کراچی: مبینہ پولیس مقابلے، ملزم ہلاک، 2 گرفتار، فائرنگ سے 2 شہری بھی زخمی

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک، 2 زخمی حالت میں گرفتار جبکہ نامعلوم افراد نے 2 شہریوں کو گولیاں مار دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری ایکسپریس وے کے قریب 2 مبینہ ڈاکو لوٹ مار کی نیت سے موجود تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی۔

جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم گولیاں لگنے سے دم توڑ گیا جبکہ ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ہلاک ملزم متعدد وارداتوں میں ملوث تھا، پولیس نے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

ادھر سٹیل ٹاؤن میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزم زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا، ملزمان سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں نامعلوم ملزموں کی فائرنگ سے دو شہری شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، زخمیوں کی شناخت نور محمد اور ذیشان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں