کھلاڑیوں اور آفیشلز میں کورونا کیسز میں اضافہ، آئی پی ایل ملتوی

کرکٹ

نئی دلی: (دنیا نیوز) کھلاڑیوں اور آفیشلز میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ راجیو شکلا نے بیان میں کہا کہ آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کھیلنے والے متعدد کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

 یاد رہے انڈیا میں بائیو سکیور ببل کے باجود دو کھلاڑیوں ورون چکرورتی اور سندیپ واریئر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد پیر کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور وراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز کے درمیان احمد آباد میں ہونے والا میچ آغاز سے چند گھنٹے پہلے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

آئی پی ایل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق  کورونا وائرس مثبت آنے کے بعد وارون چکراورتھی اور سندیپ واریئر نے باقی سکواڈ سے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے، اور باقی تمام ٹیم ممبرز کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔‘ ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے آٹھ ٹیموں کے لیے بائیو سکیور ببل قائم کیا گیا تھا۔

واضح رہے انڈیا میں روزانہ تین لاکھ سے زائد کورونا کیسز اور 35 سو ہلاکتیں رپورٹ ہو رہی ہیں جبکہ آکسیجن کی شدید کمی ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں