نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے گوشت کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے پلان طلب کر لیا

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گوشت کی ایکسپورٹ 5 گنا بڑھانے کیلئے قابل عمل پلان طلب کر لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے 21 رکنی وفد نےملاقات کی، وفد نے لائیوسٹاک پروڈکشن بڑھانے کیلئے تجاویز پیش کیں۔

محسن نقوی نے لائیوسٹاک پروڈکشن کے لئے ایف ایم ڈی کمپارٹمنٹ بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور مویشی منڈی میں بے جا ٹیکسز وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔

ملاقات کے دوران بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پاکستان سے 500 ملین ڈالر کا میٹ ایکسپورٹ کیا جا رہا ہے، لاہور سے 300 ملین ڈالر کا میٹ ایکسپورٹ ہو رہا ہے، میٹ ایکسپورٹ میں بہت پوٹینشل ہے اور ایکسپورٹ کو 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میٹ ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے تمام ممکنہ سہولتیں دیں گے، گوشت کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے وفاق سے بھی رابطہ کیا جائے گا، میٹ پروڈکشن اور ایکسپورٹ بڑھنے سے فارمر خوشحال ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی قابل عمل تجاویز پر فوری اقدامات کئے جائیں گے۔

صوبائی وزیر لائیوسٹاک ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری لائیوسٹاک، میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالحنان، سیکرٹری جنرل سید حسن رضا اور میٹ پروڈکشن یونٹ کے مالکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں