائی معلومات محفوظ ہو سکتی ہیں۔اس علاقے کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ یہاں تک پہنچنا اور وہاں سے نمونے زمین پر لانا انتہائی مشکل اور مہنگا عمل ہے۔ اسی وجہ سے سائنسدان طویل عرصے سے ایسے متبادل طریقے تلاش کر رہے ہیں جن کے ذریعے ان دور دراز علاقوں کے مادوں کا مطالعہ کیا جا سکے۔ حالیہ تحقیق میں بھی قدرتی طور پر زمین تک پہنچنے والے کائناتی گردوغبار نے یہ اہم کردار ادا کیا۔ناسا کے جانسن سپیس سینٹر سے وابستہ سائنسدان لنڈسے کیلر کی قیادت میں محققین نے زمین کی فضا کے بالائی حصے یعنی اسٹریٹوسفیئر سے جمع کیے گئے بارہ انتہائی باریک کائناتی ذرات کا تجزیہ کیا۔ یہ ذرات صرف 10 سے 30 مائیکرو میٹر کے حجم کے تھے ۔ تحقیق کا سب سے اہم مرحلہ ان ذرات کی شناخت اور ان کی ممکنہ اصل کا تعین کرنا تھا۔ سائنسدانوں نے ان میں شمسی توانائی کے حامل ذرات کی تابکاری سے پیدا ہونے والے نشانات کا جائزہ لیا۔ جب کائناتی گردوغبار طویل عرصے تک خلا میں سفر کرتا ہے تو سورج سے آنے والے توانائی بخش ذرات اس کی معدنی ساخت میں مخصوص نشانات چھوڑ جاتے ہیں۔محققین کو معلوم ہوا کہ ان ذرات میں تابکاری کے نشانات کی کثافت عام شہابی پتھروں یا بعض دمدار ستاروں سے آنے والے گردوغبار کے مقابلے میں تقریباً سو گنا زیادہ تھی۔ یہ شواہد اس بات سے مطابقت رکھتے ہیں کہ ان ذرات نے نظامِ شمسی کے انتہائی دور دراز حصے، ممکنہ طور پر کوائپر بیلٹ، سے سفر شروع کیا تھا۔ان ذرات میں کاربن کی مقدار بھی غیر معمولی طور پر زیادہ پائی گئی جبکہ بعض نمونوں میں سیپونائٹ (Saponite) اور سرپینٹائن (Serpentine) جیسی معدنیات دریافت ہوئیں۔ یہ معدنیات اس وقت بنتی ہیں جب پانی چٹانوں اور دیگر معدنی مادوں کے ساتھ کیمیائی عمل کرتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ان ذرات کے اصل برفانی اجسام کے اندر ماضی میں مائع پانی موجود رہا ہوگا۔آکسیجن کے آئسوٹوپس سے قدیم پانی کی شناختاس تحقیق کا سب سے دلچسپ پہلو آکسیجن کے آئسوٹوپس کا تجزیہ ہے۔تحقیق کے دوران بارہ کائناتی ذرات میں آکسیجن 17 اور آکسیجن 18 کی غیر معمولی مقدار دیکھی گئی۔ محققین نے ان معدنیات کی تشکیل کے دوران ہونے والے کیمیائی تعاملات کا دوبارہ جائزہ لیا اور اندازہ لگایا کہ جس پانی نے ان معدنیات کو جنم دیا اس میں بھاری آکسیجن آئسوٹوپس کی مقدار غیر معمولی طور پر زیادہ تھی۔یہ کیمیائی شناخت اس پانی سے مختلف تھی جس کے آثار نظامِ شمسی کے دوسرے علاقوں سے آنے والے کاربن سے بھرپور شہابی پتھروں میں ملتے ہیں۔ اس فرق سے ظاہر ہوتا ہے کہ نظامِ شمسی کے بیرونی حصے میں پانی کا ایک الگ ذخیرہ موجود تھا جو اندرونی حصوں میں ہونے والی کیمیائی تبدیلیوں اور مادوں کی آمیزش سے بڑی حد تک محفوظ رہا۔اس دریافت کی اہمیت اس دریافت کی اہمیت محض قدیم پانی کی موجودگی تک محدود نہیں۔ یہ ہمیں سمجھنے میں مدد دیتی ہے کہ نظامِ شمسی کی تشکیل کے دوران مختلف علاقوں میں پانی کی نوعیت کیا تھی، سیاروں کے درمیان مادوں کی نقل و حرکت کیسے ہوئی اور کس طرح بعض قدیم کیمیائی خصوصیات اربوں سال تک محفوظ رہ سکتی ہیں۔ماہرین کے لیے اب بھی کئی سوالات موجود ہیں۔ کیا کوائپر بیلٹ میں اس طرح کے پانی کے ذخائر عام تھے؟ کیا وہاں کے دیگر برفانی اجسام میں بھی ماضی میں مائع پانی موجود تھا؟ اور کیا مستقبل میں مزید کائناتی ذرات کے تجزیے سے اس قدیم ذخیرے کے بارے میں زیادہ تفصیلی معلومات حاصل ہو سکیں گی؟

آج کا دن

آج کا دن

الزبتھ اول ملکہ بنیں 17 نومبر 1558ء کو ملکہ میری اول کی وفات کے بعد الزبتھ اول انگلستان اور آئرلینڈ کی ملکہ بنیں۔ وہ بادشاہ ہنری ہشتم اور این بولین کی بیٹی تھیں۔ ان کی تخت نشینی انگلستان کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اس وقت انگلستان مذہبی اختلافات اور سیاسی مسائل کا شکار تھا۔ الزبتھ اول نے اپنے دورِ حکومت میں ملک میں سیاسی استحکام پیدا کرنے اور مذہبی کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی۔ ان کا دورِ حکومت تقریباً 45 سال پر محیط تھا۔ اس زمانے میں انگریزی ادب، فنون، تجارت اور سمندری مہمات نے نمایاں ترقی کی۔ الزبتھ اول کا دور انگلستان کی سیاسی اور ثقافتی ترقی کے حوالے سے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ امریکی کانگریس کا پہلا اجلاس17 نومبر 1800ء کو امریکی ایوانِ نمائندگان نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع کیپیٹل کی عمارت کے شمالی حصے میں پہلی مرتبہ اجلاس منعقد کیا۔ یہ واقعہ امریکہ کی سیاسی اور آئینی تاریخ میں اہم سنگِ میل تھا کیونکہ اس سے پہلے امریکی حکومت مختلف شہروں میں اپنے اجلاس منعقد کرتی رہی تھی۔ 1790ء کے قانون کے تحت واشنگٹن کو مستقل وفاقی دارالحکومت بنانے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس وقت نیا دارالحکومت مکمل طور پر تعمیر نہیں ہوا تھا۔ کیپیٹل کی عمارت کا صرف شمالی حصہ استعمال کے قابل تھا جبکہ دیگر حصوں کی تعمیر جاری تھی۔ اس اجلاس کے ذریعے واشنگٹن نے امریکہ کے مستقل سیاسی مرکز کی حیثیت حاصل کرلی۔ نہرِ سویز کا افتتاح 17 نومبر 1869ء کو مصر میں نہرِ سویز کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ یہ دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہوں میں سے ایک ہے جو بحیرہ روم کو بحیرہ احمر سے ملاتی ہے۔ اس نہر کی تعمیر کا منصوبہ فرانسیسی انجینئر اور سفارت کار فرڈینینڈ ڈی لیسپس کی نگرانی میں شروع ہوا۔ تعمیراتی کام 1859ء میں شروع کیا گیا اور اسے مکمل ہونے میں تقریباً دس سال لگے۔ اس نہر کی تعمیر سے یورپ اور ایشیا کے درمیان بحری سفر کا فاصلہ نمایاں طور پر کم ہوگیا کیونکہ جہازوں کو افریقہ کے جنوبی کنارے سے گزرنے کی ضرورت نہیں رہی۔ اس نے عالمی تجارت، بحری نقل و حمل اور بین الاقوامی معیشت میں ایک انقلاب پیدا کیا۔ آج بھی نہرِ سویز عالمی تجارت کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے ۔ چاند پرپہلی خودکار گاڑی کی آمد17 نومبر 1970ء کو سوویت یونین کے خلائی مشن لونا 17 نے چاند کی سطح پر کامیاب لینڈنگ کی اور اس کے ساتھ بھیجی گئی خودکار گاڑی لونوخود اول (Lunokhod 1) چاند پر پہنچ گئی۔ یہ انسانی خلائی تحقیق کی تاریخ کا ایک غیر معمولی واقعہ تھا کیونکہ یہ کسی دوسرے سیارے پر تحقیق کرنے والی پہلی روبوٹک گاڑی تھی۔ اس گاڑی میں آٹھ پہیے نصب تھے اور اسے زمین پر موجود سائنسدان ریڈیو سگنلز کے ذریعے کنٹرول کرتے تھے۔ لونوخود اول نے اپنے مشن کے دوران چاند کی سطح پر تقریباً 10.5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، ہزاروں تصاویر زمین پر بھیجیں اور مٹی کے نمونوں کا تجزیہ کیا۔ اس مشن نے مستقبل میں چاند اور دیگر سیاروں پر روبوٹک تحقیق کے لیے نئی راہیں کھولیں۔ ویلوٹ ریولیوشن 17 نومبر 1989ء کو چیکوسلواکیہ کے دارالحکومت پراگ میں طلبہ نے ایک پرامن مظاہرہ کیا جو بعد میں ویلوٹ ریولیوشن کے نام سے مشہور ہوا۔ اس مظاہرے کا مقصد آزادی، جمہوریت اور سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کرنا تھا۔ اس وقت چیکوسلواکیہ میں کمیونسٹ حکومت قائم تھی اور شہریوں کو سیاسی آزادیوں کے حوالے سے کئی پابندیوں کا سامنا تھا۔ مظاہرین کو پولیس نے سختی سے روکنے کی کوشش کی اور طلبہ پر تشدد کیا گیا۔ اس واقعے نے عوام میں غم و غصہ پیدا کیا اور ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔ طلبہ، اساتذہ، دانشوروں اور عام شہریوں نے حکومت کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا۔ اس انقلاب کو ویلوٹ ریولیوشن اس لیے کہا جاتا ہے کہ اقتدار کی تبدیلی نسبتاً پرامن انداز میں ہوئی۔

بلغاری پنک

بلغاری پنک

گلابی ہیروں کی دنیا کا '' مونا لیزا‘‘قدرت نے زمین کی تہہ میں ایسے بیش قیمت خزانے چھپا رکھے ہیں جن کی نایابی اور غیر معمولی خوبصورتی انہیں دنیا بھر میں منفرد مقام عطا کرتی ہے۔ قیمتی ہیروں کی دنیا میں گلابی ہیرے اپنی دلکش رنگت، نایاب دستیابی اور حیرت انگیز قیمت کے باعث خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ حال ہی میں 24 قیراط وزنی گلابی ہیرا ''بلغاری پنک‘‘ ایک کروڑ 46 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تو اس نے جواہرات کی دنیا میں ایک بار پھر تہلکہ مچا دیا۔ ماہرین نے اسے گلابی ہیروں کی مونا لیزا قرار دیا ہے۔ یہ غیر معمولی فروخت نہ صرف اس ہیرے کی منفرد خوبصورتی اور نایابی کا اعتراف ہے بلکہ قدرت کے تخلیق کردہ ان نادر شاہکاروں کی قدروقیمت کا بھی مظہر ہے، جو صدیوں تک انسانی تجسس اور حیرت کا مرکز بنے رہتے ہیں۔اس ہیرا کی نایابی اور غیر معمولی شفافیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے ''گلابی ہیروں کی مونا لیزا‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ 24قیراط وزنی کا یہ قیمتی ہیرا، جسے ''بلغاری پنک‘‘ کا نام دیا گیا ہے، نیلامی میں ایک کروڑ 8 لاکھ پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔یہ ہیرا گزشتہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ایک ہی نجی خاندان کا حصہ رہا۔ اسے بھارت کی گولکنڈہ کانوں سے حاصل کیا گیا تھا۔ یہ کانیں تاریخ کے کئی مشہور ہیروں کا سرچشمہ رہی ہیں، جن میں کوہِ نور بھی شامل ہے۔بلغاری پنک ''ٹائپ ٹو اے‘‘ ہیروں کی نایاب قسم سے تعلق رکھتا ہے۔ اس نوعیت کے ہیروں میں نائٹروجن یا بوران کی قابلِ پیمائش آمیزش موجود نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے ان کی خالص ساخت انہیں غیر معمولی بناتی ہے۔ گلابی ہیرے اپنی منفرد رنگت کے باعث بھی دنیا بھر میں انتہائی مطلوب ہیں۔فروخت کنندہ کے پردادا اور پردادی نے 1950ء کی دہائی میں یہ ہیرا خریدا تھا۔ بعد ازاں اسے روم میں معروف زیورات ساز ادارے بلغاری کے پاس لے جایا گیا، جو اس وقت دنیا کے ممتاز زیورات ساز اداروں میں اپنی شناخت بنا رہا تھا۔ بلغاری نے اس ہیرے کو جواہرات کی ایک منفرد تخلیق میں ڈھالنے کیلئے تراشا اور جڑا۔جنیوا میں کرسٹیز نیلام گھر کی نیلامی سے قبل ادارے کے عالمی سربراہ برائے جواہرات میکس فاوسٹ نے اس ہیرے کو ''گلابی ہیروں کی مونا لیزا‘‘ قرار دیا۔امریکا کے جیمولوجیکل انسٹی ٹیوٹ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر وُوئی وانگ نے کہا کہ گلابی ہیرے اپنی ذات میں نایاب ہوتے ہیں، لیکن اس قدر بڑے حجم اور اعلیٰ معیار کا ہیرا جواہرات کی دنیا میں انتہائی غیر معمولی ہے۔ ان کے مطابق، ادارے نے قدرتی گلابی ہیروں کے جن نمونوں کا جائزہ لیا ہے، ان میں سے بیشتر کا وزن ایک قیراط سے بھی کم تھا۔ اس کے برعکس بلغاری پنک کا وزن پورے 24 قیراط ہے۔ اس کا رنگ ''فینسی انٹینس پنک‘‘ (انتہائی گہرا اور شوخ گلابی) جبکہ شفافیت کا معیار VVS2 ہے، جو ہیروں کی اعلیٰ ترین صفائی کے درجات میں شمار ہوتا ہے۔کرسٹیز نیلام گھر کے مطابق یہ ہیرا اپنی خام شکل میں 1950ء کی دہائی میں بھارت کی مشہور گولکنڈہ کانوں سے حاصل کیا گیا تھا، جس کے بعد بلغاری نے اسے تراش خراش اور تزئین و آرائش کے ذریعے ایک نادر شاہکار میں تبدیل کر دیا۔ اس زمانے میں روم کا معروف زیورات ساز ادارہ بلغاری دنیا کے انتہائی نفیس ذوق رکھنے والے شائقین اور قیمتی جواہرات کے خریداروں کی توجہ کا مرکز بن رہا تھا۔ اس لیے اتنے نایاب ہیرے کیلئے بلغاری کا انتخاب ایک فطری فیصلہ تھا۔1950ء کی دہائی وہ دور تھا جب دوسری عالمی جنگ کے بعد روم عالمی فیشن، تہذیب اور پرتعیش طرزِ زندگی کے مرکز کے طور پر ابھر رہا تھا۔ بلغاری پنک کو ہیروں کی درجہ بندی میں ''فینسی انٹینس پنک‘‘ (Fancy Intense Pink) کا درجہ حاصل ہے، جو گلابی ہیروں کی انتہائی پسندیدہ اور قیمتی رنگتوں میں شمار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر وُوئی وانگ کے مطابق، اس ہیرے کی منفرد گلابی رنگت قدرتی ہیروں میں پائے جانے والے ''نائٹروجن ویکینسی سینٹرز‘‘ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ یہ ایک غیر معمولی خصوصیت ہے جو قدرتی گلابی ہیروں کو دیگر ہیروں سے ممتاز کرتی ہے۔ اس ہیرے کی تراش خراش کا انداز بھی اسے منفرد بناتا ہے۔ اسے زمردی تراش (ایمرلڈ کٹ) دی گئی ہے، جس کے چوڑے اور کھلے رخ ہیرے کی اندرونی خصوصیات کو چھپانے کے بجائے نمایاں کرتے ہیں۔ یہ قدرت کی اس غیر معمولی صلاحیت کا دلکش نمونہ ہے، جس کے ذریعے وہ حیرت انگیز تخلیقات وجود میں لاتی ہے۔توقع تھی کہ یہ ہیرا ایک کروڑ سے ڈیڑھ کروڑ سوئس فرانک (تقریباً 88 لاکھ سے ایک کروڑ 33 لاکھ پاؤنڈ) میں فروخت ہوگا۔ بالآخر اس کی فروخت متوقع قیمت کی حد کے عین وسط میں ہوئی۔یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کچھ عرصہ قبل افریقی ملک بوٹسوانا میں ایک نایاب گلابی اور بے رنگ ہیرا دریافت ہوا، جس کا وزن 37.4 قیراط ہے۔ اس ہیرے کی لمبائی تقریباً ایک انچ ہے اور اس میں گہرے گلابی اور بے رنگ حصوں کے درمیان واضح اور تیز حدِ فاصل دکھائی دیتی ہے۔