وزیر اعظم، صدر مملکت سمیت اہم سیاسی شخصیات کی پولیس ہیڈ آفس پر حملہ کی مذمت

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت اہم سیاسی شخصیات نے کراچی میں پولیس ہیڈ آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شاباش دی، وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین اپ میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا، دہشت گردوں نے ایک بار پھر سے کراچی کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارادے اور عزم کو توڑا نہیں جا سکتا، وزیراعظم پوری قوم پولیس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کی دعا کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی پولیس آفس پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کھڑی ہے، دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردی کے حملے کی مذمت کی، بلاول بھٹو نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے سکیورٹی اہل کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام پر ہونے والے ہر حملے سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ملک دشمن عناصر کسی صورت اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر پولیس، رینجرز اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جری جوانوں نے بہادری سے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے والے دلیر جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کنوینئرایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائی شہر کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش ہے، سکیورٹی فورسز کے جوان بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف پولیس اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شہر میں پی ایس ایل کے میچز جاری ہیں، اس موقع پر دہشت گردی پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کرنے کی سازش ہے، واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار اور سول ملازم کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشت گردی کے عفریت کو کنٹرول کرنے کے لئے سول و ملٹری قیادت مل کر جامع حکمت عملی ترتیب دے۔

عبدالقادر پٹیل

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پولیس ہیڈ آفس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہم نہیں گھبراتے، دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹیں گے، پوری قوم سکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں