اللہ کی رحمت سے ناامید نہیں ہونا چاہیے

اللہ کی رحمت سے ناامید نہیں ہونا چاہیے

اسپیشل فیچر

تحریر : حافظ کریم اللہ چشتی


’’اللہ تعالیٰ اپنے بندے کی توبہ سے اس شخص سے زیادہ خوش ہوتاہے جواپنے اونٹ کوپالے جبکہ وہ اسے ایک جنگل میں گم کرچکاہو‘‘۔ حدیث نبوی ؐ******’’بے شک ہربیماری کاعلاج ہے اورگناہوں کاعلاج بخشش طلب کرناہے، جوشخص دن میں دومرتبہ بخشش طلب نہیں کرتا درحقیقت اُس نے اپنی جان پرظلم کیا‘‘۔ فرمان رسول ؐ******ارشادباری تعالیٰ ہے ترجمہ’’(اے محبوبؐ) فرما دیجیے اے میرے وہ بندوجنہوں نے اپنی جانوں پرزیادتی کی اللہ کی رحمت سے ناامیدنہ ہوجانابیشک اللہ تمام گناہوں کومعاف فرمادے گابیشک وہ بخشنے والانہایت مہربان ہے ۔‘‘ (پارہ 24رکوع3)اس آیت کریمہ میں اللہ رب العزت نے توبہ کرنے کی فضیلت کوبیان فرمایا اور یہ فرمایاجومجھ سے معافی مانگے میں اسکے گناہ معاف فرما دیتا ہوں اورتم جوکچھ کرتے ہومیں دیکھ رہاہوں ۔ہمارے آقاؐ کی اس دنیاپرتشریف آوری سے پہلے بنی اسرائیل کے لوگوں کیلئے بڑے سخت احکامات ہوتے تھے ان کااگر کپڑاپلیدہوجاتاتواس پلیدجگہ کوکاٹناپڑتاتھا۔اگرجسم کاکوئی عضو پلید ہو جاتاتواس عضوکوآگ سے داغاجاتامال کاچوتھائی حصہ زکوٰۃ اداکی جاتی۔کوئی آدمی گناہ کرتاتوانکے ماتھے پرلکھ دیاجاتااوراس کے گھرکی چوکھٹ پرلکھ دیاجاتاکہ اس شخص نے فلاں گناہ کیاہے جس سے اس گناہ گارکی ذلت ورسوائی ہوتی تھی اورگناہ کی پاداش میں بطور سزا حلال اشیاء ان پرحرام کردی جاتی تھیں ۔ قرآن پاک گواہ ہے کہ جب انہوں نے گائے کے بچھڑے کی پرستش کی توانکی توبہ کیلئے حکم ہوا۔رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بدولت ہم گناہگاروں پراللہ تعالیٰ نے آسانیاں پیدا فرما دیں پانی کوہمارے لئے پاک کرنیوالا بنا دیاہمیں کپڑا یا جسم پاک کرنے کیلئے اس کو کاٹنا نہیں پڑتابلکہ اس پرپانی بہالیں تووہ پاک ہو جاتا ہے۔ بنی اسرائیل صرف اپنی عبادت گاہوں میں ہی عبادت کرسکتے تھے ہماری لئے پوری زمیں کومسجدبنادیاگیا۔تاکہ نبی آخرالزماںؐ کاامتی جہاں چاہے اپنافریضہ نماز ادا کرلے ،مال دارپرچوتھائی حصہ نہیں بلکہ چالیسواں حصہ زکوٰۃ واجب قرار پائی۔پہلی امتیں توایک گناہ کی وجہ سے ذلیل ورسواکردی جاتیں لیکن ہمارے ماتھے پر کچھ لکھاجاتاہے نہ ہی ہمارے گھرکی چوکھٹ پرنہ ہی ہماری شکلیں بدلی جاتی ہیں۔ گناہ کے سبب حلال چیزیںحرام نہیں کی جاتیں۔یہ جتنابھی کرم ہم پرہوانبی کریم ؐکے وسیلہ سے ہواہے ۔کسی قوم پربجلیاں گریں، کسی قوم پرپتھروں کی بارشیں ہوئیں، تیزآندھیاں چلیں جنکی وجہ سے وہ اجڑے ہوئے کھیتوں کی طرح نیست ونابود ہوگئے۔ کسی قوم کوپانی کے عذاب نے آگھیراجس سے وہ غرق ہوئے۔مگر نبی کریمؐ سے لیکرقیامت تک کوئی ایساعذاب نہیں آئے گا۔ قرآن پاک میں ارشاد ہوتا ہے ۔ترجمہ ’’اوروہی ہے جواپنے بندوں کی توبہ قبول کرتاہے اور گناہوں سے درگزر فرماتاہے اورجانتاہے جوکچھ تم کرتے ہو‘‘۔ (پارہ 25رکوع4)حضورؐکے طفیل اللہ تعالیٰ نے ہم گناہگاروں کیلئے باب کرم کھول دیاہے ہمیں پہلی قوموں کی طرح ذلیل و رسوا نہیں کیا گیا ہماری بخشش کو آسان بنادیا۔ہم اللہ کی بارگاہ میں صدق دل سے توبہ کرلیں تووہ ہمارے گناہوں کومعاف فرمادیتاہے ۔علماء کرام فرماتے ہیں ہرگناہ سے توبہ کرنا واجب ہے اگرگناہ کا تعلق بندے اور اللہ کے درمیان ہواورکسی انسان کاحق اس سے متعلق نہ ہوتو اسکے لئے تین شرائط ہیں ۔پہلی شرط یہ ہے وہ اس گناہ سے لاتعلق ہوجائے،دوسری شرط یہ ہے کہ وہ اسکے ارتکاب پرنادم ہو،تیسری شرط یہ ہے وہ اس بات کاپختہ ارادہ کرے کہ دوبارہ کبھی اس گناہ کاارتکاب نہیں کرے گااگران تین میںسے کوئی ایک بھی شرط موجودنہ ہوئی توتوبہ درست نہیں ہوگی اگرگناہ کاتعلق کسی آدمی کے ساتھ ہوتواسکی شرائط چارہوںگی ان (مذکورہ بالا)تین شرائط (کے ہمراہ چوتھی شرط یہ ہے )کہ آدمی اس حقدارکے حق سے بری الذمہ ہویعنی اگرمال وغیرہ تھاتواسے وہ واپس کردے اور اگر حدقذف وغیرہ کامعاملہ ہوتواپنے آپکواسکے حوالے کرے یااس سے معافی مانگے اوراگرغیبت ہوتواسے بھی معاف کرائے ۔تمام گناہوں سے توبہ کرناواجب ہے اگرکوئی شخص بعض گناہوں سے توبہ کرلیتاہے تواہل حق کے نزدیک ان مخصوص گناہوں سے اسکی توبہ درست ہوگی اورباقی (گناہوںسے توبہ کرنا)اسکے ذمے باقی رہ جائے گا ۔حضرت علی المرتضیٰ شیرخداؓ سے منقول ہے کہ توبہ کیلئے چھ شرائط ہیں۔گزرے ہوئے زمانے میں جتنے گناہ ہوچکے ہیں ان پرنادم ہونا،اورلوٹانے کیساتھ ساتھ فرائض کے نقصان کوپوراکرنا،مظلوموںسے معافی مانگنا اورنفس کواطاعت میں اسطرح پگھلاناکہ جس طرح کہ اس نے گناہوں میں اپنے آپکوپروان چڑھایا اور نفس کواطاعت کاکڑوامزہ چکھانا جس طرح کہ اس نے بے گناہوںکی حلاوت کوچکھااورجہاں جہاں نفس نے ہنسی کی اسکے بدلے ہرجگہ پر رونا اور آہ وزاری کرنایہ توبہ کی چھ شرائط ہیں۔حضرت ابوالعباس عبداللہ ابن عباس بن عبدالمطلب ؓفرماتے ہیں کہ رسول ؐاللہ نے فرمایا ’’بے شک اللہ تعالیٰ نے نیکیاں اورگناہ تحریر فرما دئیے ہیںاورپھرانکوواضح کردیاہے ۔جوشخص نیکی کاارادہ کرے اوراس پرعمل نہ کرے تواللہ اُسے اپنے ہاں ایک پوری نیکی لکھ لیتاہے۔پھرارادہ کے ساتھ اگرعمل کرے تواسے اپنے پاس سے دس گناسے لیکر سات سوگناتک بلکہ اس سے بھی نیکیاں زیادہ لکھ لیتاہے اورجوگناہ کاارادہ کرے پھر گناہ نہ کرے تواس کیلئے بھی اللہ ایک پوری نیکی لکھ لیتا ہے پھراگرگناہ کاارادہ کرے اورگناہ کربھی لے تواسے اللہ ایک گناہ لکھ لیتا ہے۔ (بخاری، مشکوٰۃ 207)حضرت ابوذرؓ سے روایت ہے کہ میں نے حضورنبی اکرمؐ کافرمان سناکہ ’’ بے شک ہربیماری کاعلاج ہے اورگناہوں کاعلاج بخشش طلب کرناہے۔ جوشخص دن میں دومرتبہ بخشش طلب نہیں کرتا درحقیقت اُس نے اپنی جان پرظلم کیا‘‘۔حضرت ابوحمزہ انس بن مالک انصاری ؓ جونبی کریم ؐ کے خادم ہیں بیان کرتے ہیں۔ نبی کریم ؐنے ارشادفرمایاہے ’’اللہ تعالیٰ اپنے بندے کی توبہ سے اس شخص سے زیادہ خوش ہوتاہے جواپنے اونٹ کوپالے جبکہ وہ اسے ایک جنگل میں گم کرچکاہو‘‘۔حضرت ابوہریرہ ؓ سے ہی ایک اور روایت ہے کہ رسول ؐاللہ نے فرمایاکہ ’’ اللہ تعالیٰ فرماتاہے ، اے ابن آدم !جب تک تومجھ سے مانگتارہے گا اورمجھ سے امیدرکھے گامیں تیری بخشش کرتارہوں گاخواہ تیرے اعمال کیسے ہوں میں پرواہ نہیں کرتا۔اے ابن آدم اگرتیرے گناہ آسمان کی بلندی تک پہنچ جائیں پھربھی تومجھ سے بخشش مانگے تو میں بخش دونگا مجھے پرواہ نہیں اے ابن آدم!اگرتومجھ سے اس حال میں ملے کہ تیرے گناہوں سے ساری زمین بھری پڑی ہو اور تونے میرے ساتھ کسی کوشریک نہ ٹھہرایا ہو تومیں تیرے تمام کے تمام گناہ معاف کرکے تیری بخشش کردونگا‘‘۔ایک روایت کے مطابق حضرت آدم علیہ السلام نے فرمایاکہ اللہ تعالیٰ نیاپنے آخری نبی حضرت محمدمصطفی ؐ کی امت کوچار کرامتوں سے سرفراز فرمایاہے ۔جوکہ صرف اسی امت کو عطا ہوئیںفرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے میری توبہ مکہ شریف میں قبول فرمائی جبکہ حضورنبی کریم ؐکی امت کے لوگ ہرجگہ توبہ کرسکتے ہیں اوراللہ پاک انکی توبہ قبول فرماتاہے، جب مجھ سے غلطی سرزدہوئی تومیرے اورمیری بیوی کے درمیان جدائی کردی گئی لیکن امت محمدیہ ؐ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرتی ہے مگرانکے اورانکے اہل کے درمیان جدائی نہیں کی جاتی ، میںنے جنت میں غلطی کی تومجھے وہاں سے نکال دیاگیا جبکہ امت محمدیہ ؐکے لوگ جنت سے باہرگناہ کرتے ہیں لیکن جب وہ توبہ کرلیں گے تواللہ انکوجنت میں داخل فرمادیگا۔ امام زندوستی ؒفرماتے ہیں کہ میں نے حضرت امام ابومحمدعبداللہ بن فضل ؒکویہ فرماتے ہوئے سناوہ فرماتے تھے کہ حکماء نے فرمایاکہ جس کوچارچیزیں مل جائیں وہ دوسری چارچیزوں کامستحق بن جاتاہے پہلی یہ کہ جس آدمی کودعاکرنے کی توفیق مل جائے وہ دعاکے قبول ہونے سے محروم نہیں ہوتااوردوسری یہ کہ جسکوبخشش طلب کرنے کی توفیق مل جائے وہ مغفرت سے محروم نہیں رہتاجیساکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرمایا ہے ’’وہ بڑا معاف فرمانے والاہے‘‘ اورتیسری یہ کہ جس کوشکرکرنے کی توفیق مل جائے وہ نعمت کی زیادتی سے محروم نہیں رہتاجیساکہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا’’اگر احسان مانوگے تومیں تمہیں اور دونگا‘‘ اورچوتھی یہ کہ جس کوتوبہ کرنے کی توفیق مل جائے وہ اس لئے توبہ کے قبول ہونے سے محروم نہیں رہتاجیسا کہ رب ذالجلال نے فرمایا’’اوروہی ہے جواپنے بندوں کی توبہ قبول فرماتاہے اورگناہوں سے درگزرفرماتاہے‘‘۔حضرت عامرالروحہ ؓ سے روایت ہے کہ ہم حضورنبی کریم ؐ کی بارگاہ اقدس میں حاضرتھے اچانک ایک شخص آیاجس پر ایک کمبل تھا اور اسکے ہاتھ میں کوئی چیزتھی جس پرکمبل لپیٹا ہوا تھا اس نے آکر عرض کی یارسول ؐاللہ میں ایک جھاڑی کے پاس سے گزراتومیں نے اس جھاڑی میں چڑیاکے بچوں کے رونے کی آواز سنی میں نے ان بچوں کوپکڑلیااوراپنے کمبل میں چھپالیااتنے میں ان بچوں کی ماں آگئی وہ میرے سر پر چکر کاٹنے لگی میں نے اسکے سامنے وہ بچے کھول دیے۔انکی والدہ ان بچوں پرگرپڑی تومیں نے ان سب کواپنے کمبل میں لپیٹ لیاوہ سب میرے پاس ہیں۔ آپ ؐنے فرمایا ’’تم انہیں زمین پررکھ دو‘‘میں نے انہیں رکھ دیا تو انکی ماں ان بچوں سے چمٹی رہی ۔ رسولؐ اللہ نے فرمایا ’’کیا تم ان چوزوں کی ماں کی اپنے بچوں سے اس قدرمحبت پرتعجب کرتے ہو؟ ــقسم ہے اس ذات کی جس نے حق کے ساتھ (محمدؐکو) مبعوث فرمایااللہ اپنے بندوں پراس سے زیادہ مہربان ہے جتنی بچوں کی ماں چوزوں پرمہربان ہے‘‘۔اسکے بعد آقاؐ نے اس صحابی ؓسے فرمایاکہ جائو جس مقام سے لائو ہوو ہیں پر انکو چھوڑ کرآئو۔(ابودائود،مشکوٰۃ)حضرت عبداللہ ابن مسعودؓ سے روایت ہے کہ آقا ؐنے ارشاد فرمایا کہ ’’ گناہ سے توبہ کرنے والا ایسا ہوجاتا ہے جیسے گناہ کیاہی نہ تھا۔‘‘(ابن ماجہ) حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ میں نے رسولؐ اللہ کویہ فرماتے ہوئے سنا’’میں دن بھرمیں 70مرتبہ سے زیادہ اللہ کے حضور استغفار کرتا ہوں‘‘ ۔ (بخاری شریف)اللہ رب العزت ہمیں گناہوں سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری توبہ کو قبول کرے ۔ آمین٭…٭…٭

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
عالمی یوم طلبہ

عالمی یوم طلبہ

باشعورنوجوان۔۔۔روشن مستقبل،اور ترقی کا راستہہر سال 17 نومبر کو دنیا بھر میں عالمی یومِ طلبہ (International Students' Day) منایا جاتا ہے۔ یہ دن طلبہ کی جدوجہد، قربانیوں، حقوق، آزادیِ اظہار اور تعلیم کی اہمیت کو تسلیم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ طلبہ نے نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ سماجی، سیاسی، معاشی اور قومی تبدیلیوں میں بھی بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ کسی بھی قوم کی ترقی کا جائزہ لینا ہو تو اس کے تعلیمی اداروں، طلبہ کی صلاحیتوں اور نوجوان نسل کے کردار کو دیکھنا ضروری ہے۔ ہمارے ملک کے لیے اس دن کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے جہاں نوجوان آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیں اور ملک کا مستقبل بڑی حد تک ان کی تعلیم، تربیت، کردار اور صلاحیتوں سے وابستہ ہے۔ تاریخی پس منظرعالمی یومِ طلبہ کی تاریخ 17 نومبر 1939ء سے جڑی ہوئی ہے۔ اس زمانے میں چیکوسلواکیہ پر نازی جرمنی کا قبضہ تھا۔ 28 اکتوبر 1939ء کو طلبہ اور شہریوں نے جرمن قبضے کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران ایک طالب علم جان اوپلیٹل زخمی ہوا جو بعد ازاں انتقال کر گیا۔ اس کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور یہ اجتماع بھی احتجاج کی شکل اختیار کر گیا۔اس کے ردعمل میں 17 نومبر 1939ء کو نازی حکومت نے پراگ کی جامعات بند کر دیں، نو طلبہ رہنماؤں کو قتل کر دیا اور ایک ہزار سے زائد طلبہ کو گرفتار کرکے حراستی کیمپوں میں بھیج دیا۔طلبہ کی اس قربانی اور جدوجہد کی یاد میں 17 نومبر کو عالمی یومِ طلبہ کے طور پر منایا جانے لگا۔ پاکستان میں عالمی یومِ طلبہ کی اہمیتپاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوان نسل ملکی آبادی میں سب سے زیادہ ہیں۔ ہمارے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم لاکھوں طلبہ ملک کے مستقبل کے معمار ہیں۔ یہی طلبہ کل ڈاکٹر، انجینئر، اساتذہ، سائنسدان، کاروباری شخصیات، افسران، سیاستدان اور مختلف شعبوں کے رہنما بنیں گے۔پاکستان کے تناظر میں عالمی یومِ طلبہ ہمیں یہ سوچنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ کیا ہم اپنے طلبہ کو وہ تعلیمی ماحول، مواقع اور سہولیات فراہم کر رہے ہیں جن کے وہ مستحق ہیں؟ کیا ہمارا تعلیمی نظام انہیں صرف امتحانات پاس کرنے کے قابل بنا رہا ہے یا انہیں عملی زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی تیار کر رہا ہے؟ طلبہ کے حقوق اور تعلیمی ماحولطلبہ کسی بھی معاشرے کا اہم ترین اثاثہ ہوتے ہیں۔ ان کے حقوق کا تحفظ ریاست، تعلیمی اداروں، اساتذہ اور والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔طلبہ کو معیاری تعلیم، محفوظ تعلیمی ماحول، مساوی مواقع، اظہارِ خیال کی آزادی اور مثبت تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔بدقسمتی سے ہمارے ہاں بعض تعلیمی اداروں میں طلبہ کو ذہنی دباؤ، غیر ضروری تعلیمی مقابلے، رٹے کے نظام اور امتحانات میں نمبروں کی دوڑ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کئی مرتبہ بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور عملی مہارتوں کے بجائے صرف ان کے امتحانی نتائج کو کامیابی کا معیار سمجھ لیا جاتا ہے۔ جدید دور کے تقاضے اور پاکستانی طلبہآج دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔اے آئی، روبوٹکس، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور جدید سائنسی تحقیق نے تعلیم اور روزگار کے تقاضوں کو یکسر بدل دیا ہے۔ایسے دور میں پاکستانی طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ روایتی تعلیم کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور عملی مہارتوں پر بھی توجہ دیں۔ہمارے طلبہ میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، پاکستانی نوجوان دنیا کی معروف جامعات، سائنسی اداروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں،تاہم ان صلاحیتوں کو قومی ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں جدید لیبارٹریز، تحقیق کے مواقع، سکالرشپس، معیاری اساتذہ اور مناسب تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔ طلبہ اور قومی تعمیر و ترقیپاکستان کی ترقی صرف حکومتی پالیسیوں یا بڑے منصوبوں سے ممکن نہیں۔ اس کے لیے باشعور، تعلیم یافتہ، باکردار اور ذمہ دار شہریوں کی ضرورت ہے۔طلبہ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کی ذمہ داری صرف امتحانات میں اچھے نمبر حاصل کرنا نہیں بلکہ معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا بھی ہے۔انہیں قانون کی پاسداری، برداشت، رواداری، صفائی، ماحول کے تحفظ، سماجی خدمت اور قومی یکجہتی جیسے اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔پاکستان کے تعلیمی اداروں میں مباحثوں، سائنسی نمائشوں، کھیلوں، ادبی سرگرمیوں اور سماجی خدمت کے منصوبوں کو فروغ دینا بھی ضروری ہے تاکہ طلبہ میں قیادت، اعتماد اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا ہو۔ والدین، اساتذہ اور حکومت کا کردارطلبہ کی کامیابی میں والدین، اساتذہ اور حکومت تینوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کے بجائے ان کی دلچسپیوں اور صلاحیتوں کو سمجھیں۔ ہر بچے کی قابلیت مختلف ہوتی ہے، اس لیے کامیابی کو صرف نمبروں یا ڈگریوں تک محدود نہیں کرنا چاہیے۔اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو محض نصابی کتابیں پڑھانے کے بجائے ان کی شخصیت سازی، اخلاقی تربیت اور عملی صلاحیتوں کی نشوونما پر بھی توجہ دیں۔حکومت کو چاہیے کہ تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھائے، سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنائے، اساتذہ کی تربیت کو یقینی بنائے اور تمام بچوں، خصوصاً لڑکیوں اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرے۔

نظام شمسی کے کنارے پانی کے آثار

نظام شمسی کے کنارے پانی کے آثار

حیرت انگیز انکشافانسانی تاریخ میں پانی ہمیشہ زندگی، بقا اور کائنات میں زندگی کے امکانات کی تلاش کا بنیادی موضوع رہا ہے۔ زمین پر موجود پانی کے بارے میں تو سائنسدان طویل عرصے سے تحقیق کر رہے ہیں لیکن اب ایک نئی تحقیق نے نظامِ شمسی کے انتہائی دور دراز حصے میں اربوں سال قدیم پانی کے آثار دریافت کرکے ماہرینِ فلکیات کو حیران کر دیا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق یہ پانی تقریباً ساڑھے چار ارب سال قبل نظامِ شمسی کی تشکیل کے ابتدائی دور سے تعلق رکھتا ہے اور اس کی کیمیائی خصوصیات زمین اور نظامِ شمسی کے اندرونی حصوں میں پائے جانے والے پانی سے مختلف ہیں۔ ناسا کے سائنسدانوں کی قیادت میں ہونے والی اس تحقیق میں ایسے باریک کائناتی ذرات کا تجزیہ کیا گیا جو ممکنہ طور پر نیپچون سیارے سے آگے واقع کوائپر بیلٹ (Kuiper Belt) سے زمین تک پہنچے تھے۔ ان ذرات میں موجود معدنیات اور آکسیجن کے مخصوص آئسوٹوپس نے اس قدیم پانی کی موجودگی کے شواہد فراہم کیے ہیں۔ یہ دریافت نظامِ شمسی کی ابتدائی تاریخ سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے۔کوائپر بیلٹ: نظامِ شمسی کا پراسرار علاقہکوائپر بیلٹ نظامِ شمسی کا ایک وسیع اور سرد خطہ ہے جو نیپچون کے مدار سے آگے شروع ہوتا ہے۔ یہ سورج سے تقریباً 30AU(Astronomical unit)یا اس سے بھی زیادہ فاصلے پرہے۔ اس علاقے میں لاکھوں کروڑوں برفانی اور پتھریلے اجسام موجود ہیں جن میں بعض چھوٹے سیارچے بھی شامل ہیں۔ پلوٹو بھی انہی میں سے ایک ہے۔سورج سے انتہائی دوری کے باعث یہاں درجہ حرارت بہت کم رہتا ہے اور پانی سمیت مختلف مادے زیادہ تر برف کی شکل میں موجود ہوتے ہیں۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ کوائپر بیلٹ کے کئی اجسام نظامِ شمسی کی تشکیل کے ابتدائی زمانے کی ایسی باقیات ہیں جن میں اربوں سال پرانی کیمیائی معلومات محفوظ ہو سکتی ہیں۔اس علاقے کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ یہاں تک پہنچنا اور وہاں سے نمونے زمین پر لانا انتہائی مشکل اور مہنگا عمل ہے۔ اسی وجہ سے سائنسدان طویل عرصے سے ایسے متبادل طریقے تلاش کر رہے ہیں جن کے ذریعے ان دور دراز علاقوں کے مادوں کا مطالعہ کیا جا سکے۔ حالیہ تحقیق میں بھی قدرتی طور پر زمین تک پہنچنے والے کائناتی گردوغبار نے یہ اہم کردار ادا کیا۔ناسا کے جانسن سپیس سینٹر سے وابستہ سائنسدان لنڈسے کیلر کی قیادت میں محققین نے زمین کی فضا کے بالائی حصے یعنی اسٹریٹوسفیئر سے جمع کیے گئے بارہ انتہائی باریک کائناتی ذرات کا تجزیہ کیا۔ یہ ذرات صرف 10 سے 30 مائیکرو میٹر کے حجم کے تھے ۔ تحقیق کا سب سے اہم مرحلہ ان ذرات کی شناخت اور ان کی ممکنہ اصل کا تعین کرنا تھا۔ سائنسدانوں نے ان میں شمسی توانائی کے حامل ذرات کی تابکاری سے پیدا ہونے والے نشانات کا جائزہ لیا۔ جب کائناتی گردوغبار طویل عرصے تک خلا میں سفر کرتا ہے تو سورج سے آنے والے توانائی بخش ذرات اس کی معدنی ساخت میں مخصوص نشانات چھوڑ جاتے ہیں۔محققین کو معلوم ہوا کہ ان ذرات میں تابکاری کے نشانات کی کثافت عام شہابی پتھروں یا بعض دمدار ستاروں سے آنے والے گردوغبار کے مقابلے میں تقریباً سو گنا زیادہ تھی۔ یہ شواہد اس بات سے مطابقت رکھتے ہیں کہ ان ذرات نے نظامِ شمسی کے انتہائی دور دراز حصے، ممکنہ طور پر کوائپر بیلٹ، سے سفر شروع کیا تھا۔ان ذرات میں کاربن کی مقدار بھی غیر معمولی طور پر زیادہ پائی گئی جبکہ بعض نمونوں میں سیپونائٹ (Saponite) اور سرپینٹائن (Serpentine) جیسی معدنیات دریافت ہوئیں۔ یہ معدنیات اس وقت بنتی ہیں جب پانی چٹانوں اور دیگر معدنی مادوں کے ساتھ کیمیائی عمل کرتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ان ذرات کے اصل برفانی اجسام کے اندر ماضی میں مائع پانی موجود رہا ہوگا۔آکسیجن کے آئسوٹوپس سے قدیم پانی کی شناختاس تحقیق کا سب سے دلچسپ پہلو آکسیجن کے آئسوٹوپس کا تجزیہ ہے۔تحقیق کے دوران بارہ کائناتی ذرات میں آکسیجن 17 اور آکسیجن 18 کی غیر معمولی مقدار دیکھی گئی۔ محققین نے ان معدنیات کی تشکیل کے دوران ہونے والے کیمیائی تعاملات کا دوبارہ جائزہ لیا اور اندازہ لگایا کہ جس پانی نے ان معدنیات کو جنم دیا اس میں بھاری آکسیجن آئسوٹوپس کی مقدار غیر معمولی طور پر زیادہ تھی۔یہ کیمیائی شناخت اس پانی سے مختلف تھی جس کے آثار نظامِ شمسی کے دوسرے علاقوں سے آنے والے کاربن سے بھرپور شہابی پتھروں میں ملتے ہیں۔ اس فرق سے ظاہر ہوتا ہے کہ نظامِ شمسی کے بیرونی حصے میں پانی کا ایک الگ ذخیرہ موجود تھا جو اندرونی حصوں میں ہونے والی کیمیائی تبدیلیوں اور مادوں کی آمیزش سے بڑی حد تک محفوظ رہا۔اس دریافت کی اہمیت اس دریافت کی اہمیت محض قدیم پانی کی موجودگی تک محدود نہیں۔ یہ ہمیں سمجھنے میں مدد دیتی ہے کہ نظامِ شمسی کی تشکیل کے دوران مختلف علاقوں میں پانی کی نوعیت کیا تھی، سیاروں کے درمیان مادوں کی نقل و حرکت کیسے ہوئی اور کس طرح بعض قدیم کیمیائی خصوصیات اربوں سال تک محفوظ رہ سکتی ہیں۔ماہرین کے لیے اب بھی کئی سوالات موجود ہیں۔ کیا کوائپر بیلٹ میں اس طرح کے پانی کے ذخائر عام تھے؟ کیا وہاں کے دیگر برفانی اجسام میں بھی ماضی میں مائع پانی موجود تھا؟ اور کیا مستقبل میں مزید کائناتی ذرات کے تجزیے سے اس قدیم ذخیرے کے بارے میں زیادہ تفصیلی معلومات حاصل ہو سکیں گی؟

آج کا دن

آج کا دن

الزبتھ اول ملکہ بنیں 17 نومبر 1558ء کو ملکہ میری اول کی وفات کے بعد الزبتھ اول انگلستان اور آئرلینڈ کی ملکہ بنیں۔ وہ بادشاہ ہنری ہشتم اور این بولین کی بیٹی تھیں۔ ان کی تخت نشینی انگلستان کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اس وقت انگلستان مذہبی اختلافات اور سیاسی مسائل کا شکار تھا۔ الزبتھ اول نے اپنے دورِ حکومت میں ملک میں سیاسی استحکام پیدا کرنے اور مذہبی کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی۔ ان کا دورِ حکومت تقریباً 45 سال پر محیط تھا۔ اس زمانے میں انگریزی ادب، فنون، تجارت اور سمندری مہمات نے نمایاں ترقی کی۔ الزبتھ اول کا دور انگلستان کی سیاسی اور ثقافتی ترقی کے حوالے سے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ امریکی کانگریس کا پہلا اجلاس17 نومبر 1800ء کو امریکی ایوانِ نمائندگان نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع کیپیٹل کی عمارت کے شمالی حصے میں پہلی مرتبہ اجلاس منعقد کیا۔ یہ واقعہ امریکہ کی سیاسی اور آئینی تاریخ میں اہم سنگِ میل تھا کیونکہ اس سے پہلے امریکی حکومت مختلف شہروں میں اپنے اجلاس منعقد کرتی رہی تھی۔ 1790ء کے قانون کے تحت واشنگٹن کو مستقل وفاقی دارالحکومت بنانے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس وقت نیا دارالحکومت مکمل طور پر تعمیر نہیں ہوا تھا۔ کیپیٹل کی عمارت کا صرف شمالی حصہ استعمال کے قابل تھا جبکہ دیگر حصوں کی تعمیر جاری تھی۔ اس اجلاس کے ذریعے واشنگٹن نے امریکہ کے مستقل سیاسی مرکز کی حیثیت حاصل کرلی۔ نہرِ سویز کا افتتاح 17 نومبر 1869ء کو مصر میں نہرِ سویز کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ یہ دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہوں میں سے ایک ہے جو بحیرہ روم کو بحیرہ احمر سے ملاتی ہے۔ اس نہر کی تعمیر کا منصوبہ فرانسیسی انجینئر اور سفارت کار فرڈینینڈ ڈی لیسپس کی نگرانی میں شروع ہوا۔ تعمیراتی کام 1859ء میں شروع کیا گیا اور اسے مکمل ہونے میں تقریباً دس سال لگے۔ اس نہر کی تعمیر سے یورپ اور ایشیا کے درمیان بحری سفر کا فاصلہ نمایاں طور پر کم ہوگیا کیونکہ جہازوں کو افریقہ کے جنوبی کنارے سے گزرنے کی ضرورت نہیں رہی۔ اس نے عالمی تجارت، بحری نقل و حمل اور بین الاقوامی معیشت میں ایک انقلاب پیدا کیا۔ آج بھی نہرِ سویز عالمی تجارت کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے ۔ چاند پرپہلی خودکار گاڑی کی آمد17 نومبر 1970ء کو سوویت یونین کے خلائی مشن لونا 17 نے چاند کی سطح پر کامیاب لینڈنگ کی اور اس کے ساتھ بھیجی گئی خودکار گاڑی لونوخود اول (Lunokhod 1) چاند پر پہنچ گئی۔ یہ انسانی خلائی تحقیق کی تاریخ کا ایک غیر معمولی واقعہ تھا کیونکہ یہ کسی دوسرے سیارے پر تحقیق کرنے والی پہلی روبوٹک گاڑی تھی۔ اس گاڑی میں آٹھ پہیے نصب تھے اور اسے زمین پر موجود سائنسدان ریڈیو سگنلز کے ذریعے کنٹرول کرتے تھے۔ لونوخود اول نے اپنے مشن کے دوران چاند کی سطح پر تقریباً 10.5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، ہزاروں تصاویر زمین پر بھیجیں اور مٹی کے نمونوں کا تجزیہ کیا۔ اس مشن نے مستقبل میں چاند اور دیگر سیاروں پر روبوٹک تحقیق کے لیے نئی راہیں کھولیں۔ ویلوٹ ریولیوشن 17 نومبر 1989ء کو چیکوسلواکیہ کے دارالحکومت پراگ میں طلبہ نے ایک پرامن مظاہرہ کیا جو بعد میں ویلوٹ ریولیوشن کے نام سے مشہور ہوا۔ اس مظاہرے کا مقصد آزادی، جمہوریت اور سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کرنا تھا۔ اس وقت چیکوسلواکیہ میں کمیونسٹ حکومت قائم تھی اور شہریوں کو سیاسی آزادیوں کے حوالے سے کئی پابندیوں کا سامنا تھا۔ مظاہرین کو پولیس نے سختی سے روکنے کی کوشش کی اور طلبہ پر تشدد کیا گیا۔ اس واقعے نے عوام میں غم و غصہ پیدا کیا اور ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔ طلبہ، اساتذہ، دانشوروں اور عام شہریوں نے حکومت کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا۔ اس انقلاب کو ویلوٹ ریولیوشن اس لیے کہا جاتا ہے کہ اقتدار کی تبدیلی نسبتاً پرامن انداز میں ہوئی۔

بلغاری پنک

بلغاری پنک

گلابی ہیروں کی دنیا کا '' مونا لیزا‘‘قدرت نے زمین کی تہہ میں ایسے بیش قیمت خزانے چھپا رکھے ہیں جن کی نایابی اور غیر معمولی خوبصورتی انہیں دنیا بھر میں منفرد مقام عطا کرتی ہے۔ قیمتی ہیروں کی دنیا میں گلابی ہیرے اپنی دلکش رنگت، نایاب دستیابی اور حیرت انگیز قیمت کے باعث خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ حال ہی میں 24 قیراط وزنی گلابی ہیرا ''بلغاری پنک‘‘ ایک کروڑ 46 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تو اس نے جواہرات کی دنیا میں ایک بار پھر تہلکہ مچا دیا۔ ماہرین نے اسے گلابی ہیروں کی مونا لیزا قرار دیا ہے۔ یہ غیر معمولی فروخت نہ صرف اس ہیرے کی منفرد خوبصورتی اور نایابی کا اعتراف ہے بلکہ قدرت کے تخلیق کردہ ان نادر شاہکاروں کی قدروقیمت کا بھی مظہر ہے، جو صدیوں تک انسانی تجسس اور حیرت کا مرکز بنے رہتے ہیں۔اس ہیرا کی نایابی اور غیر معمولی شفافیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے ''گلابی ہیروں کی مونا لیزا‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ 24قیراط وزنی کا یہ قیمتی ہیرا، جسے ''بلغاری پنک‘‘ کا نام دیا گیا ہے، نیلامی میں ایک کروڑ 8 لاکھ پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔یہ ہیرا گزشتہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے تک ایک ہی نجی خاندان کا حصہ رہا۔ اسے بھارت کی گولکنڈہ کانوں سے حاصل کیا گیا تھا۔ یہ کانیں تاریخ کے کئی مشہور ہیروں کا سرچشمہ رہی ہیں، جن میں کوہِ نور بھی شامل ہے۔بلغاری پنک ''ٹائپ ٹو اے‘‘ ہیروں کی نایاب قسم سے تعلق رکھتا ہے۔ اس نوعیت کے ہیروں میں نائٹروجن یا بوران کی قابلِ پیمائش آمیزش موجود نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے ان کی خالص ساخت انہیں غیر معمولی بناتی ہے۔ گلابی ہیرے اپنی منفرد رنگت کے باعث بھی دنیا بھر میں انتہائی مطلوب ہیں۔فروخت کنندہ کے پردادا اور پردادی نے 1950ء کی دہائی میں یہ ہیرا خریدا تھا۔ بعد ازاں اسے روم میں معروف زیورات ساز ادارے بلغاری کے پاس لے جایا گیا، جو اس وقت دنیا کے ممتاز زیورات ساز اداروں میں اپنی شناخت بنا رہا تھا۔ بلغاری نے اس ہیرے کو جواہرات کی ایک منفرد تخلیق میں ڈھالنے کیلئے تراشا اور جڑا۔جنیوا میں کرسٹیز نیلام گھر کی نیلامی سے قبل ادارے کے عالمی سربراہ برائے جواہرات میکس فاوسٹ نے اس ہیرے کو ''گلابی ہیروں کی مونا لیزا‘‘ قرار دیا۔امریکا کے جیمولوجیکل انسٹی ٹیوٹ کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر وُوئی وانگ نے کہا کہ گلابی ہیرے اپنی ذات میں نایاب ہوتے ہیں، لیکن اس قدر بڑے حجم اور اعلیٰ معیار کا ہیرا جواہرات کی دنیا میں انتہائی غیر معمولی ہے۔ ان کے مطابق، ادارے نے قدرتی گلابی ہیروں کے جن نمونوں کا جائزہ لیا ہے، ان میں سے بیشتر کا وزن ایک قیراط سے بھی کم تھا۔ اس کے برعکس بلغاری پنک کا وزن پورے 24 قیراط ہے۔ اس کا رنگ ''فینسی انٹینس پنک‘‘ (انتہائی گہرا اور شوخ گلابی) جبکہ شفافیت کا معیار VVS2 ہے، جو ہیروں کی اعلیٰ ترین صفائی کے درجات میں شمار ہوتا ہے۔کرسٹیز نیلام گھر کے مطابق یہ ہیرا اپنی خام شکل میں 1950ء کی دہائی میں بھارت کی مشہور گولکنڈہ کانوں سے حاصل کیا گیا تھا، جس کے بعد بلغاری نے اسے تراش خراش اور تزئین و آرائش کے ذریعے ایک نادر شاہکار میں تبدیل کر دیا۔ اس زمانے میں روم کا معروف زیورات ساز ادارہ بلغاری دنیا کے انتہائی نفیس ذوق رکھنے والے شائقین اور قیمتی جواہرات کے خریداروں کی توجہ کا مرکز بن رہا تھا۔ اس لیے اتنے نایاب ہیرے کیلئے بلغاری کا انتخاب ایک فطری فیصلہ تھا۔1950ء کی دہائی وہ دور تھا جب دوسری عالمی جنگ کے بعد روم عالمی فیشن، تہذیب اور پرتعیش طرزِ زندگی کے مرکز کے طور پر ابھر رہا تھا۔ بلغاری پنک کو ہیروں کی درجہ بندی میں ''فینسی انٹینس پنک‘‘ (Fancy Intense Pink) کا درجہ حاصل ہے، جو گلابی ہیروں کی انتہائی پسندیدہ اور قیمتی رنگتوں میں شمار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر وُوئی وانگ کے مطابق، اس ہیرے کی منفرد گلابی رنگت قدرتی ہیروں میں پائے جانے والے ''نائٹروجن ویکینسی سینٹرز‘‘ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ یہ ایک غیر معمولی خصوصیت ہے جو قدرتی گلابی ہیروں کو دیگر ہیروں سے ممتاز کرتی ہے۔ اس ہیرے کی تراش خراش کا انداز بھی اسے منفرد بناتا ہے۔ اسے زمردی تراش (ایمرلڈ کٹ) دی گئی ہے، جس کے چوڑے اور کھلے رخ ہیرے کی اندرونی خصوصیات کو چھپانے کے بجائے نمایاں کرتے ہیں۔ یہ قدرت کی اس غیر معمولی صلاحیت کا دلکش نمونہ ہے، جس کے ذریعے وہ حیرت انگیز تخلیقات وجود میں لاتی ہے۔توقع تھی کہ یہ ہیرا ایک کروڑ سے ڈیڑھ کروڑ سوئس فرانک (تقریباً 88 لاکھ سے ایک کروڑ 33 لاکھ پاؤنڈ) میں فروخت ہوگا۔ بالآخر اس کی فروخت متوقع قیمت کی حد کے عین وسط میں ہوئی۔یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کچھ عرصہ قبل افریقی ملک بوٹسوانا میں ایک نایاب گلابی اور بے رنگ ہیرا دریافت ہوا، جس کا وزن 37.4 قیراط ہے۔ اس ہیرے کی لمبائی تقریباً ایک انچ ہے اور اس میں گہرے گلابی اور بے رنگ حصوں کے درمیان واضح اور تیز حدِ فاصل دکھائی دیتی ہے۔

جنگفرو ریلوے : برف پوش دنیا کا عجوبہ

جنگفرو ریلوے : برف پوش دنیا کا عجوبہ

سوئٹزر لینڈ کا نام آتے ہی ذہن میں برف سے ڈھکے بلندوبالا پہاڑ، سبزہ زار وادیاں، چاکلیٹ اور دنیا کا بہترین ریلوے نظام گھومنے لگتا ہے۔ لیکن ان تمام دلکش مناظر کے درمیان ایک ایسا مقام بھی ہے جو اپنی ہیبت، خوبصورتی اور اس کی تعمیر کے پیچھے چھپی انسانی قربانیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ جنگفرو ریلوے تاریخ، انجینئرنگ کے کمال اور قدرت کے اٹل قوانین کے خلاف انسان کی عظیم فتح کا نام ہے۔ سطح سمندر سے 3454 میٹر یا 11,332 فٹ کی بلندی پر واقع جنگفرایوج یورپ کا بلند ترین ریلوے اسٹیشن ہے، جسے بجا طور پر یورپ کی چھت کہا جاتا ہے۔ یہ ایسے ہلاکت خیز اور خطرناک پہاڑ سے گزرتی ہے جہاں قدم رکھنا بھی صدیوں پہلے تک ناممکن سمجھا جاتا تھا۔انیسویں صدی کے آخر میں جب یورپ میں صنعتی انقلاب اپنے عروج پر تھا تو سوئٹزرلینڈ کے پرعزم تاجر اڈولف گائرر کے دل میں انوکھا خیال آیا۔ انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ سوئس الپس کے بلند ترین پہاڑوں جن میں آئگر، مونش اور جنگفراؤ شامل ہیں پر ایک ایسی ریلوے بنائی جائے جو عام سیاحوں کو بھی برفانی چوٹیوں کے قلب تک لے جائے۔اس وقت کے ماہرین تعمیرات نے اسے دیوانے کا خواب قرار دیا اور کہا کہ یہ پراجیکٹ ناممکن اور خودکشی کے مترادف ہے۔ پہاڑوں کی انتہائی سردی، تیز برفانی طوفان، آکسیجن کی کمی اور چٹانوں کے اندر کام کرنے کے خطرات اتنے بڑے تھے کہ عقل دنگ رہ جاتی تھی۔ اس کے باوجود گائرر نے ہمت نہ ہاری اور 1896ء میں اس ناممکن پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ جنگفرو ریلوے کی تعمیر کا عمل انسانی المیے سے کم نہیں تھا۔ اس ریلوے کی سب سے بڑی انفرادیت یہ ہے کہ اس کا بڑا حصہ کھلے آسمان کے نیچے نہیں بلکہ پہاڑوں کے اندر تراشی گئی سرنگوں سے ہو کر گزرتا ہے۔ اس خوفناک پہاڑی سلسلے میں آٹھ کلومیٹر طویل سرنگ بنانا اس دور کی ٹیکنالوجی کے لحاظ سے معجزہ تھا۔ کارکنوں کو منفی درجہ حرارت، شدید برف باری اور ہڈیوں کو جما دینے والی سردی میں کام کرنا پڑتا تھا۔ اتنی زیادہ بلندی پر آکسیجن کی سطح کم ہونے کی وجہ سے سانس لینا محال ہو جاتا تھا، جس سے جسمانی تھکن اور بیماریاں عام تھیں۔ چٹانوں کو اڑانے کیلئے ڈائنامائٹ کا استعمال کیا جاتا تھا۔ کئی بار اچانک چٹانیں گرنے، برفانی تودے کھسکنے اور دھماکوں کے دوران پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں درجنوں مزدور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔یہ پراجیکٹ 16سال میں مکمل ہوا۔ اس طویل عرصے میں بیسیوں مزدوروں نے اس راستے کی تعمیر میں اپنی جانیں قربان کیں۔ زیادہ تر مزدور اٹلی سے آئے غریب طبقے کے لوگ تھے، جن کی قربانیوں کی یاد میں آج بھی وہاں شواہد موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جنگفرو ریلوے کو ہلاکت خیز پہاڑ سے گزرنے والی تاریخ کا خونچکاں باب کہا جاتا ہے۔آج جب کوئی سیاح انٹرلاکن یا گرائنڈل والڈ سے اس سفر کا آغاز کرتا ہے تو وہ زمین کی جنت سے نکل کر آسمانوں کی وسعتوں میں داخل ہو رہا ہوتا ہے۔ ٹرین آہستہ آہستہ سرسبز وادیوں کو چھوڑ کر برف کی سفید چادر اوڑھے پہاڑوں کی طرف بڑھتی ہے۔ آئگر گلوبند اور آئگرسوانڈ اسٹیشن سے ٹرین جب پہاڑ کے اندر سرنگ سے گزرتی ہے تو راستے میں شیشے کی کھڑکیاں بنائی گئی ہیں جہاں ٹرین چند منٹ کیلئے رکتی ہے۔ مسافر یہاں باہر جھانک کر دیکھتے ہیں تو نیچے گہری کھائیاں، گلیشیئرز کا سمندر اور بادلوں کے ٹکڑے دکھائی دیتے ہیں۔ یہاں کھڑے ہو کر انسان کو قدرت کی ہیبت اور اپنی بے بسی کا اندازہ ہوتا ہے۔ پہاڑ کے اندر بنائی گئی یہ سرنگ اس دور کی انجینئرنگ کا شاہکار ہے۔ ٹرین برقی نظام پر چلتی ہے جو اس زمانے میں بھی ماحول دوست اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی ایک بہترین مثال تھی۔ جب ٹرین آخری منزل پر پہنچتی ہے تو مسافر ایسی دنیا میں قدم رکھتے ہیں جو سال کے بارہ مہینے برف سے ڈھکی رہتی ہے۔یہ ریلوے اسٹیشن اپنے آپ میں سیاحتی کمپلیکس ہے۔ یہاں پہنچنے والے سیاحوں کیلئے تین مقامات خصوصی کشش رکھتے ہیں۔ اسفنکس آبزرویٹری جو سائنسی رصد گاہ ہے جو بلند ترین چوٹی پر واقع ہے۔ یہاں ایک لفٹ کے ذریعے پہنچا جاتا ہے جہاں سے چاروں طرف الپس کے پہاڑوں اور دنیا کے سب سے بڑے الیش گلیشیئر کا 360 ڈگری نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ آئس محل گلیشیئر کے اندر برف کو تراش کر بنائے گئے یہ غار اور سرنگیں کسی جادوئی دنیا کا منظر پیش کرتے ہیں۔ یہاں برف کے تراشے ہوئے مجسمے رکھے گئے ہیں۔ الپائن سینسیشن ایک ٹنل ہے جو جنگفرو ریلوے کی تاریخ اور اس کی تعمیر میں جان دینے والے مزدوروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ آج کے دور میں ماحولیاتی تبدیلی پوری دنیا کیلئے سنگین مسئلہ بن چکی ہے، الپس کے گلیشیئرز بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں ہیں۔ یہ گلیشیئر ہر سال تیزی سے پگھل رہا ہے، جو کہ ماہرینِ ماحولیات کیلئے تشویش کا باعث ہے۔ جنگفرو ریلوے انتظامیہ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ سیاحت کی وجہ سے اس نازک ماحولیاتی نظام کو نقصان نہ پہنچے اور ٹرین کا نظام مکمل طور پر قابلِ تجدید توانائی پر چلایا جائے۔

جئی اور بادام کا دودھ صحت کیلئے کتنا مفید؟

جئی اور بادام کا دودھ صحت کیلئے کتنا مفید؟

صحت کے حوالے سے بڑھتی ہوئی آگاہی اور متوازن غذا کے رجحان نے لوگوں کو روایتی دودھ کے متبادل تلاش کرنے کی طرف راغب کیا ہے۔ اسی وجہ سے جئی (اوٹس) اور بادام سے تیار کردہ نباتاتی دودھ تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ بہت سے افراد گائے یا بھینس کے دودھ کے بجائے انہیں زیادہ صحت بخش اور قدرتی انتخاب سمجھتے ہیں، لیکن غذائی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان مشروبات کے بعض اجزا اور تیاری کے طریقے صحت کیلئے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔ بظاہر بے ضرر اور مفید دکھائی دینے والے ان متبادل اشیاء کے دودھ میں شامل اضافی شکر، تیل اور دیگر اجزا کے ممکنہ اثرات نے ان کی افادیت پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دودھ سے بنی اشیاء کی جگہ نباتاتی متبادل، مثلاً جئی (اوٹس) یا بادام کا دودھ اور ناریل سے تیار کردہ دہی استعمال کرنے سے جسم میں کئی اہم غذائی اجزا کی شدید کمی پیدا ہو سکتی ہے۔یہاں تک کہ کافی میں گائے کے دودھ کی جگہ اوٹس ملک استعمال کرنے سے بھی آیوڈین کی کمی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں وزن میں اضافہ، یادداشت کے مسائل اور مسلسل تھکاوٹ جیسی شکایات پیدا ہو سکتی ہیں۔ محققین نے طبی جریدے 'دی لانسیٹ پلانیٹری ہیلتھ‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں خبردار کیا ہے کہ بچوں، نوعمر افراد اور حاملہ خواتین کو اس حوالے سے سب سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آیوڈین تھائیرائیڈ ہارمونز کی تیاری کیلئے نہایت ضروری ہے۔ یہ ہارمونز جسم کے میٹابولزم کو منظم کرنے کے ساتھ معمول کی نشوؤنما اور دماغی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔جسم میں آیوڈین کی مناسب مقدار نہ ہونے سے تھائیرائیڈ گلینڈ کی کارکردگی سست پڑ سکتی ہے، جس سے میٹابولزم متاثر ہوتا ہے اور وزن بڑھنے کا امکان پیدا ہو جاتا ہے۔ بعض مطالعات میں اس کیفیت کے باعث وزن میں پانچ کلوگرام تک اضافے کا تعلق بھی سامنے آیا ہے۔تحقیقی شواہد کے مطابق حمل کے دوران آیوڈین کی معمولی کمی بھی بچوں کی ذہنی و دماغی صلاحیتوں کو طویل مدت کیلئے متاثر کر سکتی ہے۔ اس کے باوجود بچے پیدا کرنے کی عمر کی تقریباً ایک تہائی خواتین میں اس اہم معدنی جزو کی کمی پائی جاتی ہے۔دودھ سے بنی اشیا کی جگہ نباتاتی دودھ، دہی اور پنیر استعمال کرنے سے کیلشیم، وٹامن بی 12 اور رائبوفلیون کی کمی کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ رائبوفلیون ایک اہم وٹامن ہے جو جلد، آنکھوں اور اعصابی نظام کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتا ہے۔یونیورسٹی آف سرے اور کوئنز یونیورسٹی بیلفاسٹ کے ماہرین نے اس تحقیق کیلئے نیشنل ڈائٹ اینڈ نیوٹریشن سروے میں شامل 3500 افراد کی غذائی عادات اور خوراک سے حاصل ہونے والے غذائی اجزا کا جائزہ لیا۔محققین نے دودھ کے متبادل کے طور پر استعمال ہونے والی 164 اقسام کی نباتاتی دودھ، 76 اقسام کے دہی اور پنیر کے 67 متبادل نمونوں میں غذائی اجزا کا تجزیہ کیا۔ اس جائزے میں معلوم ہوا کہ ان میں سے صرف 12 فیصد مصنوعات میں آیوڈین شامل کی گئی تھی۔ اگرچہ 61 فیصد مصنوعات میں اضافی کیلشیم موجود تھا، لیکن صرف ہر پانچ میں سے ایک میں رائبوفلیون شامل کیا گیا تھا، جبکہ 46 فیصد میں وٹامن بی 12 پایا گیا۔تحقیق کے مطابق دودھ اور اس سے بنی اشیا کے استعمال میں معمولی کمی سے بھی ان چاروں اہم غذائی اجزا کی مقدار کم ہو جاتی ہے، تاہم آیوڈین کی سطح میں سب سے زیادہ نمایاں کمی دیکھی گئی۔محققین نے پایا کہ دودھ سے بنی 20 سے 35 فیصد اشیاء کی جگہ نباتاتی متبادل استعمال کرنے سے ان خواتین اور لڑکیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا جو مطلوبہ مقدار میں آیوڈین حاصل نہیں کر پا رہی تھیں۔