لاہور اور جہلم میں مبینہ پولیس مقابلے، 2 ملزم ہلاک، خانیوال سے 4 گرفتار

لاہور: (دنیا نیوز) مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو ہلاک، 2 خواتین سمیت 4 منشیات فروش گرفتار کر لیے گئے جبکہ ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ سے ہزاروں روپے کی نقدی لوٹ لی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے شاہدرہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ڈاکو مارا گیا جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا، زخمی ڈاکو سے تفتیش شروع کر دی گئی۔

دوسری جانب سوہاوہ کے نواحی علاقے دیالی میں پولیس زیر حراست ملزم میں کو برآمدگی کیلئے لے جا رہی تھی کہ اس کے ساتھیوں نے ملزم کو چھڑانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزم اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے دم توڑ گیا، مرنے والے ملزم کی شناخت طاہر شاہ کے نام سے ہوئی جو لڑکی سے زیادتی میں ملوث تھا۔

ادھر خانیوال کے علاقے تھانہ صدر میاں چنوں کی حدود میں پولیس نے کارروائی کر کے 2 خواتین سمیت 4 منشیات فروش گرفتار کر لیے، ملزموں سے 13 کلو گرام چرس بھی برآمد ہوئی، مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

بہاولنگر کے علاقے کمرشل کالج چوک میں 2 ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ پر موجود کیشئر سے ہزاروں روپے لوٹ لیے اور فرار ہو گئے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں