عائزہ خان اور حمزہ علی عباسی ایک بار پھر سکرین شیئر کرنے کو تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ عائزہ خان اور شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے والے اداکار حمزہ علی عباسی نئے ڈرامے "جانِ جہاں"میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

سال 2013ء میں مقبول ترین ڈرامے "پیارے افضل" میں عائزہ خان اور حمزہ علی عباسی بطور جوڑی کاسٹ کیے گئے تھے اور اس جوڑی نے اپنی بہترین اداکاری اور زبردست کیمسٹری کے سبب ناظرین کے دلوں میں اپنا منفرد مقام بنا لیا تھا۔

تاہم "پیارے افضل" کا اختتام افسوسناک ہوا تھا جس کو اس آن سکرین جوڑی کے مداح تاحال قبول نہیں کر سکے ہیں۔

نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے "جانِ جہاں" کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ڈرامے میں عائزہ اور حمزہ علی ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

مذکورہ ٹیزر کے آغاز میں ایک پُرتعیش محل کو دکھایا گیا جس کے بعد حمزہ علی عباسی ایک شال اوڑھ کر شاندار سٹائل میں چلتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، اس ٹیزر میں عائزہ خان کی جھلک بھی شامل کی گئی ہے جبکہ حمزہ کو ان کی مسحور کن آواز میں ایک شعر ارشاد فرماتے بھی سنا جا سکتا ہے۔

مذکورہ ٹیزر نے جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے اور اس سٹار جوڑی کے مداح اس اداکار جوڑی کی تعریفوں کے پُل باندھتے نظر آرہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں