لاہور میں شادی ہالز، شاپنگ مالز، ہوٹلز، مارکیٹوں پر صفائی ٹیکس لگانے کی تیاریاں

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں شادی ہالز، شاپنگ مالز، ہوٹلز، کمرشل مارکیٹوں پر صفائی ٹیکس لگانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔

ہاؤسنگ سوسائیٹز، انڈسٹریز اور گودام بھی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ٹیکس ریڈار پر آگئے، ٹیکس وصول کرنے کی سمری تیار کر لی گئی، ایل ڈبلیو ایم سی 97 ہزار کمرشل یونٹس سے صفائی ٹیکس وصول کر رہا ہے، ایل ڈبلیو ایم سی 5لاکھ 50ہزار کمرشل یونٹس پر صفائی ٹیکس لاگو کرے گا۔

تیار کی گئی سمری کے مطابق ایک مرلہ دکان پر سالانہ 1 ہزار روپے ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز دی گئی، 2 سے 5 مرلہ دکان پر سالانہ 2 ہزار روپے صفائی ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز دی گئی، بنک، کمرشل مارکیٹوں سے 48 سو روپے سالانہ صفائی ٹیکس لینے کی تجویز دی گئی۔

سمری میں شادی ہالز، برانڈ شاپ، شاپنگ مال، پرائیویٹ کلینک پر 72سو روپے صفائی ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز دی گئی، ہوٹل، ریسٹورنٹس، انڈسٹریل یونٹس پر 9 ہزار 6 سو روپے صفائی ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز دی گئی، ٹیکس نو زونوں میں آؤٹ سورس اکٹھا کرانے کی تجویز دی گئی۔

مال روڈ، ہال روڈ، شادمان، مون مارکیٹ، گلشن راوی، گلبرگ، لبرٹی، ایم ایم عالم روڈ، گارڈن ٹاؤن، شاہ عالم مارکیٹ، ٹاؤن شپ، فیصل ٹاؤن کی بڑی مارکیٹوں کو صفائی ٹیکس کی اے کیٹگری میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی۔

سمری میں بتایا گیا ابتدائی مرحلے میں صفائی ٹیکس لاگو ہونے پر 22 ارب 28 کروڑ روپے اکٹھا ہوں گے، ذرائع کے مطابق کمرشل صفائی ٹیکس لاگو کرنے کی تجاویز کی سمری پر وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی جائے گی، صفائی ٹیکس وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے مشروط ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں