قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہو گا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہو گیا، مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق اور سنی اتحاد کونسل کے عامر ڈوگر کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سپیکر کیلئے پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ اور جنید اکبر مدمقابل ہیں، قومی اسمبلی اجلاس میں حلف نہ اٹھانے والے ارکان کی آج حلف برداری ہوگی جس کے بعد سپیکر کا انتخاب ہو گا، وزیر اعظم کا انتخاب 3 مارچ اتوار ہو گا، وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی کل تک جمع کروائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ اور دیگر جماعتوں نے ایم کیو ایم سے سپیکر، ڈپٹی سپیکر کیلئے حمایت مانگ لی

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے سپیکر، وزیر اعظم اور صدر کے الیکشن کا حصہ نہ بننے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسمبلی نہیں کوئی اور چیز ہے، ہم ووٹ کا حق استعمال نہیں کریں گے بلکہ اپوزیشن میں بیٹھ کر عوام کی نمائندگی کریں گے، اسمبلی پانچ سال پورے کرتی نظر نہیں آتی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے 336 میں سے 302 ارکان نے حلف اٹھا لیا، جس کے بعد ارکان نے حاضری لگائی، حلف لینے والوں میں نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو، فضل الرحمان، حمزہ شہباز، خواجہ آصف، بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت، علی محمد خان، میاں اظہر اور دیگر ارکان قومی اسمبلی شامل ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں