صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد: (دنیانیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان تمام لوگوں کی ممنون ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم تکبیر کے موقع پر پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دن بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کئے ، یہ تجربات خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر تھے ۔

انہوں نےکہا کہ جوہری صلاحیت کا حصول واقعی ایک قابل ذکر کارنامہ تھا ، اس کے لیے ہمارے سائنسدان، انجینئرز، وقت کی سیاسی اور عسکری قیادت قابل تحسین ہے، اس دن پوری قوم اپنے نامور انجینئرز اور سائنسدانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز نے مختصر عرصے میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنا دیا، ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، سیاسی و عسکری قیادت نے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا، پوری قوم ان تمام لوگوں کی ممنون ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ آئیں ، ہم اپنے لوگوں کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری کرنے کا عہد کریں ، اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنا کر پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کا عہد کریں، مجھے امید ہے کہ ہم اپنی اجتماعی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں