شارجہ چیمبر آف کامرس نے پاکستان بزنس کونسل کا آغاز کر دیا

شارجہ: (ویب ڈیسک) شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان بزنس کونسل کا متحدہ عرب امارات میں آغاز کر دیا۔

پاکستان بزنس کونسل کا متحدہ عرب امارات میں آغاز کا مقصد پاکستان اور خلیجی ریاستوں کے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے۔

شارجہ چیمبر آف کامرس کے چیئرمین عبداللہ سلطان الاویس نے کہا ہے کہ پی بی ایس کا آغاز چیمبر کے تحت کام کرنے والے نیٹ ورک میں اہم اضافہ ہے، ایسے اقدام باہمی تعاون اور شراکت داری میں اضافے کا باعث بنتے ہیں جس سے ہر کوئی فائدہ حاصل کرتا ہے۔

الاویس نے مزید کہا کہ 2022ء میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تجارت 25.7 بلین درہم تک پہنچ گئی تھی جبکہ سال 2021ء میں یہ 19.8 فیصد تھی، یعنی 2022 میں تجارتی اضافہ 30 فیصد ہوا ہے، نیز پاکستان کے اقتصادی شعبے میں 10 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ آگے بڑھا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور چین کے بعد متحدہ عرب امارات پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جغرافیائی قربتوں کی وجہ سے متحدہ عرب امارات بہترین برآمدی مقام کے طور پر جانا جاتا ہے، اس کے ذریعے نقل و حمل اور مال برداری کے اخراجات میں بھی کمی آتی ہے، متحدہ عرب امارات میں دس لاکھ سے زائد پاکستانی رہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں