اعلیٰ سطح کے ا جلاس میں پلس پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیاگیا
![اعلیٰ سطح کے ا جلاس میں پلس پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیاگیا](https://dunya.com.pk/news/2025/January/01-29-25/news_big_images/2468406_89371640.jpg)
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے ا جلاس میں پلس پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں ڈی جی پی ایل آر اے اکرام الحق ، ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور اے ڈی سی آر فہد محمود کے علاوہ ریونیو اسٹاف خوشاب ، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز ، اے ڈی سی آر زاور اسسٹنٹ کمشنروں نے ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی جی پی ایل آر اے نے پلس پراجیکٹ ، موضع ڈیجیٹلائزیشن ، اربن ریکارڈ کی ڈیجٹیلائزیشن ، ڈیجیٹل نقشہ جات اور سرکاری اراضی کی ڈائریکٹری کے علاوہ مشترکہ کھاتوں کی تقسیم بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ان کا بتانا تھا کہ مشترکہ کھاتوں کی تقسیم پلس کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے ۔سرگودہا ڈویڑن کے کل 136 موضع جات سکین ہو چکے ہیں جبکہ 52 زیر التواء موضع جات کو پندرہ دنوں میں سکین کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ مشترکہ کھاتوں کو ختم کر کے پارسل بنانے کے پراجیکٹ کا آغاز یکم فروری سے کیا جا رہاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع کو چار حصوں میں تقسیم کرکے وانڈاجات کو جدید ٹیکنالوجی کواستعمال میں لا کر سکین کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وانڈا کی تقسیم میں وراثتی انتقال پہلی ترجیحی ہوگی۔ زندہ افراد کے ونڈابنائے جائیں گے ۔ انہوں نے ریونیو افسران پر زور دیا کہ وہ ونڈاجات دفاتر میں بیٹھ کر بنانے کی بجائے نمبرداروں کے ڈیرہ جات پر جا کربنائیں۔ ڈی جی پی ایل آر اے نے مزید بتایا کہ پلس پراجیکٹ کے اہداف کو یقینی بنانے کیلئے ریونیو افسران وفیلڈ سٹاف کوسٹیشنری کے علاوہ اعزایہ بھی دیاجائیگا جبکہ افسران کی کارکردگی پلس کے پی آئیز سے مشروط ہوگی۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ اپنے اراضی حقوق کے بہتر تحفظ کیلئے سمجھداری کامظاہرہ کریں اور تقسیم کے عمل کا حصہ بنیں۔ اجلاس میں سوالوں وجوابات کاسیشن بھی رکھاگیا۔