پنجاب کے سرکاری افسران کیلئے لگژری اپارٹمنٹس کی تجویز سامنے آگئی

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے سرکاری افسران کیلئے اربوں روپے کے لگژری اپارٹمنٹس بنانے کی تجویز سامنے آگئی، پنجاب حکومت کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے 4 ارب 23 کروڑ روپے کا رہائشی منصوبہ تجویز کردیا۔

دنیا نیوز منصوبے سے متعلق سرکاری دستاویزات سامنے لے آیا، منصوبے کو رواں مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی بجٹ میں شامل کر دیا گیا ہے، منصوبہ لاہور کینٹ کی برکی روڈ پر 60 کنال ایک مرلہ سرکاری اراضی پر تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔

منصوبے کے تحت سرکاری افسران کیلئے 24 ٹو بیڈ روم اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے، اپارٹمنٹ بلڈنگ بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور چھ منزلوں پر مشتمل ہوگی، صرف اپارٹمنٹس کی عمارت کی لاگت 2 ارب 5 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد تجویز کی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق اپارٹمنٹس میں وی آئی پی جم، لائبریری، انڈور گیمز، سیمینار روم، وی آئی پی ایگزیکٹو لاؤنج اور کیفے بھی شامل ہوں گے، منصوبے میں الگ کنونشن ہال بھی تعمیر کرنے کی تجویز ہے، جس کی لاگت 54 کروڑ 72 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔

کنونشن ہال کا رقبہ تقریباً 40 ہزار 246 مربع فٹ ہوگا، منصوبے میں 164 گاڑیوں اور 47 موٹر سائیکلوں کیلئے سرفیس پارکنگ کی سہولت بھی تجویز کی گئی ہے۔

منصوبے میں جنریٹرز کیلئے 14 کروڑ 51 لاکھ جبکہ سولر سسٹم کیلئے 5 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے، ایکسٹرنل کاموں پر 33 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد خرچ کرنے کی تجویز ہے۔

دستاویز کے مطابق فرنیچر کیلئے 15 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد جبکہ جم آلات کیلئے ایک کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

پی اینڈ ڈی کی ٹیکنیکل ونگ نے منصوبے کی بھاری لاگت پر سنگین تحفظات اٹھا دیئے، پی اینڈ ڈی حکام نے درآمدی تعمیراتی سامان اور اعلیٰ معیار کی مہنگی سہولیات کی ضرورت اور ان پر آنے والی لاگت پر سوالات اٹھا دیئے۔

منصوبے میں لفٹوں، عمارت کو ٹھنڈا اور گرم رکھنے کے نظام، بجلی پیدا کرنے والے جنریٹرز، شمسی توانائی کے نظام، بجلی کے متبادل نظام اور دیگر مہنگی سہولیات کی لاگت کا دوبارہ جائزہ لینے کی سفارش کی گئی ہے۔

پی ڈی ڈبلیو پی فورم نے 4 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد مجموعی لاگت کو زیادہ قرار دے دیا، دستاویز کے مطابق صرف 26 گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے بیسمنٹ کی تعمیر کو غیر مؤثر اور مہنگا حل قرار دیا گیا۔

سائٹ پر کافی زمین موجود ہونے کے باعث بیسمنٹ کے بجائے سرفیس پارکنگ کے آپشن کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے، منصوبہ 24 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...