صدر مملکت کا 5 سال میں کشکول توڑنے کا وعدہ
اسپیشل فیچر
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین نے صنعتکاروں کو صاف صاف بتا دیا کہ حالات تو اچھے ہیں مگر دعائوں کی اشد ضرورت ہے اور سب دعا کریں کہ طالبان سے مذاکرات کامیاب ہوں ، معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کئی منصوبے بنا رہی ہے مگر قوم دعاکرے ۔ صدر مملکت یہاں تک کہہ گئے کہ ملک کی خوش قسمتی ہے کہ تیسری مرتبہ نواز شریف وزیر اعظم بنے اور اب عوام دعا کرے سب اچھا رہے۔صدر مملکت کی تقریر ان صنعتکاروں کو کیسی لگی ہو گی جو بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی، فیکٹریوں کیلئے متواتر گیس اربوں روپے کے رکے فنڈز کی فراہمی، بجلی کے نرخوں میں استحکام، امن و امان کی بحالی اور غیر ملکی منڈیوں میں پاکستانی وقار ،نئے ایئر پورٹ اور تعلیمی ادارے مانگ رہے تھے اور حکومت سے اقدامات کے طالب تھے مگر صدر مملکت نے بتا دیا کہ دعا کریں کہ ایسا سب ہو ۔صدر مملکت نے انگریزی میں لکھی تقریر پڑھنے کی بجائے اس کے مفہوم پر مبنی اردو میں تقریر کی اور تسلیم کیا کہ موجودہ حکومت میں بھی سب فرشتے نہیں ،کشکول توڑنے کا مسلم لیگ کا نعرہ بھی صدر صاحب نے حاضرین کو خوب یاد کروایا اور لگی لپٹی بغیر واضح کر دیا کہ کشکول ابھی ہاتھ میں رکھنا مجبوری ہے اور اربوں ڈالر قرض اتارنے کیلئے مزید قرض ضروری ہیں لیکن اگر عوام دعا کرے تو پانچ سال میں کشکول توڑ دیں گے۔یوں ہفتہ رفتہ سیاسی اعتبار سے خاصا گرم رہا صدر مملکت کی آمد، وزیر قانون کے دھماکے دار بیانات، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر کی پریس کانفرنس، عوامی تحریک کے زیر اہتمام ایک بڑے پاور شو نے خوب ہلہ گلہ رکھا مگر بڑا سیاسی دھماکہ وزیر قانون پنجاب نے کیا ۔وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنجیدہ انداز میں کہہ گئے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جو دھمکی آمیز خط لکھا گیا ہے وہ سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے لکھا ہے اوررحمن ملک پہلے بھی پنجاب حکومت کو ناکام کرنے کی سازش کرتے رہے ہیں اور اب یہ حرکت بھی انہوں نے کی ہے۔موقع پر موجود افراد اور میڈیا نمائندوں کا خیال تھا کہ شاید وزیر قانون نے یہ بات تفنن طبع کیلئے کی ہو مگر انہوں نے اس کی تشریح بھی کی اور موڈ سے ظاہر بھی کیا کہ یہ کوئی مذاق یا الزام نہیں بلکہ ابتدائی تحقیقات ہوئی ہیں ۔ بعد میں اس انتہائی اہم موضوع پر وزیر قانون کے بیان کو’’غیر سنجیدہ‘‘ ہی لیا، سمجھا اور پڑھا گیا۔دھمکیوں پر ردعمل کی بات کی جائے تو ایک پارٹی کے سربراہ کو ملنے والے مبینہ دھمکی آمیز خط پر تاثرات دینے والے شاید بھول گئے کہ جب فیصل آباد کے لیگی اراکین اسمبلی پر حملوں کے منصوبہ بارے ایک حکومتی ادارے نے الرٹ جاری کئے تھے تو ان مقامی عوامی نمائندوں نے کس طرح عوام سے منہ موڑ اور ناطہ توڑ ا تھا اور اپنے بچوں کو کہاں منتقل کیا ، بیرون ملک سیر کے دورے کیوں ضروری سمجھے گئے اور تو اور موبائل نمبرز تک تبدیل کر لئے گئے تھے کہ کہیں کوئی ’’سائبر حملہ‘‘ ہی نہ ہوجائے۔وزیر قانون کوئی بیان دیں اور سابق سینئر وزیر راجہ ریاض خاموش رہیں شاید ایسا ممکن نہیں رہا۔ بلاول بھٹو کو ملنے والے مبینہ دھمکی آمیز خط پر راجہ ریاض کا موقف بھی نرالا تھا۔ انہوں نے کہاکہ یہ خط پنجاب حکومت اور اُس کے پیروکاروں کی سوچی سمجھی سازش ہے تاکہ بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں آکر حکومت کی کار گزاریوں کے بارے میں عوام کو آگاہ نہ کرسکیں۔ راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری چند دنوں میں پنجاب آئیں گے اور صوبائی حکومت جتنی مرضی سازشیں کر لے پنجاب کے عوام اُن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ دوسری جانب خبر رکھنے والے بتاتے ہیں کہ بلاول بھٹوکا دورہ پنجاب گذشتہ ماہ یعنی مارچ کے آغاز میں ہی ملتوی کر دیا گیا تھا اور راقم نے انہی صفحات پر 6 مارچ کو تحریر کیا تھا کہ دورے کو ملتوی کرنے کی وجہ پیپلز پارٹی کے کچھ رہنمائوں کی’’نصیحت‘‘ہے کہ فی الحال ’’سیاسی موسم‘‘ اچھا نہیں اور ابھی تیل کی دھار مزید دیکھنے کا وقت ہے۔اب خبریں یہ ہیں کہ رواں ماہ کے آخر یا مئی کے پہلے ہفتے میں بلاول بھٹو زرداری کے دورہ کو حتمی شکل دی جارہی ہے مگر وہ پنجاب کے دورے سے زیادہ بلاول ہائوس لاہور تک محدود ہو گا اور تمام تقریبات یا سیاسی میل ملاپ اسی عمارت میں ہوں گے۔پیپلز پارٹی کے بانی کی برسی کل ہے تو اسی حوالے سے فیصل آباد کے جیالوں کو لاڑکانہ کی ’’زیارت‘‘زیادہ سے زیادہ کروانے کا حکم ملا تھا اور پارٹی کی سٹی تنظیم اور ضلعی تنظیم کی جانب سے بلند و بانگ دعوے بھی ہوئے ۔ یہاں تک بتایا گیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے ہر ٹکٹ ہولڈر کم از کم ایک بس میں کارکنوں کے ہمراہ اپنے حلقہ سے نکلے گا۔یعنی کہا جاسکتا ہے کہ فیصل آباد ضلع کے 11 قومی اور 22 صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے 33 بسوں کا قافلہ روانہ ہونا چاہیے تھا اور اگر کم و بیش 50 افراد بھی ایک بس میں ہوں تو ڈیڑھ ہزار سے زائد جیالے اپنے قائد کی برسی میں شرکت کے تنظیمی حکم حکم نامہ کے تحت پابند تھے مگر زمینی حقائق بتاتے ہیں کہ بہت سے ٹکٹ ہولڈر تو دور کی بات سابق دور میں اقتدار کے مزے لوٹنے والے اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیداران بھی دیگر بہت سے’’مریدین‘‘ کی طرح دربار سے کوسوں دور کھڑے ہو کر دعا مانگنے کو ترجیح دیتے نظر آئے۔ وفاقی حکومت کے سویلین حساس ادارے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مئی کے بعد حکومت کیخلاف ایک بڑی منظم تحریک شروع ہو سکتی ہے اور اس کیلئے چند مذہبی اور سیاسی تنظیموں کو متحرک کیا جارہا ہے۔ چند ہفتوں میں اس تحریک کے خدو خال ظاہر ہونے کا امکان ہے اور کچھ ’’شناسا‘‘ چہروں کو تشہیری مہم کیلئے بھی استعمال کیا جائے گاحکومتی حلقوں میں اس رپورٹ پر خاصی چہ مگوئیاں شروع ہو چکی ہیں۔٭…٭…٭