قائمہ کمیٹی برائے قانون نے سپریم کورٹ پریکٹس اور پروسیجر بل 2023ء منظور کرلیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے سپریم کورٹ پریکٹس اور پروسیجر بل 2023ء متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

 اعلیٰ عدلیہ سے متعلق قانون سازی کے معاملے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس چیئرمین محمود بشیر ورک کی صدارت میں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023ء قومی اسمبلی میں پیش

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بل پر قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی اصلاحات سے متعلق بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اعلیٰ ترین عدالت میں شفاف کارروائی ہو، پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار نے بارہا اس پر توجہ دلائی، 184 تین میں بنیادی اپیل کا حق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ججمنٹ آئی تھی کہ اپیل کا حق ہونا چاہیے، فوری نوعیت کے مقدمات کی 6، 6 ماہ شنوائی نہیں ہوتی، سپریم کورٹ کے اندر سے بھی آوازیں آئیں تو قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے ایسا قانون بنائیں جسے بعد میں چیلنج کیا جا سکے، یہ سٹیک ہولڈرز کا بڑا پرانا مطالبہ تھا جس پر اب قانون سازی کی جا رہی ہے، از خود نوٹس کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق نہ ہونا بنیادی حقوق کے خلاف ہے، مرضی کے وکیل کی خدمات حاصل کرنا بھی ہر ایک کا حق ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں