9 مئی کو ملک جلانے والے اب معیشت کو آگ لگانا چاہتے ہیں:حمزہ شہباز

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 9 مئی کو ملک جلانے والے اب معیشت کو آگ لگانا چاہتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جمہوریت جیت چکی ہے، جمہوریت کی راہ میں روڑے اٹکانے والے ناکام ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے 9 مئی کو ملک میں آگ لگائی اب وہ معیشت کو آگ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کی یہ کوشش بھی ناکام ہوگی، پہلے بھی قومی اسمبلی کا ممبر رہ چکا ہوں، ملک اور قوم کی خدمت کریں گے۔

آئی ایم ایف کو خط ملک میں بحران پیدا کرنے کی کوشش ہے: عطا تارڑ
ادھر نومنتخب لیگی رکن قومی اسمبلی عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ مخالفین نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، خط میں کاش لکھ دیتے کہ میں قیدی ہوں اور کرپشن کیسز میں اندر ہوں، پہلے امریکی سازش اور اب امریکا سے مدد، آپ کی پالیسی ہے کیا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ آئی ایف ایم کوخط لکھ کر ملک میں بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں، یہ اقدام ملک کے خلاف اور ذاتی انا کی تسکین ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں