سپین: 2 عمارتوں میں خوفناک آتشزدگی، 4 افراد جھلس کر ہلاک، متعدد زخمی

میڈرڈ: (ویب ڈیسک) سپین میں 2 عمارتوں میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 4 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ درجنوں زخمی اور متعدد لاپتہ ہو گئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے مشرقی ساحل پر واقع شہر ویلینشیا میں 14 منزلہ رہائشی اپارٹمنٹ میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 2 عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ اس قدر خوفناک تھی کہ دھوئیں کے بادل دور تک اٹھتے دکھائی دے رہے تھے۔

آگ کی زد میں آ کر مارے جانے والے 4 افراد میں بچے بھی شامل ہیں، آتشزدگی کے بعد ریسکیو ٹیم نے متعدد شہریوں کو متاثرہ عمارت سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، حکام کے جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متاثرہ عمارت کے قریب موجود عینی شاہد نے بتایا کہ آگ کے شعلے بہت تیزی سے پھیلے، شاید اس کی وجہ عمارت کی تعمیر میں استعمال ہونے والا مواد پولی یوریتھین ہو سکتا ہے، 14 منزلہ عمارت میں 130 سے زائد فلیٹس تھے، آگ پر قابو پانے کیلئے فائر فائٹرز کی 22 ٹیموں نے حصہ لیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں