ٹنڈولکر سمیت سابق بھارتی کرکٹرز انضمام الحق کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو

کرکٹ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ بیٹسمین سچن ٹنڈولکر سمیت دیگر سابق بھارتی کرکٹرز قومی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو دل کا دورہ پڑنے کی خبر سامنے آنے کے بعد ملک اور بیرون ملک کے کرکٹ حلقوں کی جانب سے ان کی صحتیابی کی دعائیں اور جلد بحالی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ سابق چیف سلیکٹر کو پیر کی رات دل کے دورے کی وجہ سے لاہور کے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

انضمام الحق کے منیجر نے بتایا تھا کہ انضمام کی لاہور کے نجی ہسپتال میں انجیوپلاسٹی کی گئی ہے اور اب ان کی صحت بہتر ہے تاہم ان کو ڈاکٹرز نے زیر نگرانی رکھا ہوا ہے۔

دوسری طرف ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز کے ساتھ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے انضمام الحق کی جلد اور مکمل صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

سابق بھارتی لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے انضمام الحق کی جلد صحتیابی کی دعا کی تو توقع ظاہر کی کہ وہ اس صورتحال سے مزید مضبوط ہو کر سامنے آئیں گی۔

اپنی ٹویٹ میں انہوں نے سابق پاکستانی کپتان کو ’پرسکون مقابل اور فیلڈ میں فائٹر‘ بھی قرار دیا۔

سابق بھارتی کپتان اظہر الدین نے انضی بھائی کی صحت کی کیفیت پر تبصرے میں ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے بھی انضمام کی صحت کو لے کر فکرمند نظر آئے اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ وہ برسہا برس تک ہمارے کھیل کا حصہ رہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان بھی سابق کپتان کی صحت کے لیے دعا کرتے ہوئے نظر آئے اور لکھا کہ ’اللہ انہیں جلد صحت عطا فرمائے۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ فینز سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم انضمام الحق کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

 

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ٹویٹ میں کہا کہ وہ فخر پاکستان اور لیجنڈ انضمام الحق کی صحت کے لیے دعا گو ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں