اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کا اعلامیہ، 13 نکات پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، اپوزیشن جماعتوں نے 13 نکات پر اتفاق کیا۔

جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا اجلاس میں پی ٹی آئی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، بی این پی مینگل کے سربراہان نے شرکت کی، جماعت اسلامی، سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم کے سربراہان بھی شریک ہوئے، اپوزیشن جماعتوں کا آئین کی بحالی، صاف شفاف انتخابات کے بعد جمہوریت کی بحالی پر اتفاق ہوا۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا اپوزیشن جماعتوں کا عدلیہ کی آزادی، سویلین اداروں کی بالادستی پر اتفاق ہوا، نظام جمہوریت اور سیاست مداخلت کی وجہ سے مفلوج ہوچکی ہے، غیر آئینی بالادست سیاسی کردار کی وجہ سے عوام اور ریاست میں فاصلے پیدا ہوچکے ہیں۔

جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا سیاسی قیادت نے آئین و جمہوریت کی بحالی کیلئے کردار ادا نہ کیا تو ملک کے مستقبل کو خطرات ہوں گے، اپوزیشن جماعتوں نے بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی ورکروں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا، آئین کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

اپوزیشن جماعتوں نے 8 فروری کے انتخابی نتائج کو مسترد کردیا، اپوزیشن اتحاد نے مطالبہ کیا کہ ملک میں فی الفور نئے صاف شفاف منصفانہ انتخابات کرائے جائیں، انتخابی اصلاحات کی جائیں جن میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہ ہو۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں