ننکانہ صاحب میں 9 سالہ بچی اغوا کے بعد قتل، لاش بھی مل گئی

ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے ننکانہ صاحب میں 9 سالہ بچی اغوا کے قتل کردی گئی۔

پولیس کے مطابق تھانہ واربرٹن کے نواحی گاؤں عالیانوالا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 9 سالہ بچی رفعت فاطمہ کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کردیا گیا، مقتولہ کی نعش گھر کے قریب ایک گڑھے سے برآمد ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ننکانہ ارسلان زاہد بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور مقتولہ کے ورثاء سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت کیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ کرائم سین یونٹ اور پنجاب فرانزک سائنس ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مزید برآں ڈی پی او ارسلان زاہد کا کہنا تھا کہ افسوسناک واقعے پر مقتولہ کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں جب کہ واقعے میں ملوث سفاک ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...