پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے گھر پر پولیس کاچھاپہ

اسلام آباد : (دنیانیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے رات ساڑھے 12 بجے بغیر وارنٹ ان کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمرایوب نے الزام لگایا کہ پولیس نے ان کے گھر سے گاڑی چوری کی ہے ، اپنی پوسٹ میں انہوں نے پو چھا کہ گاڑی کیلئے ایف آئی آر کہاں درج کرانی چاہیے؟ کیا چوروں سے چوروں کو پکڑنے کا کہوں؟

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عمر ایوب کو سیکرٹری جنرل مقرر کیا تھا ۔

دوسری جانب سابق مشیرداخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ میں ملک میں موجود نہیں ہوں پھر بھی 25 سے 30 اہلکاروں نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہلکار دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے اور ان کے چھوٹے بھائی کو لے گئے۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کیجانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا ، اس دوران حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں