مہنگائی کیخلاف مسلم لیگ ن کا راولپنڈی میں احتجاج، حکومت مخالف نعرے بازی

پاکستان

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے مہنگائی اور بیروز گاری کیخلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا۔، مظاہرین نے حکومت کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے بعد گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن نے بھی احتجاجی سیاست شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مہنگائی اور بیروز گاری کے خلاف پاکستان مسلم لیگ ن کا پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں ہوا ۔ مظاہرہ کی قیادت پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب ، سابق ایم این اے حنیف عباسی ،سردار نسیم اور ملک ابرار کررہے ہیں۔

احتجاجی مظاہرے کے دوران مسلم لیگ ن کے کارکنان پولیس کی طرف سے لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا کر مری روڈ پہنچ گئے اور مری روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ اس دوران مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی تاہم بعد میں کارکن منتشر ہو گئے اور احتجاج ختم کر دیا۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی صدارت میں پنجاب کا ڈویژنل اجلاس ہوا، اجلاس میں اویس لغاری ،شیخ آفتاب ،عظمی بخاری ،سائرہ تارڑ موجود اجلاس میں رانا ارشد، سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 22اکتوبر بعدازنماز جمعہ تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز میں مہنگائی کےخلاف مظاہرے ہونگے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندے دو سال کی محنت کے بعد سپریم کورٹ کے حکم پر بحال ہوئے، پنجاب حکومت ڈھائی سال بلدیاتی اداروں پہ شب خون مار کے بیٹھی رہی لیکن سپریم کورٹ کے حکم پر انکو دوبارہ چارج ملا، بحال ہونے والے تمام بلدیاتی نمائندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں