خواجہ اظہارالحسن کا 60 لاکھ بنگالیوں کو نادرا کارڈ دینے کا مطالبہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ 60 لاکھ بنگالیوں کو نادرا کارڈ سے محروم کیوں رکھا جارہاہے؟

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کو نادرا کارڈ بنا کر دیئے جاتے ہیں مگر بنگالیوں کو اب تک اس حق سے محروم رکھا گیا ہے۔

خواجہ اظہار الحسن نے ایوان زیریں میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسے بنگالی زبان بولنے والے لاکھوں مہاجروں کو دوہری ہجرت کا اعزاز حاصل ہے جنہوں نے پاکستان کے نام پر 1947ء میں اپنا گھر بار چھوڑا اور پھر 1971ء میں مشرقی پاکستان کے بنگلا دیش بننے کی صورت میں ایک بار پھر اس ہی عمل کو دوہرا کر تاریخ رقم کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی چند ناعاقبت اندیش افراد انہیں ملکی شناخت سے محروم رکھ کر اُن کی قربانیوں کو فراموش کر رہے ہیں، بنگالی زُبان بولنے والوں کی تیسری نسل آج اس ملک میں پروان چڑھ رہی ہے مگر شاختی کارڈ میسر نہ ہونے کی وجہ سے اُن پر تعلیم و معاش کے تمام دروازے بند ہیں۔

خواجہ اظہار الحسن نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اِس سنگین اور سنجیده معاملے کے حل کے لئے ایوان اپنا کردار ادا کرے تاکہ وطن کی محبت سے سرشار محروم طبقے کی قربانیوں کا کسی حد تک ازالہ کیا جاسکے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں