کراچی، حیدر آباد میں مقابلے: ایک ڈاکو ہلاک، فائرنگ سے شہری زخمی

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی اور حیدر آباد میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک، 2 زخمیوں سمیت 3 گرفتار جبکہ ملزموں کی فائرنگ سے شہری بھی زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی بھٹائی کالونی میں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے شہری کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، متاثرہ شخص کی شناخت سلیم کے نام سے ہوئی، پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔

کراچی کے علاقے گولیمار میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم ہلاک ہو گیا، مرنے والے ملزم کی شناخت عبید عرف لنگڑا کے نام سے ہوئی جو سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھا، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دی۔

ادھر کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی میں بھی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو فرار ہو گئے، گرفتار ڈاکوؤں نے تین روز پہلے سپر ہائی وے پر شہریوں سے لوٹ مار کی تھی، ملزموں کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔

دوسری جانب حیدر آباد کے تھانہ پھلیلی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ملزم گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں