مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک، 4 گرفتار، ڈکیتی مزاحمت پر 2 شہری زخمی

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ اور میرپورمارتھیلو میں مبینہ مقابلوں کے 2 ہلاک، 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر 2 شہریوں کو گولیاں مار دیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ضیاء گوٹھ میں شہری کو لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، متاثرہ شخص کی شناخت ریحان کے نام سے ہوئی، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے متاثرہ شخص کی درخواست پر کارروائی شروع کر دی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ایف بی ایریا المحسن ہال کے قریب مسلح ڈاکو نے شہری کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی تو شہری نے فائرنگ کر دی، جواب میں ڈاکوؤں نے بھی گولیاں چلا دیں، فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو ہلاک جبکہ راہگیر زخمی ہو گیا، ڈاکو کی شناخت بشیر خان کے نام سے ہوئی۔

ادھر حیدر آباد کے علاقے تھانہ ہوسٹری کی حدود میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مبینہ ڈاکو مارا گیا جبکہ اس ساتھی فرار ہو گیا، ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر کے پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی ہے۔

میرپورماتھیلو تھانے کے علاقے گاؤں مزار چاچڑ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے پستول برآمد ہوا، گرفتار ملزم کے 3 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، زخمی ملزم کی شناخت محمد علی میرانی کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب لاڑکانہ کے نواحی علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دورا ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ملزم کی شناخت شعیب چانڈیو کے نام سے ہوئی، پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کر لیا، ملزم سے مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں