نیپرا کی ڈسکوز کو اوور بل ٹھیک، خراب میٹر 30 دن میں تبدیل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسکوز کی جانب سے اوور بلنگ کے معاملہ پر نیپرا اتھارٹی نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسکوز خراب میٹرز 30 دن میں تبدیل اور خراب بلوں کو ٹھیک کریں۔

نیپرا اتھارٹی کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 30 دن سے زائد بلنگ کرنے کی وجہ سے لاکھوں صارفین متاثر ہوئے، اوور بلنگ کی وجہ سے تقسیم کار کمپنیوں کی ریکوری بھی متاثر ہوئی، بلوں پر میٹر ریڈنگ کی تصویر نہ لگانے اور فالٹی میٹر بروقت تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے ڈسکوز کی جانب سے ایوریج بل بھیجے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان مالی مسائل کا شکار، 13 ادارے 150 ارب کے نادہندہ

ڈسٹری بیوشن کمپنیاں اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے جان بوجھ کر اس قسم کی بددیانتی کر رہی ہیں، ہزاروں صارفین بالخصوص گھریلو اور کم بجلی استعمال کرنے والوں کو بجلی کے غلط اور زیادہ بلوں کا سامنا کرنا پڑا، اس اقدام سے تقسیم کار کمپنیوں کی ریکوری بھی کم رہی۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈسکوز اتھارٹی کی جانب سے منظور شدہ ٹیرف کی شرائط و ضوابط کے مطابق بجلی کے بل وصول کرنے میں ناکام رہے، ڈسکوز نے کنزیومر سروس مینول کی شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاکھوں صارفین کو غلط ڈیٹیکشن بل بھیجے۔

یہ بھی پڑھیں: نیپرا کی ڈسکوز کو اوور بل ٹھیک، خراب میٹر 30 دن میں تبدیل کرنے کی ہدایت

نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا، ڈسکوز 30 دنوں میں خراب لگے ہوئے میٹروں اور غلط وصول کئے گئے بلوں کو صحیح کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اتھارٹی نے ڈسکوز کو نوٹس بھیج کر وضاحت بھی طلب کر لی، نیپرا اتھارٹی نے کے الیکٹرک کو بھی ڈیفیکٹومیٹرز پالیسی کے مطابق وقت پر میٹر تبدیل نہ کرنے پر نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کر لی، نیپرا اتھارٹی نے کمیٹی کو رپورٹ نیپرا کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں