دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کیلئے آسان ٹیکس شرح متعارف کرانے کی تجویز

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر نے دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کے لیے نئی سکیم تیار کرلی، جس کا باضابطہ اعلان وفاقی بجٹ 2026-27 میں متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ سکیم پر مختلف سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، جس کے تحت 2 کروڑ روپے تک سالانہ کاروبار کرنے والے تاجر سکیم کے اہل ہوں گے، جبکہ کم از کم 3 سال سے کاروبار کرنے والے افراد بھی اس میں شامل ہو سکیں گے۔

رجسٹریشن آئیرس پورٹل، موبائل ایپ یا ٹیکس سہولت کاروں کے ذریعے ممکن ہوگی، اور سکیم میں شمولیت رضاکارانہ ہوگی تاہم درست مالی ریکارڈ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اہل تاجروں کے لیے نسبتاً کم اور آسان ٹیکس شرح متعارف کرانے کی تجویز ہے، جبکہ مقررہ حد سے زائد آمدن پر ہی ٹیکس واجب الادا ہوگا، سکیم میں شامل افراد کو عمومی طور پر آڈٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، تاہم غیر معمولی مالی سرگرمیوں یا آمدن میں تضاد کی صورت میں آڈٹ کیا جا سکے گا۔

تاجروں کو فروخت، خریداری اور اخراجات کا سادہ ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ بعض چھوٹے کاروباروں کو پی او ایس اور ڈیجیٹل انٹیگریشن سے استثنا ملنے کا امکان ہے۔

فعال ٹیکس دہندگان کو اے ٹی ایل، کم ودہولڈنگ ٹیکس اور بہتر مالی ساکھ جیسے فوائد حاصل ہوں گے، تاہم قواعد کی خلاف ورزی، آمدنی چھپانے یا ریٹرن جمع نہ کرانے پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

سکیم کا مقصد معیشت کی دستاویزی شکل کو فروغ دینا اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کو بڑھانا ہے، جبکہ بینک لین دین کا ظاہر کردہ آمدن اور کاروباری سرگرمیوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں