عدالت کا پی سی بی کو کرکٹرز کی جرسی پر جوا کمپنیوں کی تشہیر نہ کرنے کا حکم
پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستانی کرکٹرز کی جرسی پر جوا کمپنیوں کی تشہیر سے روک دیا۔
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پاکستانی کرکٹرز کی جرسی پر جوا کمپنیوں کے اشتہارات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل نے بتایا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل اور بین الاقومی کرکٹ میں ایک جوا کمپنی کے سٹیکرز کی نشاندہی بھی کی اور پابندی لگائی۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ محمد رضوان نے اپنے یونیفام پر گیمبلنگ کمپنی کے اشتہار کو سٹیکر لگا کر چھپایا تھا۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے کہا کہ کھلاڑی بھی اس طرح کی تشہیر سے خوش نہیں ہیں، بعدازاں عدالت نے پی سی بی کو قومی اور بین الاقومی سیریز کے دوران گیمبلنگ کی تشہیر سے روکتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔