کراچی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے نجی انجینئرنگ کالج کا پروفیسر قتل

کرائم

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سٹیڈیم روڈ پر فائرنگ سے نجی انجینئرنگ کالج کے پروفیسر ظاہر علی سید جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے ابتدائی طور پر واقعہ کو ڈکیتی مزاحمت قرار دے دیا۔

تفصیل کے مطابق کراچی میں پولیس جرائم پیشہ افراد کو لگام نہ ڈال سکی۔ سٹیڈیم روڈ پر ملزمان کی مبینہ طور لوٹ مار سے نجی انجینئرنگ کالج کے پروفیسر ظاہر علی سید جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق مقتول کو کمر کے نچلے حصے پر گولی لگی۔ گاڑی سے ایمبولینس میں منتقلی کے دوران مقتول نے دم توڑا۔ جائے وقوعہ سے پستول کی گولی کا ایک خول برآمد ہوا ہے۔ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا ڈکیتی مزاحمت؟ تحقیقات کر رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول یونیورسٹی سے گھر جا رہے تھے۔ ظاہر علی سید نے ڈرائیور کو اتار کر گاڑی بھگانے کی کوشش کی۔ گاڑی نہ روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ ڈرائیور کا بیان قلمبند کر لیا گیا ہے

تفتیشی اداروں نے جائے وقوعہ کے اطراف کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز اکٹھی کرکے مختلف زاویوں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں