سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا

راولپنڈی :( دنیا نیوز ) عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا جس کی تصدیق ان کے بھتیجے اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سابق ممبر قومی اسمبلی راشد شفیق کی جانب سے کی گئی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کے بھتیجے راشد شفیق کے مطابق راولپنڈی پولیس نے سابق وفاقی وزیر کو 12 بج کر 40 منٹ پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتارکیا  ،  شیخ رشید کے عملے نے انہیں کال کر کے گرفتاری کی اطلاع دی، راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری رہائش گاہ پر پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں:شیخ رشید پر تین دفعات، 5 سے 7 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر کے خلاف اسلام آباد کے رہائشی راجہ عنایت کی مدعیت میں  مقدمہ درج کیا گیا تھا ، انہیں گرفتار کر کے تھانہ آبپارہ منتقل کیا گیا ہے اور آج علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

شیخ رشید کے خلاف درج کئے گئے مقدمے کے متن کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ نے سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری سے متعلق دہشتگردوں کی خدمات لینے کا بیان دیا جو کہ ایک سازش کا حصہ ہے۔

مدعی مقدمہ نے  موقف اختیار کیا کہ شیخ رشید سازش کا ذکر کر کے پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان دشمنی اور سابق صدر آصف زرداری کیلئے مستقل خطرہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

 

علاوہ ازیں شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کہ ’’ میرے ساتھ زیادتی کی گئی ہے اور انہوں نے ظلم اور بدمعاشی کی ہے، 100، 200 مسلح لوگ میرے گھر میں داخل ہوئے ، میرے ملازموں کو مارا اور میرے گھر کی تلاشی لی ‘‘۔ 

یہ بھی پڑھیں:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے شیخ رشید کی گرفتاری کی مذمت

سابق وفاقی وزیر نے اپنے ویڈیو بیان میں موقف اختیار کیا کہ ’’ یہ سب بدمعاش لو گ ہیں ، یہ زبردستی سیڑھی لگا کر میرے گھر میں داخل ہوئے، مجھے زبردستی گاڑی میں ڈالا،  جج صاحب نے میری ضمانت لی اور انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل  اسلام آباد 6 فروری کو پیش ہوں، ایس ایچ او نواز لیگ کا ٹاؤٹ ہے، نواز لیگ نے ہی اس کو یہاں تعینات کیا ہے ‘‘ ۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے الزام عائد کیا کہ ’’ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ یہ سارے کام کروا رہا ہے، انشاء اللہ حق کی فتح ہوگی ، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں ‘‘۔

شیخ رشید کا پولی کلینک میں طبی معائنہ مکمل، تھانہ سیکرٹریٹ منتقل

بعدازاں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو پولی کلینک ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا، طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد انہیں تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے سربراہ عوامی مسلم لیگ کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرنے کے بعد تھانہ آبپارہ منتقل کیا گیا تاہم انہیں بعدازاں پولی کلینک ہسپتال میں لایا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔

سابق وفاقی وزیر کی پولی کلینک آمد سے قبل ان کے حمایتیوں اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے کارکنان کی بڑی تعداد کلینک میں موجود تھی جن کی جانب سے حکومت اور پولیس کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔

شیخ رشید احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میری گرفتاری وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے کہنے پر ہوئی، یہ سارا کام وہی کروا رہے ہیں، میں انہیں نہیں چھوڑوں گا اور قانون کے مطابق کارروائی کروں گا، میری جان کو شدید خطرہ ہے۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

شیخ رشید کا الکوحل ایگزامینیشن کیلئے یورین سیمپل دینے سے انکار

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے الکوحل ایگزامینیشن کے لیے یورین سیمپل دینے سے انکار کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس شیخ رشید کو الکوحل ایگزامینیشن ٹیسٹ کے لیے پولی کلینک ہسپتال لائی مگر شیخ رشید نے الکوحل ایگزامینیشن ٹیسٹ کے لیے یورین سیمپل دینے سے انکار کیا لیکن الکوحل ٹیسٹ کے لیے ڈاکٹرز کو بلڈ سیمپل لینے دیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد چاق و چوبند اور مکمل ہوش و ہواس میں تھے، سابق وزیر نے ای سی جی کرانے سے انکار کیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پولی کلینک ہسپتال میں شیخ رشید احمد کا کوئی اور ٹیسٹ نہیں کیا گیا۔

پولی کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو

پولی کلینک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پوری رات کا جاگا ہوا ہوں، امپورٹڈ حکومت کو ختم کر کے رہیں گے، میری گھڑیاں اور پیسے بھی لے لئے گئے، میرے ملازموں کو مارا گیا، جس حکومت نے مجھے گرفتار کیا وہ بھٹو کی ہو یا نواز شریف کی ختم ہی ہوئی ہے، 15 فروری کے بعد نقشہ بدل جائے گا، ساری قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔

 

پولی کلینک کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے pic.twitter.com/4xDxptacd2

— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) February 2, 2023

 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی گرفتاری پر سخت ردعمل اور ان کی گرفتاری کی مذمت کی جا رہی ہے۔

حلیم عادل شیخ

پی ٹی آئی رہنماء اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ آصف زرداری عمران خان کو قتل کروانے کی سازش میں ملوث ہیں، اس بیان پر شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا، اتنا ظُلم اور زیادتی کرو جو برداشت کر سکو ، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے ، اگر عوام سے صبر کا دامن چُھوٹ گیا تو سری لنکا جیسے خوفناک حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ‘‘۔

حماد اظہر 

پی ٹی آئی رہنماء اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر نے شیخ رشید کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’’ عمران خان کے ساتھیوں کی گرفتاری کا مقصد خوف پھیلانا ہے، اعلیٰ عدلیہ نے ان گرفتاریوں کا اگر نوٹس نہیں لیا تو ملک میں بنیادی انسانی حقوق کا نام و نشان مٹ جائے گا ‘‘ ۔

قاسم سوری 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے شیخ رشید کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ شیخ رشید صاحب کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے مطلب انہوں نے بدترین فسطائیت سے باز نہیں آنا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں