نئی کفایت شعاری مہم، سرکاری فیول میں 50 فیصد کٹوتی، غیرملکی دوروں، خریداری پر پابندی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے استعمال اور سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری سے متعلق اہم اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری گاڑیوں کے فیول استعمال میں 50 فیصد کمی کی جائے گی، تاہم آپریشنل گاڑیاں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضروری خدمات اور ایف بی آر کی گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
حکومت نے سرکاری گاڑیوں سمیت ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، جبکہ آئی ٹی سے متعلق خریداری کے علاوہ تمام پائیدار اشیا کی خریداری بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
وفاقی حکومت کے تحت تین ماہ کے لیے غیر ملکی دوروں اور سفری پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم مخصوص استثنیٰ برقرار رہیں گے۔ ناگزیر غیر ملکی دوروں کی صورت میں وزراء، مشیران اور سرکاری حکام صرف اکانومی کلاس میں سفر کریں گے۔
نوٹیفکیشن میں سرکاری اجلاسوں کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں کی میزبانی پر مکمل پابندی ہوگی۔
حکومت کے فنڈز سے ہونے والے سرکاری سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ ناگزیر سرکاری تقریبات کے لیے سرکاری آڈیٹوریم اور کمیٹی رومز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کفایت شعاری اقدامات کے تحت شادی کی تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور بازار رات 9 بجے، شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریبات کے مقامات رات 10 بجے جبکہ ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے۔ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کو اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، میڈیکل لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور دیگر ضروری شعبے اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ بیکریز، تندور، دودھ و ڈیری شاپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور جم بھی استثنیٰ میں شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری اقدامات سے استثنیٰ کی درخواستیں کیس ٹو کیس بنیاد پر زیر غور لائی جائیں گی، جبکہ صوبائی اور علاقائی حکومتیں بھی اسی نوعیت کے کفایتی اقدامات اپنانے پر غور کرسکتی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 50 فیصد کٹوتی انتظامی اور نان آپریشنل سرگرمیوں پر لاگو ہوگی، جبکہ نان ایمپلائز اخراجات میں بھی 5 فیصد کٹوتی نافذ کردی گئی ہے۔ یہ کٹوتی پورے مالی سال کے دوران ماہانہ بنیاد پر کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی مشنز، پیشہ ورانہ گروپس اور سروسز پر بھی نان ایمپلائز اخراجات میں 5 فیصد کٹوتی نافذ ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments