مصر کا ترکیہ کے ساتھ تعلقات میں ایک معیاری تبدیلی لانے کا عزم

انقرہ: (ویب ڈیسک) مصر نے ترکیہ کے ساتھ تعلقات میں ایک معیاری تبدیلی لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے انقرہ میں اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردگان کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا ترکی کے ساتھ تعلقات میں ایک نیا مرحلہ قائم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں، ہم ترکیہ کے ساتھ تعلقات میں ایک معیاری تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اردگان کے ساتھ خطے کے بحرانوں خاص طور پر غزہ کی جنگ سے نمٹنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا، ہم غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، ہم نے ترکیہ کے ساتھ لیبیا میں سکیورٹی بحال کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا ہے، عبد الفتاح السیسی نے زور دیا کہ مصر ترکیہ اور شام کے درمیان تعاون کی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔

مصری صدر نے مزید کہا میں نے طیب اردگان کے ساتھ افریقہ کے حالات خاص طور پر صومالیہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا، وہ صومالیہ میں استحکام حاصل کرنے پر متفق ہیں، انہوں نے نشاندہی کی کہ ترکیہ کے ساتھ ہمارے تجارتی تعلقات میں گزشتہ برسوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ہم اس حوالے سے مشاورت کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر ترکیہ کے صدر نے اعلان کیا کہ ترکیہ مصر کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کر رہا ہے اور ہم تعلقات کو مضبوط کرنا جاری رکھیں گے، ہم مصر کے ساتھ اپنی مشاورت کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ خطے میں سلامتی اور امن کو بڑھانے کے لئے مصر کے ساتھ تعاون کر رہا ہے، ہم فلسطین کے معاملے پر مصر کے ساتھ مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں