سفیان مقیم نے ٹی 20 میں عمرگل کا 15 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا

بلاوائیو: (دنیا نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان سپنر سفیان مقیم نے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمرگل کا 15 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

منگل کو 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،لیکن پاکستانی بولرز کے سامنے ان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے2.4 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے ساتھ ہی سفیان مقیم نے پاکستانی بولر کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے بہترین میچ فیگرز کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

اس سے قبل یہ اعزاز سابق فاسٹ بولر عمر گل کے پاس تھا جنہوں نے 2009 میں نیوزی لینڈ اور 2013 میں جنوبی افریقا کے خلاف 6 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

واضح رہے کہ نوجوان سپنر سفیان نے اب تک صرف 7 ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں