سندھ کابینہ کے فیصلے عوامی خدمت کے عملی ایجنڈے کا تسلسل ہیں: شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ کے فیصلے عوامی خدمت کے عملی ایجنڈے کا تسلسل ہیں، پیپلز پارٹی نعروں کی نہیں، عملی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس فیصلے، منصوبے اور عوامی خدمت کا عملی ایجنڈا ہے، سندھ میں زمینوں کے ریکارڈ کا نظام جدید اور شفاف بنایا جا رہا ہے، جو ایک انقلابی قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاک چین ٹیکنالوجی سے زمینوں کے ریکارڈ کو محفوظ اور شفاف بنایا جائے گا، سندھ کے عوام کو زمینوں کے معاملات میں غیرضروری دفتری چکروں سے نجات دلانا چاہتے ہیں، زمینوں کے ریکارڈ میں فراڈ اور ملکیتی تنازعات کی روک تھام حکومت کی ترجیح ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ میں صحت کے شعبے میں ایک اور بڑا عوامی منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، ایدھی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے این آئی سی ایچ میں 445 بستروں کا میڈیکل ٹاور اہم پیش رفت ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا مرکز عوام کو صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے، عوامی خدمت کے اداروں کو سندھ حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اپنے آئینی اور مالی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، سندھ کے نوجوانوں کو مایوسی نہیں، مواقع چاہئیں، نوجوانوں کے لیے تعلیم، صحت، کھیل اور گرین سکلز کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کی نئی اسپورٹس پالیسی نوجوانوں کے مستقبل کی پالیسی ہے، کھیل کو محض تفریح نہیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے، کراچی سے تھر تک سندھ کے ہر نوجوان کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالیٹکس اور روبوٹکس جدید سندھ کی تعلیمی ترجیحات ہیں، دنیا تبدیل ہو رہی ہے، سندھ اپنی تعلیمی ترجیحات بھی تبدیل کر رہا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا مقصد عوامی مفاد میں وسائل اور مہارت کو یکجا کرنا ہے، سندھ حکومت ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے نظام کو مزید مؤثر بنا رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ پیچھے نہیں جائے گا، جدید ٹیکنالوجی اور اصلاحات کے سفر کو آگے بڑھائے گا، سندھ حکومت کا واضح پیغام ہے کہ عوامی خدمت کا سفر مزید تیز کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments