ایران امریکا مذاکرات کا اعلان: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت سے متعلق امید افزا بیانات کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت میں پانچ فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی، جس کے بعد یہ تقریباً 105 ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی واضح کمی سامنے آئی۔
امریکی صدر نے بدھ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور انہیں امید ہے کہ جلد کسی معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے۔ اس بیان کے بعد سرمایہ کاروں میں وقتی اطمینان پیدا ہوا، جس کے باعث عالمی تیل مارکیٹ پر دباؤ میں کمی دیکھی گئی۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز میں ممکنہ رکاوٹیں، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور ایران سے متعلق غیر یقینی حالات اب بھی عالمی توانائی منڈی کے لیے اہم خطرات تصور کیے جا رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق آبنائے ہرمز سے بعض بحری جہازوں کی محدود نقل و حرکت نے بھی مارکیٹ کو وقتی ریلیف فراہم کیا ہے۔
عالمی مالیاتی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کامیاب نہ ہوئے یا خطے میں دوبارہ فوجی کشیدگی بڑھی تو تیل کی قیمتیں دوبارہ 120 سے 200 ڈالر فی بیرل کی سطح تک جا سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ایران سے متعلق کشیدگی اور خطے کی صورتحال کے باعث رواں برس عالمی تیل منڈی مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔