پنجاب : سی ٹی ڈی کی کارروائی ، کالعدم تنظیموں کے 6 دہشت گردگرفتار

لاہور : (دنیا نیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی کی کارروائیاں جاری ہیں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کارروائیاں لاہور ، راولپنڈی، ڈی جی خان ، ساہیوال اور گوجرانوالہ میں کی گئیں ، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنطیموں سے ہے ، دہشت گردوں سے بارودی مواد ، خودکش جیکٹ، ڈیٹو نیٹرز، ہینڈ گرینیڈز ، اسلحہ، گولیاں، نقدی اور موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناحت شعیب رفیق، باقر، ظائر، شہزاد ، افضل اور آصف کے نام سے ہوئی ہے ، دہشت گردوں کے خلاف 5 مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

حکام سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے238 کومبنگ آپریشنز کے دوران 33 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ، کومبنگ آپریشنز میں 11041 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ۔ 

حکام نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں