نگران وفاقی وزیر نجکاری سے سرمایہ کاری بینکوں کے نمائندہ وفد کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد سے کلیدی سرمایہ کاری بینکوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع و امکانات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، گروپ کا اہتمام ٹرانس نیشنل ریسرچ کارپوریشن نے کیا تھا جس میں فیڈیلیٹی انویسٹمنٹ، مورگن سٹینلے انویسٹمنٹ مینجمنٹ اور بیرنگزاینڈ ولیئم بلئیرانویسٹمنٹ مینجمنٹ کے نمائندے شامل تھے۔

نگران وزیرنجکاری نے وفد کو موجودہ حکومت کی سرمایہ کاری، سرکاری کاروباری اداروں کی نجکاری، نجکاری کمیشن کے طریقہ کار اور نجکاری کے ایجنڈے سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں پی آئی اے سی ایل، روز ویلٹ ہوٹل، فرسٹ ویمن بینک اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کے طریقہ کار اور اس حوالہ سے توقعات کا جائزہ لیا گیا۔

فواد حسن فواد نے وفد کے اراکین کی جانب سے نجکاری کے موجودہ ایجنڈا و طریقہ کار اور مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق سوالات کے جواب دئیے۔

وفاقی وزیرنے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع و امکانات کا جائزہ لینے کی تجویز دی، وفد نے نجکاری و سرمایہ کاری کیلئے اقدامات و سہولیات کی تعریف کی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں