اداکارہ منشا پاشا کے شوہر معروف سماجی رہنما جبران ناصر گھر پہنچ گئے

کراچی: (دنیا نیوز) اداکارہ منشا پاشا کے شوہر اور معروف سماجی رہنما اور وکیل ایڈوکیٹ جبران ناصر گھر واپس پہنچ گئے انہیں ایک روز قبل ڈیفنس کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا۔

اس سے قبل جبران ناصر کی اہلیہ منشا پاشا کا ایک ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں انھوں نے بتایا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر جبران ناصر رات کا کھانا کر کے واپس گھر جا رہے تھے کہ راستے میں ایک بڑی گاڑی نے گاڑی کو روکا اور اس میں سوار 15 افراد جو کہ مسلح تھے اور وہ زبردستی میرے شوہر کو لیکر چلے گئے۔

جبران ناصر کی اہلیہ نے اپنے بیان میں اپیل کی کہ میرے شوہر کے لیے آواز اٹھائی جائے اور دعا کریں کہ جبران ناصر جلد گھر واپس آجائیں، جبران ناصر کے پی اے لک وکٹر نے بتایا کہ گاڑی میں سوار تمام افراد سادہ لباس تھے جبکہ واقعہ کی اطلاع مدد گار 15 پولیس کو دیدی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں مسلح افراد جبران ناصر کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے: اہلیہ منشا پاشا

اس حوالے سے کلفٹن تھانے میں جبران ناصر کی اہلیہ کی جانب سے واقعہ سے متعلق اور شوہر کی بازیابی کے لیے درخواست بھی جمع کرائی گئی۔

دریں اثنا کلفٹن پولیس نے ایڈووکیٹ جبران ناصرکے اغوا کا مقدمہ اہلیہ منشا پاشا کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیا۔

پولیس نے کہا تھا کہ جبران ناصر کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور ان کے موبائل فون کی لوکیشن بھی حاصل کی گئی ہے اغوا کے کچھ ہی دیر بعد مغوی کا فون بند ہوگیا تھا اس کے باوجود سی سی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے تاکہ معلوم ہوسکے مغوی کو ملزمان کس راستے سے لے کر گئے ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں