کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے رن وے کی تعمیر کا کام مکمل ہوگیا

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے رن وے کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا گیا، ایئرپورٹ پر جلد بوئنگ 777 جیسے بڑے طیارے اتر سکیں گے۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نئے رن وے سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کیلئے براہ راست پروازوں کی سہولت میسر ہو گی، انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کا آغاز سال 2016ء میں ہوا تھا۔

ایئرپورٹ ٹرمینل کا رقبہ 73 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ مربع فٹ کر دیا گیا ہے، مسافروں کی گنجائش بھی اڑھائی لاکھ سے بڑھ کر سالانہ 16 لاکھ ہو جائے گی، نئے رن ون پر اگلے ہفتے آزمائشی پرواز اڑان بھرے گی۔

قبل ازیں مرکزی رن وے کی تعمیر کے باعث ایئرپورٹ پر متبادل رن وے کو استعمال کیا جا رہا تھا، متبادل رن وے پر روشنی اور تکنیکی آلات کی کمی کی وجہ سے صرف دن کے اوقات میں آمدورفت ممکن تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں