وزیراعظم کا چیمپئنز ٹرافی بارے محسن نقوی پر مکمل اعتماد کا اظہار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ملاقات کی، محسن نقوی نے وزیراعظم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہا۔

وزیر اعظم نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق آپ کا موقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، آئی سی سی میں آپ نے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور اس کے بعد کچھ اور ہے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، ہم پاکستان اور کرکٹ کی جیت چاہتے ہیں، انشاءاللہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آئے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں